وزیر داخلہ محسن نقوی کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو

اسلام آباد / لندن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی لندن میں برطانوی کی وزیر داخلہ یوویٹ کوپر سے ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور کریمنلز مقدمات میں قانونی معاونت پر بات چیت کی گئی۔

ملاقات میں موثر بارڈر مینجمنٹ اور غیر قانونی امیگرنٹس کے سدباب کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستانی پولیس افسران کی برطانیہ میں ٹریننگ کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے برطانوی وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر یوویٹ کوپر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ خوشی ہوگی کہ پاکستانی پولیس افسران باقاعدہ برطانیہ میں ٹریننگ حاصل کریں، اس ضمن میں برطانیہ کے تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔ غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے باہمی اشتراک کار بڑھانا ضروری ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اور ترقی پذیر ممالک کو اس حوالے سے مشترکہ اقدامات اٹھانے چاہئیں، برطانیہ کے ساتھ بارڈر مینجمنٹ، کریمنلز مقدمات میں لیگل معاونت اور غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے حوالے سے تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے تشدد پر اکسانے والوں کے لیے کوئی معافی نہیں ہونی چاہیے، عوام کو پر تشدد واقعات پر اکسانے والے قابل مذمت ہیں۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے

پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان اولمپئین ارشد ندیم آج شام اعظم ہاؤس میں شہباز شریف سے ملاقات کریں، اس موقع پر وزیراعظم اولمپئین کو بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے انعامی رقم کا اعلان بھی متوقع ہے جبکہ پُر تکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

متنازعہ مبارک ثانی کیس کا متنازعہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے، جے یو آئی

اسلام آباد: جے یو آئی نے کہا ہے کہ متنازعہ مبارک ثانی کیس کا متنازعہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔

عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس قانون تحفظ ناموس رسالت آج اسلام آباد میں ہوگی جس میں ملک بھر کی دینی قیادت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمائندے شریک ہونگے ۔ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کانفرنس کی صدارت کریں گے۔

ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حالیہ متنازعہ مبارک ثانی کیس کے اثرات و مضمرات پر غور و خوض ہوگا۔ متنازعہ فیصلہ اسلام اور آئین پاکستان کے خلاف ہے جس سے پاکستان کے مسلمانوں میں بے چینی اور اضطراب پیدا ہوا ہے۔

اسلم غوری نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، حضورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور قرآن کریم کا تحفظ ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے۔

بی ایل ایف میں پھوٹ پڑگئی، مطلوب دہشتگرد شمبین اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان لبریشن فرنٹ (بی ایل ایف) کا انتہائی مطلوب دہشت گرد سرغنہ شمبین عرف شہک اپنے ہی ساتھی کے ہاتھوں مارا گیا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان لبریشن فرنٹ ( بی ایل ایف ) میں پڑنے والی اندرونی پھوٹ کھل کر سامنے آنا شروع ہوگئی ہے۔ بھارتی فنڈنگ سے قائم دہشت گرد گروہ بی ایل ایف کا اہم سرغنہ شمبین عرف شہک کو اس کے اپنے ہی ساتھی نے ہلاک کردیا۔ شمبین عرف شہک بی ایل ایف کا اہم ترین کمانڈر تھا جو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ بی ایل ایف اور دیگر بھارتی فنڈنگ سے بنے دہشت گرد گروپوں میں فنڈنگ اور اختیارات کی جنگ شدت اختیار کر چکی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ شمبین عرف شہک فورسز پر حملوں اور ہتھیار ڈالنے والے پرانے ساتھیوں کے قتل میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ شمبین عرف شہک بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز پر کئی حملوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔

پختونخوا؛ آن ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ

 پشاور: خیبر پختونخوا میں آن ڈیوٹی شہید اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔صوبائی حکومت کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت پولیس،ریسکیو سمیت دیگر صوبائی محکموں کے آن ڈیوٹی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہل خانہ کو مفت پلاٹس دیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ کی زیرصدارت محکمہ ہاؤسنگ کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاک فوج اور ایف سی کے شہدا کے ورثا کو بھی پلاٹس دیے جائیں گے۔ اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پلاٹس الاٹمنٹ کا آغاز مختلف سرکاری ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب 500 پلاٹس سے کیا جائے۔ شہداء کے ورثا کو پلاٹس دینے کا مقصد خاندانوں کی معاشی سپورٹ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہدا نے ہمارے محفوظ مستقبل کے لیے جو قربانیاں دی ہیں ان کا کسی صورت بدلہ نہیں چکایا جا سکتا۔وزیراعلیٰ نے ہنگو، نوشہرہ، پشاور، سوات اور ایبٹ آباد میں واقع ہاؤسنگ اسکیموں میں دستیاب پلاٹوں سے شہدا کے خاندانوں کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ جلد کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی امجد علی، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے اور دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے۔

شاہین کی ورک لوڈ مینجمنٹ؛ سعود شکیل سوال حذف کرگئے

قومی ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل نے بنگلادیش اے کیخلاف میچ سے قبل فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے ورک لوڈ سے متعلق سوال پر حذف کردیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران قومی ٹیم کے نائب کپتان سعود شکیل سے پریس کانفرنس میں شاہین شاہ آفریدی کے ورک لوڈ مینجمنٹ سے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ شاہین ہی آپ کو اس بارے میں بہتر بتا سکتے ہیں، البتہ وہ ہمارے اہم بولر ہیں، انکے حوالے سے ٹیم انتظامیہ وہی فیصلہ کرے گی کہ جو فاسٹ بولر کیلئے بہتر ہوگا۔

بعدازاں رپورٹر نے نشاندہی کی کہ سعود بھائی آپ نائب کپتان ہیں اور شاہین آپکے گروپ کا حصہ ہیں۔

سعود بنگلادیش ‘اے’ کے خلاف اپنے پہلے چار روزہ میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔

شاہینز کے اسکواڈ میں قومی ٹیسٹ ٹیم کے پلئیرز کی شمولیت بھی متوقع ہے، جن میں کامران غلام، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، صائم ایوب اور سرفراز احمد کھیلتے دیکھائی دے سکتے ہیں۔

پاکستان شاہینز کا اسکواڈ:

سعود شکیل (کپتان)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد رمیز جونیئر، محمد ہریرہ، نسیم شاہ، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سعد خان، صائم ایوب، ثمین گل، سرفراز احمد (وکٹ کیپر ) اور عمر امین۔

واضح رہے کہ بنگلادیش کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈ کے اعلان کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے شاہین کی جگہ سعود شکیل کو قومی ٹیم کے نائب کپتان بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس قوم کو میرے جیسا دوسرا نہیں ملے گا، خلیل الرحمان قمر

 لاہور: رائٹر اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کا کہنا ہے کہ اس قوم کو دوسرا خلیل الرحمن قمر نہیں ملے گا۔نجی چینل کو انٹرویو میں خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ بلھے شاہ بھی ایک ہی تھا ، سعادت حسن منٹو بھی ایک ہی تھا اور خلیل الرحمن قمر بھی ایک ہی ہے۔ اس قوم کو مجھ جیسا دوسرا نہیں ملے گا۔ اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد دل برداشتہ ہو گیا ہوں۔خلیل الرحمن نے مزید کہا کہ وہ اب سوچ رہے ہیں کہ اس ملک میں مزید رہنا چاہیے یا نہیں۔ آج تک کبھی اس مٹی اور زمین سے نفرت نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی ایسا سوچا۔ خدا سے دعا ہے کہ ہمت عطا کرے کیونکہ میں اس مٹی کے بغیر نہیں رہ سکتا۔ڈرامہ نگار کا مزید کہنا تھا کہ اغوا کاروں نے انہیں 7 گھنٹے تک یرغمال بنا رکھا تھا، انہیں متعدد بار کلمہ پڑھوا کر انہیں گولیاں بھی ماری گئیں۔ ایک گولی ان کے پاؤں کے قریب گری لیکن انہیں نہیں لگی۔ شاید گولی چلانے والے نے اپنی مرضی سے درست انداز میں انہیں نشانہ نہیں بنایا۔خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث لوگ پس رہے ہیں۔ ایسے حالات میں ان کے پاس صرف دو ہی چوائسز اپنی یا کسی اور کی چمڑی بیچیں۔ میں نہیں چاہتا کہ  ضرورت کے ہاتھوں مجبور ہوکر کوئی بچی فروخت ہوجائے۔ میں اس بات پر خوش ہوں کہ انہیں بیچ کر لوگ پیسے کما رہے ہیں۔

گولڈ میڈل جیتنے والی آسٹریلوی اتھلیٹ کی والدین سے انوکھی فرمائش

پیرس اولمپکس میں آسٹریلیا کو اسکیٹ بورڈنگ مقابلے میں گولڈ میڈل جتوانے والی اتھلیٹ نے والدین سے انوکھی فرمائش کرڈالی۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی اسکیٹ بورڈر 14 سالہ اریسا ٹریو نے 7 اگست کو تاریخ رقم کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتنے والی سب سے کم عمر آسٹریلوی ایتھلیٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں اریسا ٹریو نے بتایا کہ ان کے والدین نے وعدہ کیا تھا کہ اگر وہ گولڈ میڈل جیتی تو اسے تحفے میں پالتو بطخ دی جائے گی۔
اریسا ٹریو کا کہنا تھا کہ بطخیں بہت پیاری ہوتی ہیں اور میں ایک بطخ پالنا چاہتی ہوں، والدین مجھے کتا یا بلی کبھی پالنے نہیں دیں گے کیونکہ ہم لوگ آج کل بہت سفر کر رہے ہیں لیکن مجھے لگتا ہے کہ بطخ پالنا آسان ہوگی، پتا نہیں کیوں مجھے بطخ ہی چاہیے۔

پاکستان کا 77 واں یوم آزادی، ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی نائٹ پریڈ ہوگی

راولپنڈی: پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر آج رات پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں آزادی نائٹ پریڈ کاانعقاد کیا جائے گا۔

آزادی پریڈ 13 اور 14اگست کی درمیانی شب منعقد کی جائے گی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر آزادی پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈٹس اپنے مخصوص انداز میں ڈرل پریڈ کی مہارت کا شاندارمظاہرہ پیش کریں گے۔ اس موقع پر سرزمین پاکستان اور مادرِ وطن کے شہداء کو خصوصی خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

اداکارہ نمرہ خان نے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی، واقعہ بتاتے ہوئے رو پڑیں

کراچی: اداکارہ نمرہ خان نے مزاحمت کرکے اپنے اغوا کی کوشش ناکام بنا دی۔

نمرہ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں انکشاف کیا کہ ایک روز قبل انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی جسے انہوں نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔ اداکارہ واقعے کی تفصیل بتاتے ہوئے رو پڑیں۔

نمرہ خان کے مطابق وہ ایک ہوٹل کے باہر اپنی گاڑی کا انتظار کررہی تھیں کہ 3 مسلح افراد نے ان کے قریب گاڑی روکی اور اسلحے کے زور پر انہیں زبردستی کھینچ کر گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کی۔ نمرہ خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے خود مزاحمت کی اور فٹ پاتھ پر بھاگنا شروع کردیا جبکہ قریب موجود افراد میں سے کسی نے مجھے بچانے کی کوشش نہیں کی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افراد نے تعاقب کیا اور وہ مجھے گولی بھی مار سکتے تھے۔ سڑک سے گزرنے والی ایک گاڑی کو روکا اوراس میں موجود فیملی نے اور ہوٹل کے اسٹاف نے میری مدد کی۔ میرا تمام پاکستانیوں سے سوال ہے کہ کیا جب پاکستان میں خواتین محفوظ نہیں تو ہمیں یوم پاکستان اس طرح منانا چاہیے۔ میرا سب سے سوال ہے کہ کیا آپ کہہ سکتے ہیں کہ آپ کی بہن، بیوی، بیٹی اور والدہ پاکستان میں محفوظ ہیں۔ اس کا جواب نہیں میں ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے اداکارہ نمرہ خان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے اغوا کی کوشش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔