ملک کی پہلی صف میں کوئی اور ہے ڈور کسی اور کے پاس ہے، مولانا فضل الرحمان

 پشاور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی صف میں کوئی اور ہے لیکن ڈور کسی اور کے پاس ہے۔

پشاور میں تاجر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام زندگی کے ہر شعبے سے تعلق  رکھنے والوں  کی بات کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال اس وقت نازک ہے،کسی بھی ملک کے لیے امن و معیشت بہت ضروری ہے، قانون سازی پوری دنیا میں جان کا تحفظ، مال کا تحفظ اور عزت و آبرو کے تحفظ پر ہوتی ہے کہ کیسے تحفظ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے وطن میں کیا امن و معیشت ہے، جس کلمے کے نام پر ملک بنا کیا ہم نے اس کو بلند کیا، لمحے لمحے ہم اللہ سے بغاوت کر رہے ہیں، اللہ کی نافرمانی کی وجہ سے آج ملک میں نہ امن ہے نہ ملکی معاشی صورت حال بہتر ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اسمبلیوں میں جعلی نمائندگان بیٹھے ہیں، ہماری غلامی کی تاریخ طویل ہوتی جا رہی ہے، ظالمانہ ٹیکس پر ٹیکس لگائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو علم ہے جب ٹیکس دیں گے یہ قرضوں کی واپسی میں استعمال ہوں گے، پہلے قوم کو اعتماد میں لیں قوم کا پیسہ قوم پر ہی خرچ ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پہلی صف میں کوئی اور ہے لیکن ڈور کسی اور کے پاس ہے، ملکی معیشت زمین بوس ہوچکی ہے اس کو اٹھانا کسی کے بس کی بات نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف سانس لینے پر ٹیکس نہیں اور موت پر ٹیکس بچ گیا ہے، ملک اس طرح نہیں چلتے ملک کو سیاست دان  چلاتے ہیں، کبھی معین قریشی آجاتا ہے، کون کہاں سے آتا ہے کہاں چلاگیا، ہمارے تو وزیر خزانہ بھی اپنے نہیں ہیں۔

سربراہ جمعیت علمائے اسلام نے کہا کہ باہر سے جو وزیر خزانہ آتے ہیں ان کے گھر کا بھی پتا نہیں،  ہمارے حکمرانوں نے باہر بندوبست کر رکھا ہے جب مشکل  وقت آیا باہر نکل جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسان کے گودام گندم سے بھرے ہیں ان سے گندم خریدنے والا کوئی نہیں، جب ملک میں گندم تھی تو باہر سے کیوں منگوائی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی ریڑھ کی ہڈی معیشت ہے جب معیشت ہی نہیں ہوگی تو ملک کیسے کھڑا ہوگا، 20 سے 25 سال بعد اب حالات بدل رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ چین بڑی معاشی قوت بن رہا ہے، امریکا اور روس کی جنگ میں افغانستان مرکز تھا، چین کی اس جنگ میں پاکستان کو رگڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران چین گئے خالی ہاتھ واپس آئے، چین صدر آئے اور انہوں پیغام دیا کہ ملک میں استحکام نہیں ہے، مغربی دنیا کا ایجنڈا تبدیل ہوگیا ہے نشانے پر دین، اسلام اور مدارس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری آزادی ہم سے چھینی جارہی ہے، مسئلہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا نہیں فلسطین کو تسلیم کرنے کا ہے، قبضہ فلسطین پر ہوا ہے ہم فلسطین کو آزاد کرنا ہے، فلسطینی قرارداد پاکستان کا حصہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جب اسرائیل بنا تو بانی پاکستان نے کہا کہ اسرائیل مغرب کا ناجائز بچہ ہے، 75 برسوں سے کشمیر پر سیاست کی۔

سپریم کورٹ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق فیصلہ کل سنایا جائیگا

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں قومی اسمبلی کے تین حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق فیصلہ کل سنایا جائے گا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ فیصلہ سنائے گا۔

این اے 154 لودھراں، این اے 81 گجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں اعتراضات کیے گئے پولنگ اسٹیشنز کی دوبارہ گنتی بارے اپیلوں پر فیصلہ سنایا جائے گا۔

کراچی میں بجلی کے ٹوٹے تار سے کرنٹ لگنے سے محنت کش جاں بحق

کراچی: کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب کرنٹ لگنے سے محنت کش جاں بحق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی ویٹا چورنگی اشرفی کمپنی کے قریب کرنٹ لگنےسےایک شخص جاں بحق ہوگیاجس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی۔

متوفی کی شناخت 40 سالہ جاوید ولد رسول خان کے نام سے کی گئی ۔ متوفی نوجوان کورنگی صنعتی ایریا میں واقع نجی کمپنی میں رہائش پذیر تھا اوراس کا آبائی تعلق مانسہرہ سے تھا۔

متوفی نوجوان اپنے کزن کے ہمراہ کمپنی سے باہرنکلا توکچھ فاصلے پر بجلی کا تار ٹوٹ کر زمین پر پانی میں پڑا ہوا تھا۔ متوفی کا پاؤں اچانک پانی میں پڑا تو اسے کرنٹ لگ گیا اوروہ موقع پرجاں بحق ہوگیا جبکہ اس کا کزن خوشی قسمتی سے محفوظ رہا۔

کراچی؛ دوران ہفتے پولیس کے ڈاکوؤں سے 31مقابلے، 50ملزمان گرفتار

ایک ہفتے کے دوران شہر میں انسداد جرائم کے دوران ڈاکوؤں سے ضلعی پولیس کے 31 مقابلے ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 3 ہلاک اور 34 زخمی ڈاکوؤں سمیت 50 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کے احکامات کے مدنظر پولیس کی انسداد جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ گرفتار ملزمان سے 44 مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ اور 22 موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔

پولیس نے گزشتہ ہفتے کے دوران کراچی کے ایسٹ، ویسٹ اور ساوتھ زونز میں مجموعی طور پر 732 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا۔

پولیس کی جانب سے منشیات کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف علاقوں سے لاکھوں روپے مالیت کی 107 کلو 830 گرام چرس، 1 کلو 157 گرام آئس، کرسٹال اور ہیروئن برآمد کی۔

گرفتار ملزمان سے شہریوں سے لوٹ مار اور دیگر وارداتوں میں استعمال شدہ 108 سے زائد مختلف اقسام کا غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

کراچی پولیس کی جانب سے جرائم کے خاتمے، امن وامان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے کیے جانے والے اقدامات جاری رہیں گے۔

تمہاری دوسری بیوی کو بہت ستاؤں گی، ٹوئنکل کھنہ کی اکشمے کمار کو دھمکی

ممبئی: بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنہ نے اپنے شوہر اکشے کمار کو دوسری شادی کرنے سے پہلے ہی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئنکل کھنہ نے اپنے نئے بلاگ میں اکشے کمار کے ساتھ اپنی حالیہ چھٹیوں کے بارے میں بات کی جہاں اس جوڑے کے درمیان دوسری شادی کو لیکر مضحکہ خیز گفتگو ہوئی تھی۔

ٹوئنکل کھنہ نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ چھوٹیوں کے دوران، ایک شام ہم واپس اپنے کیمپ کی طرف جارہے تھے تو راستے میں ہمارے ٹور گائیڈ نے ہمیں پرندوں کے ایک جوڑے سے ملوایا جسے ٹِک ٹِک کہتے ہیں۔

مصنفہ نے کہا کہ ٹور گائیڈ نے بتایا کہ پرندوں کا یہ جوڑا ایک دوسرے سے اس قدر عشق کرتا ہے کہ جب ان میں سے کوئی ایک مر جاتا ہے تو دوسرا پرندہ زہریلی گھاس کھاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ یہ بات سُن کر میں نے اکشے کمار سے کہا کہ اگر میں آپ سے پہلے مر گئی تو آپ بھی اس پرندے کی طرح زہریلی گھاس کھاکر مر جانا کیونکہ اگر میرے مرنے کے بعد آپ نے دوسری شادی کی اور میں نے آپ دونوں کو ایک ساتھ گھومتے پھرتے دیکھا تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں آپ دونوں کو بہت ستاؤں گی۔

ٹوئنکل کھنہ کے بلاگ کے مطابق اکشے کمار نے سر ہلاتے ہوئے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ میں ابھی وہ زہریلی گھاس کھانا چاہتا ہوں کیونکہ پھر مجھے یہ سب بکواس نہیں سُننی پڑے گی۔

واضح رہے کہ اکشے کمار اور ٹوئنکل کھنہ نے سال 2001 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔

پاکستان میں پہلی بار خواتین انجینیئرز نے 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کر دیا

  کراچی: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خواتین انجینیئرز نے حسینی یتیم خانہ (نشترروڈ) کی چھت پر 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم نصب کر دیا۔

لیڈیز فنڈ انرجی کی خواتین انجینیئرز کو پاکستان میں بااختیار بنانے کے تسلسل میں حسینی یتیم خانہ سولر سسٹم منصوبے کے تحت این ای ڈی یونیورسٹی کی تربیت یافتہ سرٹیفائیڈ خواتین انجینیئرز کے ذریعے 6 لیتھیم بیٹریز کے ساتھ 24 کلو واٹ کا سولر سسٹم حسینی یتیم خانہ کی چھت پر نصب کر دیا گیا۔

یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کے ذریعے سولر روف کی تنصیب ہے۔ اس سنگ میل کے حوالے سے حسینی یتیم خانہ کی چھت پر سولر پینلز اور سسٹم کے مکمل پس منظر کے ساتھ تقریب ہوئی۔

این ای ڈی یونیورسٹی سے 28 خواتین انجینیئرز کی تربیت ایک منصوبہ تھا جو داؤد گلوبل فاؤنڈیشن (ڈی جی ایف) کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے اور انڈسٹری میں شامل کرنے کے لیے کیا گیا تھا۔ لیڈیز فنڈ انرجی پرائیویٹ لمیٹڈ نے اس منصوبے کے نفاذ میں شریک کے طور پر کام کیا، جس نے کے ایف ڈبلیو اور ڈیولپپ کے تعاون سے اس تربیت کو ڈیزائن کیا، ماڈیولز تیار کیے اور ان خواتین کو انٹرنز اور انسٹالرز کے طور پر شامل کیا اور خواتین ٹیم نے سولر انسٹالیشن مکمل کی۔

این ای ڈی یونیورسٹی میں ’’سولر روف انسٹالیشن‘‘ کی تربیت ڈاکٹر محسن امان نے دی، جو عالمی معیار کی تھی اور لیڈیز فنڈ انرجی نے یتیم خانہ کے لیے ایک اعلیٰ معیار کا سولر روف ڈیزائن کیا۔ اس کورس کے لیے 86 خواتین انجینیئرز ویٹ لسٹڈ تھیں، اور ڈی جی ایف اگلے گروپ کے لیے اندرونی سندھ کی لڑکیوں کے ساتھ اس تربیت کو جاری رکھنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

Lady installing solar

کے ایف ڈبلیو ڈی ای جی امپلس اور ڈیولپپ کے تعاون سے پانچ غیر معمولی لیدیز فنڈ انجینیئرز، عریبہ رشید، ایمان بطول، فرحان انجم، مسکان اقبال اور رحیمین حیدر علی نے یتیم خانے میں سولر سسٹم کی انسٹالیشن کے لیے خواتین انجینیئرز کے لیے عملی تربیت دی اور وہ پاکستان کی تاریخ میں سولر روف انسٹالیشن کے لیے معاوضہ لینے والی پہلی خواتین بن گئیں اور وہ ’’لیڈیز فنڈ انرجی‘‘ کی انسٹالرز ہیں۔

تارا عذرا داؤد، سی ای او لیدیز فنڈ انرجی نے اس اقدام کے مقصد پر زور دیا کہ نہ صرف ان خواتین انجینیئرز کو تربیت دینا اور ان کو ’’لیڈیز فنڈ‘‘ کے لیے بھرتی کرنا بلکہ ان کو وسیع انرجی سیکٹر میں ایک فیڈر کے طور پر استعمال کرنا بھی ہے۔ انہوں نے اس شعبے میں خواتین کی نمائندگی کو فروغ دینے اور پاکستان میں بہتر ماحولیاتی منظر نامہ میں حصہ لینے کے لیے وسیع تر شرکت کے لیے گرم جوشی سے دعوت دی۔ ہم خاص طور پر حسینی یتیم خانہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے خواتین انجینیئرز پر اعتماد کیا کہ وہ سسٹم کو انسٹال کریں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور کہا کہ کراچی میں بہادر، متحرک خواتین انجینیئرز، ’’لیڈیز فنڈ انرجی‘‘ کی پہلی خواتین انسٹالرز پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں۔

میئر وہاب نے حکومت کے ساتھ ساتھ کے ایم سی کے لیے خواتین انجینیئرز کی سولرائزیشن کی تربیت کے لیے ’’داؤد گلوبل فاؤنڈیشن‘‘ کو این ای ڈی یونیورسٹی میں 100 خواتین انجینیئرز کی تربیت کے لیے زمین اور فنڈز فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔

انہوں نے لیڈیز فنڈ انرجی کو کے ایم سی بلڈنگ کو سولرائز کرنے کے لیے اپنے موجودہ ٹینڈر کو پچ کرنے کی اجازت دی۔

عوامی لیگ کے کارکنوں نے فوجی گاڑی کو آگ لگا دی؛ 5 اہلکار زخمی

ڈھاکا: عوامی لیگ کے کارکنوں نے اپنی رہنما اور سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت ختم کرنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی جس کے دوران کارکنان اور فوجیوں کے درمیان تصادم ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ احتجاجی ریلی گوپال گنج کے علاقے میں نکالی گئی۔ کارکنان نے حسینہ واجد کی واپسی اور حکومت بحال کرنے کے نعرے لگا رہے تھے۔

ریلی کے شرکا جب بس اسٹینڈ تک پہنچے تو وہاں موجود فوجی اہلکاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی۔

جس پر عوامی لیگ کے کارکنان اور فوجیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور معاملہ ہاتھا پائی تک جا پہنچا۔ جس کے نتیجے میں 5 فوجی اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

مشتعل ہجوم نے فوجی گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا جب کہ دو راہگیر بھی زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

اسی طرح ڈھاکا کی ایک مصروف ترین مرکزی شاہراہ کو بھی عوامی لیگ کے کارکنان نے بلاک کر دیا تھا جس کی وجہ سے ٹریفک شدید جام ہوگیا تھا۔

بنگلادیش میں شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ اقتدار کا سورج طلبا کی احتجاجی تحریک کے باعث ڈوب گیا اور وہ مستعفی ہوکر بھارت پناہ لے چکی ہیں تاہم ملک کے کچھ حصوں میں ان کے کارکنان اور حامیوں کا احتجاج جاری ہے۔

حبا بخاری کا ڈرامہ انڈسٹری پر راج، بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر راج کرنے والی خوبرو اداکارہ حبا بخاری نے اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

‘جھوک سرکار’، ‘بھولی بانو’، ‘فتور’، ‘بے رخی’ اور ‘دیوانگی’ جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے والی معروف اداکارہ حبا بخاری پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری پر چھائی ہوئی ہیں۔

ان دنوں نجی ٹی وی چینل پر حبا بخاری کا ڈرامہ سیریل ‘جان نثار’ نشر ہورہا ہے جس میں وہ اداکار دانش تیمور کی اہلیہ کا کردار ادا کررہی ہیں، ڈرامے میں دونوں اداکاروں کی کیمسٹری کو مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا جارہا ہے۔

‘جان نثار’ نے یوٹیوب پر دھوم مچا دی ہے، اس ڈرامے نے دیگر پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت کے ریکارڈ توڑتے ہوئے یوٹیوب پر ایک بلین ویوز حاصل کرلیے ہیں۔

مزید پڑھیں: والد مجھے کاروباری شخصیت بنانا چاہتے تھے، اداکارہ حبا بخاری

ڈرامے کی مقبولیت کے بعد، حبا بخاری پاکستان کی وہ واحد اداکارہ بن چکی ہیں جن کے دو ڈراموں نے یوٹیوب پر ایک بلین ویوز حاصل کیے ہیں۔

ڈرامہ سیریل ‘جان نثار’ سے قبل حبا بخاری کے ڈرامہ ‘فتور’ نے بھی یوٹیوب پر ایک بلین سے زائد ویوز حاصل کیے تھے، اس ڈرامے میں اداکارہ کے ساتھ فیصل قریشی اور وہاج علی نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ 2015ء میں ڈرامہ ‘چھوٹی سی زندگی’ سے بطور معاون اداکارہ ڈیبیو کرنے والی حبا بخاری اپنے فنی کیریئر میں اب تک ‘تیری میری جوڑی’، ‘تھوڑی سی وفا’، ‘بھولی بانو’، ‘ہارا دل’، ‘سلسلے’، ‘رمز عشق’، ‘دیوانگی’ اور ‘تڑپ’ جیسے کئی سپرہٹ ڈراموں میں مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں۔

نیرج کی والدہ کے ارشد ندیم کو بیٹا کہنے پر مودی کا نیرج سے مکالمہ

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیرس اولمپک کے جیولین تھرو مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے بھارتی کھلاڑی نیرج چوپڑا کو مبارک باد دینے کے لیے ٹیلی فون کیا اور پاکستانی گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم سے متعلق بھی گفتگو کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے گفتگو میں ان کی کارکردگی کو سراہا اور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آئندہ مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتنے کی امید ظاہر کی۔

اس موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے نیرج چوپڑا سے کہا کہ آپ کی والدہ نے ارشد ندیم کو بیٹا کہا جس کی ہر جانب سے تعریف کی جا رہی ہے۔ آپ کی والدہ نے بات ہی بہت اچھی اور قابل تعریف کی تھی۔

نیرج چوپڑا نے کہا کہ ان کی والدہ نہایت سادہ اور صاف دل کی خاتون ہیں۔ وہ ہمیشہ بھائی چارگی، محبت اور امن کا درس دیتی ہیں اور میرے حریفوں کے لیے بھی نیک تمنا کا اظہار کرتی رہتی ہیں۔

یاد رہے کہ نیرج چوپڑا کی والدہ نے کہا تھا کہ گولڈ میڈل جیتننے والا پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم بھی ان کے بیٹا ہے اور انھیں ارشد ندیم کی جیت پر بھی بہت خوشی ہے۔

پاکستانی کھلاڑی ارشد ندیم نے اولمپک گیمز میں جیولین تھرو مقابلے کا 118 سالہ ریکارڈ توڑ کر گولڈ میڈل جیتا۔ ان کا پاکستان آمد پر شاندار استقبال کیا گیا۔

خیبر میں فتنہ الخوارج سے جھڑپ میں زخمی پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک شہید

پاک فوج کے لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کمبائنڈ ملٹری اسپتال پشاور میں شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

باغ کے ایک مقام پر لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو ہلاک کیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں سی ایم ایچ پشاور میں منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں وہ آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ 24 سالہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک ڈسٹرکٹ اٹک کے رہائشی تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسران اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔