پنجاب سے ن لیگ کے 3 ارکان قومی اسمبلی کی کامیابی کا فیصلہ بحال

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں لیگی امیدواروں کی کامیابی سے متعلق درخواستیں منظور کرلیں۔

سپریم کورٹ میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف لیگی امیدواروں کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کی اپیلیں منظوری کرلیں۔ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 154 لودھراں، این اے 81 گجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان نے 2:1 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ جسٹس عقیل عباسی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔

اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جو احترام کا مستحق ہے، لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے الیکشن کمیشن کے سربراہ اور ممبران سے متعلق غیر ضروری ریمارکس دیے، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار نہیں رکھا جا سکتا۔

عام انتخابات میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے تین آزاد امیدوار این اے 154 سے رانا فراز نون، این اے 81 گوجرانوالہ سے بلال اعجاز اور این اے 79 گوجرانوالہ سے احسان اللہ ورک کامیاب امیدوار قرار پائے تھے۔

ن لیگ کے عبدالرحمان کانجو، اظہر قیوم نارا اور ذوالفقار احمد نے دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن سے رجوع کیا۔ دوبارہ گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے تینوں امیدواروں کو کامیاب قرار دیا۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آزاد اراکین نے لاہور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے تحت چیلنج کیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تینوں امیدواروں کو کامیاب امیدوار قرار دیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف ن لیگ کے اراکین نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔ سپریم کورٹ نے اکثریتی فیصلے کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو بحال کرتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کی اپیلیں منظوری کیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ن لیگ کے تینوں اراکین قومی اسمبلی کامیاب قرار پائے۔

مودی سرکار کی غیرذمہ داری، تابکاری مواد کی چوری اورفروخت کے متواتر واقعات

نئی دہلی: بھارت میں بی جے پی کی حکومت کی غیر ذمہ داری کے باعث بھارتی عوام کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں عام لوگ بھی تابکاری مواد ہاتھ میں لیے گھوم رہے ہیں۔ بھارت میں تابکاری مواد عام شہریوں کی دسترس میں ہونے کی خبروں کے بعد مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں آ گئی۔ حال ہی میں بھارت کی ریاست بہار میں 3مشتبہ افراد سے تابکاری مواد ضبط کیا گیا۔ مشتبہ افراد سے کروڑں کی مالیت کا 50 گرام  تابکاری مواد برآمد کیا گیاسال 2022 میں دو بھارتی شہریوں کو نیپال میں یورینیم مادہغیر قانونی طور پر رکھنے اور فروخت کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی شہریوں نے یہ مواد مبینہ طور پر بھارت سے اسمگل کیا تھا۔مئی 2021 میں ایک اسکریپ ڈیلر سے 7 کلو گرام تابکاری یورینیم بر آمد کیا گیا جس کی مالیت 210 ملین روپے تھی۔بھارت میں جوہری مواد کی چوری کے متواتر واقعات نیوکلئیر سیکیورٹی کی ناکامی کی نشاندہی کرتے ہیں۔  گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 200 کلو گرام سے زائد جوہری اور تابکاری مواد مبینہ طور پر بھارتی تنصیبات سے غائب ہو چکا ہے۔

اسپیس ایکس نے 21 سیٹلائٹس خلا میں روانہ کردیں

فلوریڈا: اسپیس ایکس نے فلوریڈا سے اپنا 52واں راکٹ لانچ کردیا ہے جس سے 21 سیٹلائٹس مسنلک تھیں۔

230 فٹ کا راکٹ فلوریڈا سے روانہ ہوا۔ یہ اس سال اسپیس ایکس کا فلوریڈا سے 52 واں لانچ کردہ راکٹ ہے۔

آٹھ منٹ بعد راکٹ بحر اوقیانوس میں ریڈ دی انسٹرکشنز آف شور پر لینڈ کیا۔ یہ 21 ویں بار تھا جب راکٹ ڈرون شپ پر اترا۔

لفٹنگ کے تقریباً ایک گھنٹہ بعد سیٹلائٹ زمین کے نچلے مدار میں داخل ہوئیں۔ ابتدائی طور پر اسپیس ایکس نے فلوریڈا سے دو لانچوں کا منصوبہ بنایا تھا لیکن جمعہ کو 21 سیٹلائٹس روانہ کرنے کا منصوبہ اتوار تک موخر کردیا گیا۔

مقابلہ حسن میں بیٹی کی چوتھی پوزیشن، والد نے ججوں پر فائرنگ کردی

الٹامیرا: برازیل میں ایک مقابلہ حسن کی تقریب میں حصہ لینے والی لڑکی کے والد نے اس وقت ججوں پر گولیاں برسادیں جب بیٹی کو ججوں نے چوتھی پوزیشن سے نوازا۔

برازیل میں منعقد ہونے والا ایک مقامی مقابلہ حسن اس وقت سانحے پر منتج ہوا جب ایک امیدوار لڑکی کے والد نے ججوں پر گولی چلانا شروع کر دی کیونکہ اس کی بیٹی نے چوتھا مقام حاصل کیا تھا۔

یہ واقعہ الٹامیرا شہر میں “II Baile da Escolha da Rainha” کی مقابلہ حسن تقریب کے اختتام پر پیش آیا۔ مقابلہ ختم ہونے کے تقریباً دو گھنٹے بعد شرکاء میں سے ایک کے والد نے اپنی بیٹی کے چوتھی پوزین پر آنے پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ججوں کے معیار پر سوال اٹھانا شروع کر دیے۔

جس مقام پر مقابلہ حسن منعقد ہوا تھا وہاں پرائیویٹ سیکیورٹی اور ملٹری پولیس کا عملہ موجود تھا لیکن ناراض والد نے کوئی پرواہ نہیں کی اور ججوں کی جانب فائر کیے تاہم ان کی گولی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پاکستان سے پہلی بار کھجور کے شِیرے کی برآمدی سرگرمیوں کا آغاز

کراچی: پاکستان سے پہلی بار کھجور کے شیرے کی برآمدی سرگرمیوں کا بھی آغاز ہوگیا ہے، اس سلسلے میں اومان کو پاکستان سے کھجور کا شیرہ برآمد کیا گیا ہے۔

پاکستان فروٹ اینڈ ویجیٹیبل ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ وحید احمد نے ایکسپریس کو بتایا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں کھجور کے شیرے کی زبردست ڈیمانڈ ہے جس سے پاکستانی برآمدکنندگان بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایکسپورٹرز عراق سے کھجوریں منگوا کر اس کی ویلو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرکے منظم انداز میں دنیا بھر کے ممالک کو برآمد کرتے ہوئے کثیر زرمبادلہ کمانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا گلوبل وارمنگ کے باعث خراب موسمی اثرات سے ملک میں کھجور کی فصل متاثر ہوئی ہے۔ پاکستان سے تیار کھجور جرمنی، امریکا، ترکی، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں ایکسپورٹ کی جاتی ہیں، جس کے بعد مذکورہ ممالک اس کی ویلیو ایڈیشن کرتے ہیں۔

مغربی ممالک میں کھجور کا سیرپ شہد اور دوسری دیگر انڈسٹری میں استعمال ہوتا ہے۔ اگر حکومت کھجور کی نئی اقسام پر ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کرے اور فصل اچھی ہو تو پاکستانی ایکسپورٹرز بھی کھجوروں کی ویلیو ایڈیشن کرکے انہیں مہنگے داموں ایکسپورٹ کرسکتے ہیں اور کھجور کی بین الاقوامی ویلیوایڈڈ مارکیٹ میں اپنا حصہ بڑھاسکتے ہیں۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے تحت دوسری فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش سے متعلق انہوں نے بتایا کہ نمائش میں پاکستانی تازہ پھل، سبزیوں، جوس اور پلپ کے حوصلہ افزا کاروباری معاہدے طے پائے ہیں۔ نمائش میں فریش فروٹ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے 350ملین ڈالر کے سودے ہوئے ہیں۔

آلو کی فصل کی پیداوار بڑھانے کیلیے اسلام آباد میں ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ قائم

  اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل اور کورین پروگرام آن انٹرنیشنل ایگریکلچر نے مقامی آلو کی فصل کی پیداوار بڑھانے کے لیے اسلام آباد میں ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ قائم کر دیا۔جنوبی کورین سفیر کی سربراہی میں کورین وفد نے ’’سیڈ پوٹیٹو کمپلیکس‘‘ کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین سے اہم ملاقات بھی کی۔ کورین سفیر نے جدید زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی اور پاکستانی کاشتکاروں کو جدید ٹیکنالوجی کے بارے میں ضروری تربیت فراہم کرنے پر زور دیا۔رانا تنویر حسین نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور دوستانہ تعلقات پر زور دیتے ہوئے باہمی ترقی اور زراعت کے فروغ کے ذریعے ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس حوالے سے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور یہ دوطرفہ تعاون مقامی زرعی پیداوار اور شعبے کی ترقی میں اضافہ کرے گا۔

ملکی ترقی و تعمیر کیلیے نوجوانوں کو مواقع اور وسائل فراہم کرنا ہمارا فرض ہے، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملکی ترقی و تعمیر کے لیے نوجوانوں کو مواقع اور وسائل فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔

نوجوانوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ میں پاکستان کے متحرک نوجوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، نوجوان ہمارے مستقبل کی ضمانت ہیں۔ پاکستانی نوجوان ہمارا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں کیوں کہ وہ مستقبل کے خواب دیکھنے والے اور لیڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ نوجوانوں کو صلاحیتیں نکھارنے، خوشحال، پرامن اور ترقی پسند پاکستان کی تعمیر کے لیے مواقع اور وسائل فراہم کریں۔ مجھے اپنے نوجوانوں کی کامیابیوں پر بہت فخر ہے۔ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور استقلال ہماری قوم کی کامیابی کا محرک ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں پر سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے ، ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کرکے ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ ہر پاکستانی نوجوان اپنے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائے، بڑے خواب دیکھے اور اپنے ملک کی بہتری کے لیے انتھک محنت کرے۔

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آئیے، مل کر اپنے نوجوانوں کی نشوونما اور مدد کریں کیونکہ پاکستان کا مستقبل ان کی کامیابی میں مضمر ہے۔ آج ہم نہ صرف نوجوان نسل کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہیں بلکہ ملکی ترقی میں ان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔

امریکا میں پاکستانی یومِ آزادی کی دھوم؛ ریاستی سینیٹ میں قرارداد منظور

پاکستان کے یوم آزادی کے حوالے سے امریکا میں بھی سرگرمیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، اس سلسلے میں ریاستی سینیٹ میں ایک اہم قرارداد منظور کی گئی۔

یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سینیٹ میں 14 اگست کی مناسبت سے اہم قرارداد منظور کی گئی ہے۔ ریاستی سینیٹر جوش نیومین کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کیلی فورنیا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سراہا گیا ہے۔

پاکستانی قونصل جنرل عاصم علی خان نے اس حوالے سے کہا کہ قرارداد میں پاکستان کی آزادی کو دیگر اقوام کے لیے ایک تحریک کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ امریکی ریاست کیلی فورنیا کی سینیٹ میں منظور ہونے والی یہ اہم قرارداد پاکستان اور کیلی فورنیا کے درمیان دوستی کے مضبوط تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کیلی فورنیا کی سینیٹ کے تمام ارکان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے نتیجے میں تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ابھیشیک نے ایشوریا کے ساتھ طلاق کی خبروں پر آخر کار خاموشی توڑ دی

ابھیشیک نے ایشوریا کے ساتھ طلاق کی خبروں پر آخر کار خاموشی توڑ دی
ابھیشیک نے ایشوریا کے ساتھ طلاق کی خبروں پر آخر کار خاموشی توڑ دی
ابھیشیک نے حال ہی میں بالی وڈ یُوکے میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے گزشتہ کئی عرصے سے گردش کرنے والی طلاق کی خبروں سے متعلق سوال کیا گیا__فوٹو: فائل
بالی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اہلیہ اداکارہ ایشوریا رائے کے ساتھ طلاق کی خبروں پر بالآخر ردعمل دے دیا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ابھیشیک بچن نے حال ہی میں بالی وڈ یُوکے میڈیا کو انٹرویو دیا جس میں ان سے گزشتہ کئی عرصے سے گردش کرنے والی طلاق کی خبروں سے متعلق سوال کیا گیا۔

اداکار نے سوال کا جواب دیا اور کہا ‘اس حوالے سے میرے پاس زیادہ کچھ کہنے کو نہیں ہے، آپ لوگ خبر کو کوئی اور رنگ ہی دے دیتے ہیں، ظاہر ہے میں سمجھتا ہوں کہ ایسا کیوں ہوتا ہے’۔

ابھیشیک نے طلاق سے متعلق پوسٹ کیوں لائیک کی؟ وجہ سامنے آگئی
ابھیشیک کے طلاق کی پوسٹ لائیک کرنے کے بعد امیتابھ بچن کی ٹوئٹ وائرل
ابھیشیک نے کہا ‘آپ لوگوں کو اپنی ویب سائٹس یا اخباروں کے لیے اسٹوریز چاہیے ہوتی ہیں، کوئی بات نہیں ہم سلیبریٹیز ہیں اور ہمیں یہ سب برداشت کرنا پڑے گا’۔

ساتھ ہی اداکار نے اپنی شادی کی انگوٹھی دکھائی اور کہا ‘دیکھیں، میں اب تک شادی شدہ ہوں’۔

بھارتی گلوکار کمار سانو نے عمران خان کے لیے گانا گانے کی تردید کردی۔

کمار سانو نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر وضاحتی پوسٹ جاری کی جس میں اُنہوں نے کہا کہ میں نے پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لیے کبھی کوئی گانا نہیں گایا، سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بُک پر گردش کرنے والی آڈیو میری آواز نہیں ہے بلکہ وہ آواز آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کا استعمال کرکے بنائی گئی ہے۔

گلوکار نے کہا کہ کچھ لوگ مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسی لیے میں اپنے مداحوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ گانے سے متعلق خبر جعلی ہے اور جھوٹی ہے۔

اُنہوں نے بھارتی حکومت سے اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کا سنگین اور غلط استعمال ہے، میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اے آئی اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔