لاہور: ماضی کی معروف پاکستانی فلم اسٹار ریشم نے ہدایتکار سید نور پر اُن کا فلمی کیریئر تباہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
ریشم ایک مشہور اور باصلاحیت پاکستانی اداکارہ ہیں جنہوں نے کم عمری میں پاکستان ٹیلی وژن کے ڈراموں سے اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا، ریشم کئی کامیاب ٹی وی اور فلمی پراجیکٹس کا حصہ رہی ہیں جن میں دین، مانجھدار اور امربیل شامل ہیں۔
ان کی فلمیں ‘جیوا’ اور ‘سنگم’ بہت ہِٹ ہوئیں، وہ اشک اور من او سلویٰ جیسے ڈراموں میں بھی کام کر چکی ہیں لیکن گزشتہ کچھ سالوں سے ریشم نے اداکاری کی دُنیا چھوڑ دی ہے اور اب اپنا زیادہ وقت خیراتی کاموں کو دیتی ہیں۔
حال ہی میں ریشم نے کامیڈین و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیریئر اور پاکستان کی سیاست سمیت مختلف مضوعات پر گفتگو کی۔
ریشم نے کہا کہ میں نے حال ہی میں ہدایتکار سید نور کو یہ کہتے ہوئے سنا تھا کہ ریشم ایک بدقسمت اداکارہ ہیں کیونکہ ریشم نے سستے پروڈکشنز میں کام کرکے خود کو تباہ کیا۔