بیٹے ارہان کے دوست میرے شوبز کام سے متعلق کنفیوژن کا شکار ہیں، ملائیکہ اروڑا

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ ڈانسر ملائکہ اروڑا نے کہا ہے کہ ان کے بیٹے ارہان کے دوست ان کے شوبز کام سے متعلق کنفیوژن کا شکار ہیں۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کے بیٹے نے ایک دن ان سے کام کے متعلق پوچھا کہ وہ کیا کرتی ہیں کیوں اس کے دوست اس معاملے پر کنفیوز ہیں۔

ملائکہ اروڑا کے مطابق بیٹے کا کہنا تھا کہ وہ ایک کام نہیں کرتیں بلکہ فیشن شوز میں حصہ لیتی ہیں، ریئلٹی شو کرتی ہیں اور فلموں میں آئٹم سانگ بھی کرتی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے بیٹے سے کہ جو انہیں پسند آتا ہے اور جس کی انہیں ضرورت ہوتی ہے وہ وہی کام کرتی ہیں۔

یاد رہے کہ ارہان ارباز خان اور ملائکہ اروڑا کے اکلوتے بیٹے ہیں، وہ 2002ء میں پیدا ہوئے جبکہ ان کے والدین 19 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2016ء میں علیحدہ ہوگئے تھے۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹانے کی خبروں میں صداقت نہیں، اسحاق ڈار

  اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کو ہٹا کر ان کی جگہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما بشیرمیمن کو گورنربنانے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بیان میں کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کامران ٹیسوری اس وقت گورنر کے عہدے پر فائز ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ بشیر میمن کو گورنر سندھ بنائے جانے کی خبروں میں صداقت نہیں ہے۔

خیال رہے کہ چند روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ان کی جگہ بشیرمیمن کو سندھ کا گورنر بنایا جائے گا۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے بھی ان خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اہم فیصلوں میں ہم سے مشاورت کرتے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے مشاورت نہیں کی ہے اس لیے اس خبر میں صداقت نہیں ہے۔

جس ملک میں الیکشن چوری ہوتا ہے وہاں استحکام نہیں آتا، شاہد خاقان

  کراچی: عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی  نے کہا ہے کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہوتا ہو وہاں استحکام نہیں آتا، ہمارا سیاسی نظام مسائل کرپٹ اور نا اہل لوگوں کو تحفظ فراہم کرتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  مقامی لان میں عوام پاکستان پارٹی  کے اغراض و مقاصد ،سوچ اور نظریہ پر مبنی دستاویز جاری کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سابق گورنر کے پی کے سردار مہتاب عباسی ، سابق وفاقی وزیر ظفر مرزا اور سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین سمیت دیگر بھی خطاب کیا ۔

عوام پاکستان پارٹی کے کنوینر شاہد خاقان عباسی نے خطاب میں کہا  کہ ملک میں سیاسی جماعتیں منشور بناتی ہیں اور بھول جاتی ہیں ، اس ملک میں  سیاستدان ، بیوروکریٹ ، جج اور فوجی حلف کی خلاف ورزی کرتے ہیں ،جو ملک آئین توڑتے ہیں وہ نہیں چل سکتے۔

انہوں نے کہا کہ آج کراچی میں ہر طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ آئے، ہم نے اسلام آباد میں پارٹی کا اعلان کیا تھا، جماعتیں منشور بناتی ہیں اور بھول جاتی ہیں ، ہم نے وژن ڈاکومنٹ بنایا ہے جس میں مسائل اور حل دیے گئے ہیں، آج ہر پاکستانی پریشان ہے، جہاں بھی جائیں لوگ سوال کرتے ہیں کہ ملک کا کیا بنے گا، ہمارا کیا بنے گا۔

اگر حکومت چلانی ہے تو عوام کو پہلے رکھنا ہوگا، حکومتیں عوام کے لیے ہوتی ہیں، ہمیں عوام کے بنیادی مسائل کو حل کرنا ہوگا، عوام کو بجلی ، پانی دینا ہوگا، صحت اور تعلیم دینا حکومت کی ذمہ داری ہے ، سب کا محور آئین کے اندر موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو ملک آئین توڑتے ہیں وہ نہیں چل سکتے ، ہم نے ملک میں ہر نظام کو آزما لیا ہے ،ہمارا وہ آئین ہے جس میں حکومت کے ہر اہلکار کا حلف موجود ہے، اس ملک کا سیاستدان ، بیوروکریٹ ، جج اور فوجی حلف توڑتا ہے ،77 سال سے اسی خرابی کو آگے بڑھا رہے ہیں ،موجودہ لوگو ریفارمز کی طرف نہیں جاتے،  بجٹ میں کوئی ریفارمز نہیں دیے گئے، کسی نے اسکول سے باہر بچوں کا بجٹ میں ذکر نہیں کیا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہیومین ریسورس ہر سال 60 ارب دیتا ہے، ہم  نے ایک شخص کی کوشش سے سونے کا تمغہ جیتا ،حکومت نے اس کے لیے کچھ کیا جب وہ  ملک سے جا رہا تھا،  وفاقی وزرا ساتھ نہیں تھے ہم نے اس شخص کے لیے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جب تک آئین کے راستے پر نہیں چلیں گے کچھ نہیں ہوگا، ایک خاندان کی چوائس یہ ہو کہ وہ بجلی کے بل دے یا بچوں کی فیس یا کھانا کھائے ، یہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی  اور حکومت کی ناکامی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ججوں نے کیا اس سے متعلق سوچا۔ آج عوام کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے ،آئی پی پیز مسئلہ کا حل ہے ، اصل مسئلہ معیشت کی کمزوری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس ملک میں الیکشن چوری ہوتے ہیں  تو استحکام نہیں آتا،آج اس ملک کی لیڈر شپ کی ذمے داری ہے ،آج اس ملک کے عوام پریشان ہیں،مشکلات آتی ہیں اور لیڈر شپ حل ڈھونڈتی ہے، ہماری لیڈر شپ آج بھی سرحد میں اقتدار کے حصول کے لیے بیٹھی ہے ۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ اگر مسائل کو نہ سمجھا تو کل ملک میں پانی نہیں ہوگا ،آج وقت ہے مسائل کا حل ڈھونڈیں ،ملک سے عوام کا اعتماد اٹھ جاتا ہے، اس ملک کے حکمران حکمرانی کے لیے آئے ہیں ،وہ عوام کے مسائل کے ادارک کے لیے نہیں آئے ہے ، ہمیں واپس آئین پر آنا پڑے گا، صرف ایک راستہ ہے اور وہ آئین ہے، آئین مسائل کے حل کی ابتدا ہے ہمارے ملک میں قوانینِ حکومت کے مسائل حل کرنے کے لیے بنتے ہیں، انہوں نے عوام کو اپنے مفاد کے لیے محکوم بنا رکھا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج ہمارے لیے خوشی کا دن ہے ، آج ہماری پارٹی پاکستان کے لیے وژن پیش کررہی ہے،آج کے وژن پر آپ فیڈ بیک دیں گے،  لاہور میں خواتین اور صحت کے ایشو پر پروگرام کریں گے،  پاکستان کا جو نظام اس وقت ہے وہ پاکستان کے عوام اور ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کو 109 ارب روپے نقصان پورا کرنے کے لیے دے رہے ہیں ، ہم ریلوے کا نقصان اس لیے برداشت کرتے ہیں کہ وہ ریلوے کے ملازمین ، افسران کے فائدے کے لیے چلتی ہے ، ریلوے عوام کے فائدے کے لیے نہیں چلتی۔

ہم وہ نظام لیکر آئیں گے جس سے عوام کو فائدہ ہوگا ، پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں ،78 فیصد دو جملے کسی زبان میں نہیں پڑھ سکتے ، ہماری وزارت تعلیم 15 سو ارب خرچ کرتی ہے،اساتذہ کو نوکری اس لیے دی جاتی ہے کہ  وہ ووٹ دیتے ہیں ، گر آج سائنس کا ٹیسٹ لیں تو بڑی تعداد میں اساتذہ فیل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا قانون ہو جو بڑا ہو یا چھوٹا سب اس پر چلیں ، ہر ادارے کا رشتہ آئین کے ساتھ ہونا چاہیے ، آج کل کہا جا رہا ہے کہ آئی پی پیز کو بند کردیں ،  یہ بات ضرور ہونی چاہیے کس نے کیا معاہدے کیے ، لیکن جھوٹ نہیں بولنا چاہیے ، بجلی کے گھریلو بلوں پر ٹیکسز ہوتے ہیں،  اگر حکومت ٹیکسز ختم کرے دیں بل کم ہو جائیں گے ، وفاق کو 185 ارب پی ایس ڈی پی سے کم کردینے چاہیئں ، اس سے ترقی میں کوئی کم نہیں آئے گی۔

آج پاکستان کی ریاست کی غلطیوں کی وجہ سے مسائل ہیں، پاکستان میں قومیتوں کا مسئلہ نہیں ہے ، پاکستان میں امیر غریب کا مسئلہ ہے ، ہم سمجھتے ہیں لوکل گورنمنٹ کو طاقتور کرنا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے مخالف نہیں ہیں ، وفاق سے بوجھ بھی ختم کرنا ہے ، پیسے صوبوں کو جاتے ہیں وہ پیسے ضائع کرتے ہیں ، این ایف سی ایوارڈ کو کم کرنا چاہیے ، جن کی برابر آمدن ہے ان کو برابر ٹیکس لینا چاہیے ،جس کی زیادہ انکم ہے اس کو زیادہ ٹیکس دینا چاہیے ،حکومت جب تک خسارہ کم نہیں کرے گی اس وقت تک عوام کو فائدہ نہیں ہوگا۔

اروشی روٹیلا کی اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا کی اے آئی جنریٹڈ ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔ 

اداکارہ نے اے آئی سے بنائی گئی مختصر مزاحیہ ویڈیو کو اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے جس میں وہ کرکٹر رشبھ پنٹ کی جگہ پر بیٹنگ کررہی ہیں۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ ایک ریورس اسکوپ شوٹ کھیل کر چھکا لگاتی ہیں۔

اورجنل ویڈیو میں رشبھ پنٹ کے اس شاندار چھکے نے انڈین ٹیم کو فتح دلائی تھی۔

یاد رہے کہ اروشی روٹیلا اور رشبھ پنٹ کے درمیان تعلقات کی خبریں متعدد بار سامنے آئی ہیں لیکن دونوں جانب سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا ہسٹری میوزیم مریم نواز شریف سے منسوب

 لاہور: لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کا ہسٹری میوزیم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے منسوب کردیا گیا۔ 

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی  کی  وائس چانسلر  ڈاکٹر شگفتہ ناز نے اس سلسلے میں بتایا کہ مریم نواز ہماری یونیورسٹی کی ممتاز پرانی طالبہ ہیں۔

لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی ایلومینائی نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کو منوایا ہے، سیاست میں مریم نواز شریف نے ایک قابل قدر کامیابی سمیٹی اور وزیر اعلیٰ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی سیاست میں کامیابیوں کی پذیرائی کرتے ہوئے ہسٹری میوزیم ان سے منسوب کیا گیا۔

ڈاکٹر شگفتہ ناز کا کہنا تھا کہ ہسٹری میوزیم لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی صد سالہ تقریبات پر قائم کیا گیا، میوزیم میں ممتاز ایلومینائی کا بایو ڈیٹا اور ادارے سے متعلق نوادرات کو جمع کیا گیا ہے۔

وائس چانسلر نے بتایا کہ مریم نواز کو اپنی مادر علمی کے دورے کی با ضابطہ دعوت دے دی ہے، ان کی شخصیت طالبات کیلیے قابل تقلید ہے، اوراس ادارے کو اپنی باصلاحیت طالبہ پر فخر ہے۔

کینیڈا میں طلبہ نے سولر کار متعارف کرادی

مونٹریال: مونٹریال پولی ٹیکنیک کے طلبہ کے ایک گروپ نے ایسٹیبن 11 کے نام سے اپنی مدد آپ سولر کار متعارف کرادی ہے جس نے امریکا میں دو مقابلے بھی جیت لیا ہے۔

سی ٹی وی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولی ٹیکنیک کی ٹیم نے فارمولا ون گراں پری اور مریکن سولر چیلنج جیت لیا ہے اور اس مقابلے میں انہوں نے دنیا کے مشہور اداروں ایم آئی ٹی اور جیورجیا ٹیک کے سرفہرست انجینئرنگ پروگرام کو مات دی ہے۔

سولر کار ڈھائی سال کی سخت محنت کا حاصل ہے جو طلبہ نے ڈیزائن کیا ہے۔

پولی ٹیکنیک کی طالبہ لوری جیلبرٹ ڈورئین نے کہا کہ بحیثیت ٹیم ہم نے ہفتے میں کم ازکم 100 گھنٹے کام کیا۔

ایسٹیبن 11 کار سوار کے لیے اتنی زیادہ آرام دہ نہیں لیکن مؤثر ہے، اس کی دو سیٹیں ہیں اور سولر پینل 5 مربع میٹر ہے، اس کی بیٹری 700 کلومیٹر تک چلتی ہے۔

ایک اور طالبہ میری روئیلارڈ نے بتایا کہ جیسے ہم اس کو چلاتے ہیں اسی طرح گاڑی چارج ہوتی ہے، اگر ہم 45 کلومیٹر فی گھنٹہ یا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار سے جاتے ہیں تو ہمارے پاس سولر بجلی اچھی ہے اور ہم ڈرائیو کرسکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایسٹیبن 11 پروٹوٹائپ ہے اور یہ گلیوں میں نہیں چلائی جاسکتی ہے لیکن طلبہ کا خیال ہے کہ سولر پاور سے چلنے والی کاروں کا مستقبل روشن ہے۔

جیلبرٹ ڈورئین نے کہا کہ اس کا فائدہ یہ ہے کہ سورج کی روشنی ہر وقت موجود ہوتی ہے، اس کے لیے آپ کو پیسے ادا نہیں کرنے پڑتے اور یہ ہرجگہ آپ کو دستیاب ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ معمول کی کار سے مختلف ہے، مثال کے طور پر اس کے پاور اسٹیئرنگ نہیں ہیں اور اسٹیئرنگ کا تمام زور آپ کے بازؤں پر ہوتا ہے۔

جیلبرٹ ڈورئین نے کہا کہ یہ ہم اپنے اسکول میں اس کا کریٹ نہیں لیتے بلکہ ان لوگوں کے لیے ہے جو مستقبل میں اس طرح کی تیار کرنے کار کا خواب دیکھ رہے ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ پروجیکٹ طلبہ کو پولی ٹیکنیک کی طرف سے نہیں دیا گیا تھا اور نہ ہی انہیں اس کی ادائیگی کی جائے گی۔

جشن آزادی کے موقع پر باجے بیچنے یا استعمال کرنے پر پابندی عائد

  اسلام آباد: ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز نے جشن آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں باجوں کی فروخت پر پابندی عائد کر دی ہے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اسٹالز پر بکنے والے باجے قبضے میں لینے کا حکم جاری کر دیا۔

ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز  کا کہنا تھا کہ مختلف اسٹالز پر باجوں کی فروخت کھلے عام جاری ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ باجوں کے استعمال سے اجتناب کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسٹال مالکان اپنے پاس باجوں کی فروخت بند کریں، باجے استعمال کرنے والے یا بیچنے والے کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی۔

بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا

ڈھاکا:  بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے دورہ پاکستان کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔

بنگلا دیشی ٹیم راولپنڈی اور کراچی میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو میچز کے لیے کل پیر 12 اگست کو پاکستان روانہ ہوگی۔

بنگلا دیشی کھلاڑی 14 سے 16 اگست تک قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے اور پہلے ٹیسٹ کے لیے 17 اگست کو اسلام آباد روانہ ہوں گے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک ہوگا۔

بنگلا دیشی اسکواڈ:

نجم الحسن شانتو (کپتان)، محمود الحسن جوئے، ذاکر حسن، شادمان اسلام، مومن الحق، مشفق الرحیم، شکیب الحسن، لٹن کمر داس، مہدی حسن میراز، تیج الاسلام، نعیم حسن، ناہید رانا، شرف الاسلام، حسن محمود، تسکین احمد، سید خالد احمد

فلم سائن کرنے سے پہلے والد اور اہلیہ سے مشورہ لیتا ہوں، وکی کوشل کا انکشاف

 ممبئی: بالی وڈ اسٹار وکی کوشل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کوئی بھی فلم سائن کرنے سے قبل اپنے والد اور اہلیہ کترینہ کیف سے مشورہ لیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اداکار نے بتایا کہ وہ ہر فلم کے اسکرپٹ کا بغور جائزہ لیتے ہیں اور اگر اس میں انہیں کوئی  کنفیوژن محسوس ہو تو پھر وہ اپنے والد اور پھر اہلیہ کے ساتھ اسکرپٹ پر بات کرتے ہیں اور مشورہ کرتے ہیں۔

وکی کوشل کا کہنا تھا کہ وہ خود کبھی اسکرپٹ کے لیے ہاں کرنے میں جلدی نہیں کرتے اور والد کے مشورے کو اہمیت دیتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  ان کے والد ڈائیریکٹر ہیں اس لیے وہ ہر لحاظ سے سوچ کر مشورہ دیتے ہیں، وہ انڈسٹری کے رجحانات، تجارت اور باکس آفس کی کارکردگی پر گہری نظر رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ وکی کوشل کی نئی فلم ’بیڈ نیوز‘ حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جس میں ایمی ورک اور ترپتی ڈمری بھی شامل ہیں۔

بھارتی دارالحکومت خواتین کیلئے غیر محفوظ ترین شہر ہے، تاپسی پنوں

 ممبئی: بالی وڈ اداکارہ تاپسی پنو نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی خواتین کے لیے سب سے زیادہ غیر محفوظ شہر ہے۔

ایک تازہ انٹرویو میں اداکارہ نے انکشاف کیا کہ دہلی کے رہائشی والدین اپنی بیٹیوں کو سورج ڈوبنے سے قبل گھر آنے کی تاکید کرتے ہیں جبکہ دیگر شہروں میں ایسا نہیں ہوتا۔

تاپسی پنوں کا کہنا تھا کہ وہ خود دہلی کی ہیں اس لئے یہ سمجھتی تھیں کہ ہر شہر میں ایسا ہوتا ہوگا لیکن جب انہیں دوسرے شہروں میں رہنے کا موقع ملا تو پتہ چلا کہ وہاں ایسا نہیں ہوتا ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلمی سیٹ پر خود کو کبھی غیر محفوظ نہیں سمجھا لیکن بہت سی اداکاراؤں کو سیٹ پر ہراسانی کا سامنا ہوا ہے۔

اس موقع پر اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایک مرتبہ مذہبی تہوار کے دوران بھیڑ میں جنسی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔