چیف جسٹس کو توسیع اور مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہ ماننے پر احتجاج کریں گے، عمران خان

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا اور چیف جسٹس کو توسیع دینے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ ہمارے حالات بنگلا دیش سے زیادہ برے ہیں۔ حسینہ واجد نے ارمی چیف،چیف جسٹس اور پولیس چیفس اپنے لگائےہوئےتھے اور جماعت اسلامی سمیت تمام اپوزیشن کو دیوار سے لگایا تھا۔ یہ ساری چیزیں پاکستان میں بھی ہوئی ہیں اور ہو رہی ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن سے پہلے 9 مئی کے نام پر ہماری پارٹی پر کریک ڈاؤن کیا گیا۔ جنہوں نے 9 مئی کی فوٹیج چرائی انہوں نے ہی 9 مئی کیا۔ ہماری آدھی لیڈرشپ کو پکڑ کر جیل میں ڈالا اور آدھی لیڈرشپ انڈر گراؤنڈ ہوگئی باقیوں سے ویگو ڈالا کے ذریعے پارٹی چھڑوا دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن ملے ہوئے تھے۔ آرمی چیف نے ان کی سپورٹ کی تھی لیکن 8 فروری کو ان کا ساراپلان ناکام ہو گیا۔ میرے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کا سن کر ان کی کانپیں ٹانگ جاتی ہیں۔ حکومت نے اگر مخصوص نشستوں کا فیصلہ نہیں مانا اور چیف جسٹس کو ایکسٹینشن دینے کی کوشش کی تو ہم احتجاج کریں گے۔

بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ بنگلا دیش میں جب لوگ باہر نکلے تو فوج نے اپنے عوام پر گولی چلانے سے انکار کر دیا۔ حسینہ واجد نے طالب علموں پر جو ظلم کیا وہ بیک فائر ہو گیا۔ بنگلا دیش اور پاکستان کے حالات مختلف نہیں۔ ظلم کے باوجود 8 فروری کو ہماری پارٹی جیتی۔ اس وقت پی ٹی ائی کے ساتھ 90 فیصد عوام ہے۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے الیکشن میں بڑا فراڈ کیا ہے اپ ان کو خدشہ ہے حلقے کھلیں گے تو ان کی ساری چوری کھل جائے گی۔ یہ اسی لیے ٹریبونلز میں اپنے ججز کو بٹھانا چاہتے ہیں۔ ان کو معلوم ہو گیا ہے اتنا بڑا فراڈ چھپ نہیں سکتا۔ مخصوص نشستیں ہمیں نہیں دے رہے۔ راولپنڈی کے سابق کمشنر نے کہا کہ 70،70 ہزار سے جیتنے والوں کو ہروایا گیا۔ پہلے انہوں نے دو صوبوں میں الیکشن نہ کروا کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے اوراب سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درامد نہ کر کے دوبارہ آئین شکنی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی پارٹی کواسٹریٹ مومنٹ کا نہیں کہا 9 مئی سے قبل بھی پرامن احتجاج کی کال نہیں تھی۔ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کو نہیں مانا گیا تو اسٹریٹ موومنٹ شروع کرنے لگا ہوں۔ میں سمجھ رہا تھا ملکی معیشت خراب ہے احتجاج نہیں کرنا چاہیے۔ موجودہ حکومت دو تہائی اکثریت کو قائم کر کے آئین میں تبدیلی کرنا چاہتی ہے تاکہ دوبارہ قاضی فائزعیسی کو چیف جسٹس تعینات کر سکے۔ قوم انتظار کر رہی ہے لاوا پک چکا ہے صرف ایک تیلی کی ضرورت ہے سب تباہ ہو جائے گا۔ یہ جو مرضی کر لیں پاکستانی فوج عوام پر گولی نہیں چلائے گی۔ میں ان کو خبردار کر رہا ہوں خوف کا بت ٹوٹ چکا ہےاب لوگ جیلوں میں جانے اور جان دینے کو تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس سائفر کی شکل میں امریکا کے خلاف ایف ائی ار موجود ہے مجھے نہیں پتہ حسینہ واجد کی کے پاس کیا معلومات ہے۔ ایک سوال کے جواب میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ االیکشن کمیشن نے فراڈ کیا ہے ہم اس سے امید کریں کہ وہ انصاف دیں گے ہم نے اس لیے اسٹے حاصل کر رکھا ہے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کو روکنے کے لیے انہوں نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کی ہے اور اب یہ ائین میں بھی ترمیم کرکےدو تہائی اکثریت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمارے مطالبات مسترد کرنا ہیں تو کردیں ۔ آپ نے بات نہیں کرنی نہ کریں مجھے کوئی جلدی نہیں۔ پی ٹی آئی کی مقبولیت بڑھتی جا رہی ہے.

مرضی کے فیصلوں کیلئے حکومت عدلیہ کو دبارہی ہے، عمر ایوب

سرگودھا: پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ مرضی کے فیصلوں کے لیے حکومت عدلیہ کو دبارہی ہے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور پنجاب کے اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئی جہاں کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ جعلی حکومت عوام پر قبضہ جمائے بیٹھی ہے، مہنگائی کم ہونے کی بجائے مزید بڑھے گی، حکومت عدلیہ کو دبانے کے لیے کوشاں ہے تاکہ اپنی مرضی کے فیصلے لیے جاسکیں، کرپٹ ترین حکومت ہے ن لیگ ہر ممکن ہمارے لوگوں کو دبانے کے لیے کوشاں ہے۔انہوں ںے کہا کہ فارم 47 کے پیداوار حکمرانوں سے معاملات نہیں چلائے جا رہے، عوام کی مشکلات میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب کے عوام مہنگائی کی وجہ سے خود کشیوں پر مجبور ہیں۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ سندھ کے حالات ابتر ہیں جہاں جرائم کی شرح بڑھ چکی ہے۔

ودہولڈنگ ٹیکس، تاجر دوست اسکیم کیخلاف جوڑیابازار کے تاجر 13اگست کو احتجاج کریں گے

کراچی: ود ہولڈنگ ٹیکس اور تاجر دوست اسکیم کے خلاف کراچی کے جوڑیا بازار کے تاجر 13 اگست کو احتجاج کریں گے۔

ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین روف ابراھیم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڑیا بازار کی تمام دکان دار، ہول سیلرز، امپورٹرز منگل کو ایک بجے کاروبار بند کرکے ریلی کی صورت میں کراچی چیمبر آف کامرس کے دفتر جائیں گے۔ احتجاجی ریلی جوڑیا بازار سٹی کورٹ سے شروع ہوکر کراچی چیمبر پہنچے گی۔

روف ابراھیم نے کہا کہ چھوٹے تاجر ملک کے اہم اسٹیک ہولڈر ہیں لیکن انہیں کوئی اہمیت نہیں دی جارہی ہے اور نہ ہی کراچی چیمبر آف کامرس کے ذمہ دار انکے مسائل سن کر انہیں حل کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی چیمبر کو ہماری آواز سننی چاہیئے۔ دالوں اجناس کے تاجر ود ہولڈنگ ایجنٹ نہیں بن سکتے جس کے خلاف کراچی چیمبر آف کامرس کو ہمارا ساتھ دینا چاہیے۔

ساتویں تائیکوانڈو چیمپیئن شپ؛ سوات کے عامر خان نے گولڈ میڈل جیت لیا

بنکاک: ساتویں تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان کے عامر خان نے گولڈ میڈل جیت کر بنکاک میں سبز ہلالی پرچم سر بلند کر دیا۔عامر خان نے بنکاک میں ساتویں ہیروز تائیکوانڈو چیمپیئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے بھارت، نیپال اور فلپائن کے کھلاڑیوں کو ہرا کر گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔عامر خان کا تعلق سوات کے علاقے مینگورہ سے ہے۔ انہوں نے گولڈ میڈل سوات کے عوام کے نام کیا ہے۔

ایران کے نائب صدر 10 روز بعد ہی مستعفی ہوگئے

تہران: ایران کے نائب صدر برائے اسٹریجک امور جواد ظریف نے اپنی تقرری کے محض 10 دن بعد ہی استعفیٰ دیدیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کے سابق وزیر خارجہ اور موجودہ نائب صدر محمد جواد ظریف نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔جواد ظریف نے مستعفی ہونے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہا کہ میں شرمندہ ہوں کہ کابینہ میں خواتین، نوجوانوں اور نسلی گروہوں کی نمائندگی کو یقینی بنانے کا اپنا وعدہ نہ نبھا سکا۔مستعفی نائب صدر جواد ظریف نے کابینہ کے انتخاب میں اپنی ناکامی کو تسلیم کرتے ہوئے بتایا کہ امیدواروں کے چناؤ میں مہذب طریقے لاگو نہیں کروا سکا اور  وہ نتائج حاصل نہیں کر سکا جس کا میں نے وعدہ کیا تھا۔

سجل اور ہانیہ عامر میں زیادہ خوبصورت کون؟ وسیم عباس نے بتا دیا

  کراچی: پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر اور سجل علی کی خوبصورتی پر تبصرہ کردیا۔

حال ہی میں وسیم عباس نے معروف کامیڈین تابش ہاشمی کے شو ‘ہنسنا منع ہے’ میں بطورِ مہمان شرکت کی، شو میں جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی تو وہیں میزبان کے چند دلچسپ سوالات کے جواب بھی دیے۔

کامیڈی شو کے ایک سیگمنٹ کے دوران میزبان تابش ہاشمی نے سجل علی اور ہانیہ عامر کی خوبصورتی کا موازنہ کرتے ہوئے وسیم عباس سے پوچھا کہ ان دونوں اداکاراؤں میں زیادہ خوبصورت کون ہے؟

اس سوال کے جواب میں وسیم عباس نے بلاجھجک ہانیہ عامر کا نام لیتے ہوئے اُنہیں سجل علی سے زیادہ خوبصورت اداکارہ قرار دیا۔

تابش ہاشمی نے وسیم عباس سے پوچھا کہ کیا ہمایوں سعید، عدنان صدیقی سے زیادہ بہتر اداکار ہیں؟ جس پر وسیم عباس نے کہا کہ میری نظر میں دونوں ہی کمال اور بہترین اداکار ہیں۔

الیکشن کمیشن احترام کا حق دار ہے مگر کچھ ججز تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں، چیف جسٹس

اسلام آباد: چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ چیئرمین الیکشن کمیشن اور ممبران احترام کے حق دار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے پنجاب کی قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کے معاملے میں فیصلہ جاری کردیا جسے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا ہے۔

اکثریتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حق دار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز اس پہلو کو نظر انداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں جب کہ ہر آئینی ادارہ اور آئینی عہدے دار احترام کا مستحق ہے ادارے کی ساکھ میں اس وقت اضافہ ہوتا ہے جب وہ احترام کے دائرہ کار میں فرائض سر انجام دے۔

بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں عسکریت پسندی میں ملوث نکلی

اسلام آباد: بھارتی فوج مقبوضہ جموں و کشمیر میں عسکریت پسندی میں ملوث نکلی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم پچھلی سات دہائیوں سے جاری ہیں۔

وادی میں تقریباً 8 لاکھ بھارتی فوجی تعینات ہیں جنہوں نے معصوم کشمیریوں کی زندگی کو اجیرن بنا رکھا ہے اور انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ بھارتی فوج براہ راست مقبوضہ وادی کے امن کو تباہ کرنے میں ملوث ہے اور بھارتی فوج کے جوانوں کی سازباز اور ملی بھگت کی وجہ سے وادی میں حالات خراب ہورہے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی سرحدوں پر بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہونے کے باوجود وادی میں دہشت گردی کیسے ممکن ہے؟ فاروق عبداللہ نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں کی تعداد200-300 کے درمیان ہے، جو کہ وادی میں کیسے داخل ہوئے؟ کون ان کا ذمہ دار ہے۔

فاروق عبداللہ نے بھارتی فوج پر الزام عائد کیا کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ میں بھی ملوث ہے اور وادی میں روزانہ لوگ مر رہے ہیں، جس کی ذمہ دار بھارتی فوج ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ پوری قوم کو جواب دے

ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اینٹی اسٹیبلشمنٹ الائنس تشکیل دیں، اے این پی

پشاور: اے این پی نے ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے اینٹی اسٹیبلشمنٹ الائنس تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

مرکزی صدر عوامی نیشنل پارٹی ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے دفاعی ادارے اتنے طاقت ور ہیں جو15 دنوں کے اندر دہشت گردی کا ناسور ختم کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی جماعتیں انتخابات چوری کے خلاف اینٹی اسٹیبلشمنٹ گرینڈ الائنس تشکیل دیں ، اے این پی صف اول میں کھڑی ہوگی۔

چارسدہ میں شہدائے بابڑہ کی یادگار پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 12 اگست 1948ء کو 650 پختونوں نے جمہوریت اور انسانی حقوق کےلیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا،آئین کی پاسداری اور جمہوریت کے لیے اے این پی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات چوری کرنا مسلم لیگ(ن)کے بس کی بات نہیں بلکہ اداروں نے چرائے ہیں، اس لیے گرینڈ الائنس بننا چاہیے اور اے این پی اس میں صف اول کا کردار ادا کرے گی ۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ عوام کے مسائل کے بجائے گرینڈ اپوزیشن الائنس کو قیدی 804 کی رہائی کی فکر ہے۔ حسینہ واجد میں فرعونیت آگئی تھی کیوں کہ وہ طویل عرصہ اقتدار میں رہی ۔ اس نے طاقت کے نشے میں طلبہ پر گولیاں برسائیں، جس کے بعد اس کے خلاف تحریک شروع ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں منظم طریقے سے ایک بار پھر دہشت گردی کی جا رہی ہے۔

ثانیہ زہرہ کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، شوہر اور ساس کے ڈی این اے مل گئے

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ثانیہ زہرہ کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، پھندے کے لیے استعمال کیے گئے دوپٹے میں ساس اور شوہر کے ڈی این اے ملے ہیں۔

چیئرپرسن سوشل پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ جب سے مریم نواز نے حلف لیا تو بطور خاتون و وزیر اعلیٰ خواتین پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کا رویہ دیکھا جا رہا ہے، جس میں خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ورچوئل خواتین پولیس اسٹیشن سے خواتین کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بہت سی خواتین ایس پی، ڈی ایس پی کی شکل میں نظر آرہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ثانیہ زہرہ قتل کیس میں ایک بچی کے قتل کو خود کشی کا رنگ دیا گیا۔ سسرال والوں نے کہا کہ گلے میں خود پھندا لیا۔ اب وہ زمانہ نہیں رہا کہ قتل کو خودکشی کا رنگ دے دیا جائے اور پتا نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی فرانزک لیب میں تحقیقات کی جارہی ہیں ، ویمن پراسیکیوشن سیل بنا رہے ہیں۔

ثانیہ زہرہ کیس میں خود کشی کے ثبوت نہیں ملے۔ نہ گردن میں سوجن، نہ گردن لمبی ہوئی، پولی گرافک ٹیسٹ کیاگیا۔ پھندے کے دوپٹے میں ساس اور شوہر کے ڈی این اے ملے ہیں۔ ثانیہ زہرہ کا قتل پہلے ہی کردیا گیا تھا جسے بعد میں پھندے سے خود کشی قرار دینے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ثانیہ زہرہ کیس میں لوگ کچھ طاقتور ہیں لیکن اب وہ زیادہ دیر تک بچ نہیں پائیں گے۔ خواتین گھروں کے اندر ہوں یا باہر، مریم نواز کی خواتین کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ اگر ہمارے دورِ حکومت میں ظلم ہوا تو ظالم کو سزا ملنی چاہیے۔ مریم نواز کی ہدایت ہے کہ عوامُ کو پیغام دیں کہ بیویوں، بیٹیوں کو غیرت یا گھریلو جھگڑے پر قتل کرکے کارپٹ کے نیچے چھپانے کی کوشش نہ کی جائے۔

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ ثانیہ زہرہ کے قتل کو خودکشی کا رنگ دیا گیا، پھندے کے لیے استعمال کیے گئے دوپٹے میں ساس اور شوہر کے ڈی این اے ملے ہیں۔

چیئرپرسن سوشل پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ جب سے مریم نواز نے حلف لیا تو بطور خاتون و وزیر اعلیٰ خواتین پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم برداشت کا رویہ دیکھا جا رہا ہے، جس میں خواتین کو گھریلو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ ورچوئل خواتین پولیس اسٹیشن سے خواتین کو سہولیات دی جا رہی ہیں۔ بہت سی خواتین ایس پی، ڈی ایس پی کی شکل میں نظر آرہی ہیں۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ثانیہ زہرہ قتل کیس میں ایک بچی کے قتل کو خود کشی کا رنگ دیا گیا۔ سسرال والوں نے کہا کہ گلے میں خود پھندا لیا۔ اب وہ زمانہ نہیں رہا کہ قتل کو خودکشی کا رنگ دے دیا جائے اور پتا نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کی فرانزک لیب میں تحقیقات کی جارہی ہیں ، ویمن پراسیکیوشن سیل بنا رہے ہیں۔

ثانیہ زہرہ کیس میں خود کشی کے ثبوت نہیں ملے۔ نہ گردن میں سوجن، نہ گردن لمبی ہوئی، پولی گرافک ٹیسٹ کیاگیا۔ پھندے کے دوپٹے میں ساس اور شوہر کے ڈی این اے ملے ہیں۔ ثانیہ زہرہ کا قتل پہلے ہی کردیا گیا تھا جسے بعد میں پھندے سے خود کشی قرار دینے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ثانیہ زہرہ کیس میں لوگ کچھ طاقتور ہیں لیکن اب وہ زیادہ دیر تک بچ نہیں پائیں گے۔ خواتین گھروں کے اندر ہوں یا باہر، مریم نواز کی خواتین کے معاملے پر زیرو ٹالرنس پالیسی ہے۔ اگر ہمارے دورِ حکومت میں ظلم ہوا تو ظالم کو سزا ملنی چاہیے۔ مریم نواز کی ہدایت ہے کہ عوامُ کو پیغام دیں کہ بیویوں، بیٹیوں کو غیرت یا گھریلو جھگڑے پر قتل کرکے کارپٹ کے نیچے چھپانے کی کوشش نہ کی جائے۔