برطانیہ میں سال کا گرم ترین دن؛ شہریوں کے پسینے چھوٹ گئے

لندن: برطانیہ میں پیر کے روز سال کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جب درجہ حرارت 34.8 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا اور گرمی سے بے حال شہری بڑی تعداد میں ساحل، واٹر پارک اور سوئمنگ پول پہنچ گئے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق محکمۂ موسمیات نے یلو وارننگ جاری کرتے ہوئے پیشن گوئی کی ہے کہ آئندہ چند روز تک لندن سمیت ملک کے کئی علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔

بیان میں شہریوں کو بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے پانی کی بوتل ہمیشہ ساتھ رکھیں۔ ہلکے کپڑے پہنیں اور سر کو چھتری یا ٹوپی سے ڈھانکے رہیں۔

برطانیہ میں عمومی طور پر موسم سرد رہتا ہے۔ شہریوں کو اتنی گرمی کی عادت نہیں لیکن گوبل وارمنگ نے موسم کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ برس یورپ میں گرمی سے 47 ہزار اموات ہوئی تھیں۔

گلوبل وارمنگ کی وجہ سے غیرمتوقع، بے موسم اور امکان سے زیادہ بارشوں اور گلیشیئر کے پگھلنے سے موسمی تغیرات برپا پو رہے ہیں۔ سردی اور گرمی دونوں کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

مولانا طارق جمیل سے ارشد ندیم کی ملاقات؛ 5 لاکھ روپے انعام

اولمپکس میں پاکستان کے لیے تاریخ میں پہلی بار انفرادی طور پر گولڈ میڈل جیتنے والے جیولین تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم نے معروف عالم دین طارق جمیل سے ملاقات کی۔

مولانا طارق جمیل کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹوں میں ان کی ارشد ندیم کے ساتھ ملاقات کا احوال بتایا گیا ہے۔ اس ملاقات میں ارشد ندیم کافی خوش نظر آرہے ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے اُٹھ کر ارشد ندیم کا استقبال کیا، گلے لگایا، شاباشی دی اور اپنے ساتھ بٹھایا۔ دونوں کافی دیر تک گفتگو بھی کرتے رہے۔

عالم دین مولانا طارق جمیل نے ارشد ندیم کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کو 5 لاکھ روپے نقد انعام بھی دیا۔

یہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو صارفین نے مولانا طارق جمیل کے حسن سلوک کی تعریف کی اور ارشد ندیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

یاد رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس میں ہونے والے اولمپکس گیمز میں جیولین تھرو کے فائنل میں92.97 میٹر دور پھینک کر 118 سالہ ریکارڈ توڑا اور پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

جس کے بعد سے ارشد ندیم پر انعامات کی بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف، وزرائے اعلیٰ پنجاب اور سندھ سمیت متعدد اداروں اور تنظیموں کی جانب سے کروڑوں روپے انعامات دیے گئے ہیں۔

بنگلادیش؛ عدالت کے حکم پر شیخ حسینہ کیخلاف قتل کی تحقیقات کا آغاز

ڈھاکا: بنگلا دیش کی عدالت نے ایک شہری کی درخواست پر مستعفی وزیراعظم شیخ حسینہ، سابق وزیر داخلہ، عوامی لیکگ کے مقامی رہنما اور 4 پولیس افسران کے خلاف قتل کے مقدمے پر تحقیقات کا حکم دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حالیہ احتجاجی تحریک کے دوران فائرنگ میں مارے گئے ایک دکاندار کے لواحقین کی جانب سے وکیل مامون میاں نے عدالت سے مقدمہ دائر کرنے کا حکم نامہ حاصل کیا اور تھانے پہنچ گئے۔

عدالت کے حکم پر پولیس نے شیخ حسینہ واجد، اُن کے سابق وزیر داخلہ اسد الزمان خان، عوامی لیگ پارٹی کے جنرل سیکرٹری عبدالقادر اور 4 اعلیٰ پولیس افسران کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔

مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ شیخ حسینہ واجد اور دیگر رہنماؤں کی ایماء پر ان 4 پولیس افسران نے 19 جولائی کو مظاہرین پر گولیاں برسائیں جس کی زد میں آکر میرے موکل جو کہ ایک دکاندار تھے جاں بحق ہوگئے۔

عدلت نے پولیس کو حکم دیا تھا کہ وہ ملزمان کے خلاف قتل کی تحقیقات کا آغاز کریں اور چارج شیٹ عدالت میں جمع کرایں۔

یاد رہے کہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک جاری رہنے والی طلبا تحریک کے دوران 450 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

شیخ حسینہ واجد جو عجلت میں استعفیٰ دیکر سرکاری گھر سے براہ راست ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھارت پہنچی تھیں، اُن کی مشکلات تاحال کم نہیں ہوئی ہیں۔ برطانیہ اور امریکا نے انھیں پناہ دینے سے معذرت کرلی ہے۔

ادھر بھارت بھی شیخ حسینہ کو باور کرا چکا ہے کہ وہ زیادہ عرصے تک ان کی مہمان نوازی نہیں کرسکے گا اور انھیں جلد کسی اور ملک جانا پڑے گا۔

جنرل فیض کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ، پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں، عمران خان

 راولپنڈی: عمران خان نے جنرل فیض کی گرفتاری کو فوج کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں وکلاء رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی، جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھہ نے دیگر وکلاء کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی سے وکلاء ٹیم کی تفصیلی ملاقات ہوئی، بانی پی ٹی آئی نے آج رات پرامن طریقے سے نکلنے کی کال دی ہے اور کہا ہے عوام آزادی کی خاطر آج گھروں سے نکلیں، یہ وقت ہے ملک کی خاطر نکلنا ہے۔

انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، نوجوانوں کی امید ختم ہورہی ہے، بنگلہ دیش سے برے حالات پاکستان میں ہیں، ارباب اختیار ہوش کے ناخن لیں، قاضی فائز عیسیٰ کو اب پیچھے ہٹ جانا چاہیے، ہماری تین نشستیں کل چھینی گئی ہیں۔

انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جنرل فیض کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے، پی ٹی آئی کا جنرل فیض کی گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں، یہ بات بالکل واضح ہے جنرل فیض سے ان کا کوئی سیاسی تعلق نہیں تھا، جنرل باجوہ نے نواز شریف سے ڈیل کرکے جنرل فیض کو تبدیل کیا تھا۔

انتظار پنجوتھہ کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اگر جنرل فیض کی گرفتاری کا تعلق نو مئی سے ہے اور ان کا نو مئی میں کوئی کردار ہے تو یہ بہت اچھا موقع ہے اس کے لئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور نو مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔

نیا توشہ خان کیس: عمران اور بشریٰ بی بی کی گرفتاری کیخلاف درخواست سماعت کیلیے مقرر

  اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ نئے کیس میں گرفتاری کے خلاف درخواست 15 اگست کو سماعت کے لیے مقرر کردی۔

رجسٹرار آفس سے جاری کردہ کاز لسٹ کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست کی سماعت کریں گے۔ نیب کے ابتدائی طلبی کے نوٹسز کے خلاف درخواست بھی سماعت کے لیے یکجا کر دی گئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے گزشتہ سماعت کی تھی۔ جسٹس ارباب طاہر کے چھٹیوں پر ہونے کے باعث جسٹس بابر ستار بنچ کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان سے سعودی عرب کے گہرے تعلقات ہیں، سعودی سفیر

 لاہور: پاکستان میں سعودی عرب کےسفیرنواف المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت کے پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں۔

۔سعودی سفیر نواف المالکی نے لاہور میں  علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  دونوں ممالک سیاسی ، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کے حوالے سے زبردست رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ پاکستان کی حکومت ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کررہی ہے۔

سعودی سفیر نے مزید کہا کہ سعودی اور پاکستانی بھائی بھائی ہیں۔ ہم آئندہ بھی ان تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ پاکستانی اور سعودی عوام کے لیے یہ ملاقات نہایت مفید ہے۔

بلاول بھٹو کیخلاف نازیبا بیان؛ سندھ حکومت نے شیخ رشید کیخلاف مقدمہ کا اخراج چیلنج کردیا

  اسلام آباد: سندھ حکومت نے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا بیان دینے پر شیخ رشید پر درج مقدمہ خارج ہونے کا اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا 25 جون کا فیصلہ خلاف قانون ہے جسے کالعدم قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیمبر میں سماعت کرکے جج نے اپنا مائنڈ اپلائی نہیں کیا، شیخ رشید نے میڈیا کے سامنے بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کر کے پارٹی ورکرز کو اشتعال دلایا، بلاول بھٹو ایک بڑی سیاسی جماعت کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ ہیں ان کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال ملک میں صورتحال کی خرابی کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کا مقدمہ خارج کرنے کا فیصلہ خلاف قانون ہے اور مزید تحقیقات کا تقاضا کرتا ہے، ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کیا ہے، ایک جرم سرزد ہونے کی صورت میں اس کے دوسرے مقام پر اثرات کی بنیاد پر کارروائی ہو سکتی ہے مگر اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

پی ٹی آئی کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کی دہشتگردی مقدمے میں ضمانت منظور، رہائی کا حکم

  اسلام آباد: تحریک انصاف کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی دہشت گردی کے مقدمے میں ضمانت منظور ہوگئی۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی ، جس میں عدالت نے پی ٹی آئی کےانٹر نیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی دہشت گردی کے مقدمے میں درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی۔

دوران سماعت احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ اپنے وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں۔ وکیل نے اپنے دلائل میں بتایا کہ احمد وقاص کو گھر سے اٹھایا گیا اور کلاشنکوف برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کا بعد میں علم ہوا۔ 2 روز حبس بے جا میں رکھاگیا۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ یہ کوئی میڈیا سے ہیں؟، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ میڈیا سے نہیں،پی ٹی آئی کے انٹرنیشنل کوآرڈینیٹر ہیں۔ عدالت میں کیس کیا تو مقدمے کا علم ہوا اور احمد وقاص سے متعلق بھی معلوم ہوا۔ رؤف حسن اور دیگر کے ہمراہ گرفتاری ڈالی گئی۔ رؤف حسن ضمانت پر رہاہوگئے۔

عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کیا کہتے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل نے جواب دیا کہ 300 گرام بارود برآمد کرناہے،کلاشنکوف برآمد کرنا ہے۔ استدعا ہے کہ درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔

بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد ازگرفتاری منظور کرلی اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدنان سمیع خان کی 9 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی

 ممبئی: گلوکار اور اداکار عدنان سمیع خان 9 سال بعد بالی ووڈ کی فلم کے لیے گانا گائیں گے۔

بالی ووڈ انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ کے مطابق عدنان سمیع خان کی 9 سال بعد فلموں میں واپسی ہوگئی۔ عدنان سمیع خان آنے والی ہارر فلم ‘ قصور’ کے لیے رومینٹک گانا ریکارڈ کروائیں گے۔ عدنان سمیع خان کے ساتھ  بھارتی گلوکارہ پائل دیو بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔

عدنان سمیع خان کے گانے میں لوگ  اداکار آفتاب شیوڈیسانی، اروشی روٹیلا اور مشہور پنجابی سنگر جسی گل کو دیکھ سکیں گے۔ عدنان سمیع خان کے رومینٹک گانے کے لیے ممبئی کے اسٹوڈیوز میں ایک شاندار سیٹ لگایا گیا۔ گانے کی شوٹنگ اگلے ہفتے ہوگی۔ فلم کے پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ عدنان سمیع خان کی ہماری فلم سے بالی ووڈ میں واپسی ہم سب کے لیے خوشی کا باعث ہے۔ لوگ عدنان سمیع خان کی خوبصورت آواز کو پسند کرتے ہیں اور اس بار بھی انہیں مایوسی نہیں ہوگی۔

اس سے قبل عدنان سمیع خان نے 2015 میں سلمان خان کی فلم ‘بجرنگی بھائی جان’ کے لیے قوالی  ‘ بھر دوجھولی ‘ ریکارڈ کروائی تھی۔

بنگلا دیشی وزیراعظم کو اقتدار سے ہٹانے میں کوئی کردار نہیں، امریکا

 واشنگٹن: امریکا نے بنگلا دیشی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو گرانے کے الزام کی تردید کی ہے۔

عالمی خبر ساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کرین جین پیئر نے پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا کہ بنگلا دیشی عوام کو اپنی حکومت کے مستقبل کا تعین کرنا چاہیے اور امریکا کسی بھی ملک کے عوام کی اکثریتی رائے کے ساتھ کھڑا ہے۔

ترجمان وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ بنگلادیش میں حکومت مخالف طلبا تحریک اور اس کے نتیجے میں شیخ حسینہ واجد کے خاتمے میں امریکا کے کردار سے متعلق افواہیں بے بنیاد اور مکمل جھوٹ ہیں۔

یاد رہے کہ 76 سالہ حسینہ واجد نے اپنی حکومت کے خاتمے کا الزام امریکا پر عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ہوائی اڈے کے لیے جزیرہ نہ دینے کی پاداش میں امریکا نے اقتدار سے ہٹوایا۔

قبل ازیں حسینہ واجد کے بیٹے اور سابق حکومتی مشیر سجیب واجد جوائے نے الزام لگایا تھا کہ ایک غیر ملکی فورس ان کی والدہ کی حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کی حمایت کر رہی ہے۔