ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ؛ شان نے فائنل کھیلنے کی حکمت عملی سے پردہ اٹھادیا

قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے اپنی حکمت عملی سے پردہ اٹھادیا۔

اتوار کو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ ہماری نگاہ فائنل پر مرکوز ہے، جس کیلئے ہر ممکن طریقے سے جیت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کے فائنل میں پہنچنے کیلئے ہمیں بیٹنگ، بالنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اپنا بہترین کھیل پیش کرنا ہوگا، ہماری توجہ صرف بہتر نتائج حاصل کرنا ہے۔

شان مسعود نے کہا کہ ہمیں 9 میں 7 میچز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں، کوشش ہے کہ 21 اگست سے شروع ہونے والی سیریز میں پراعتماد آغاز کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کریں۔

ہوم ایڈوانٹیج کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں تاکہ حریف ٹیم کو دباؤ میں لاکر سیریز میں فتح سمیٹیں۔

دوسری جانب ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر قابض ہے جبکہ پاکستان اگلی سیریز انگلینڈ (ہوم، 3 ٹیسٹ)، جنوبی افریقہ (دور، 2 ٹیسٹ) اور ویسٹ انڈیز (ہوم، 2 ٹیسٹ) شامل ہیں۔

سلمان اور عامر خان نے کرشمہ، روینہ کو کھمبے سے کیوں باندھا؟ وجہ سامنے آگئی

ممبئی: بھارت کی معروف ڈائریکٹر اور کوریوگرافر فرح خان نے ماضی کی مقبول بالی ووڈ اداکارہ کرشمہ کپور اور روینہ ٹنڈن کی ہاتھا پائی کا قصہ سُنا دیا۔

بھارتی میڈیا پر فرح خان کا پُرانا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جو اُنہوں نے سال 2007 میں فلمساز کرن جوہر کے شو ‘کافی وِد کرن’ میں دیا تھا۔

شو کے میزبان کرن جوہر نے فرح خان سے سوال کیا تھا کہ کیا آپ نے کبھی فلم کے سیٹ پر دو اداکاراؤں کے درمیان لڑائی دیکھی ہے؟

کرن جوہر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فرح خان نے کہا تھا کہ سال 1994 میں جب وہ فلم ‘آتش’ کے ایک گانے کے لیے کوریوگرافر کے فرائض سرانجام دے رہی تھیں تو اُس دوران سیٹ پر روینہ ٹنڈن اور کرشمہ کپور کے درمیان جھگڑا ہوگیا تھا۔

فرح خان کا کہنا تھا کہ دونوں اداکاراؤں کے جھگڑے نے اس قدر شدت اختیار کرلی تھی کہ کرشمہ اور روینہ ایک دوسرے کو وِگ (نقلی بالوں) سے مار رہی تھیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کرشمہ اور روینہ ایک دوسرے کو اپنی سینڈل کی ہیل سے مار رہی تھیں، اگر وہ دونوں آج اپنا جھگڑا یاد کرتی ہوں گی تو ضرور ہنستی ہوں گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرشمہ کپور اور روینہ ٹنڈن کا جھگڑا سال 1994 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘انداز اپنا اپنا’ کے سیٹ پر بھی پہنچ گیا تھا، دونوں اداکارائیں سیٹ پر بھی ایک دوسرے سے بات نہیں کرتی تھیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم کے ہدایتکار راجکمار سنتوشی کرشمہ اور روینہ کے جھگڑے سے تنگ آگئے تھے اور پھر اُنہوں نے ‘انداز اپنا اپنا’ کے مرکزی ہیرو سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ ملکر ان دونوں اداکاراؤں کو کھمبے کے ساتھ باندھ دیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایتکار کی جانب سے کرشمہ اور روینہ کو کھمبے سے باندھنے کی وجہ یہ تھی کہ یہ دونوں اداکارائیں ایک دوسرے سے بات کرکے اپنا جھگڑا ختم کریں۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے آبائی گھر میاں چنوں پہنچ گئے، پھولوں کی پتیاں نچھاور

پیرس اولمپک میں تاریخ رقم کرنے والے اولمپک گولڈ میڈلسٹ کا اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچنے پر شندار استقبال کیا گیا۔

گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا میاں چنوں میں آبائی گاؤں پہنچنے پر لوگوں نے والہانہ استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہاکہ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو آئے ہیں، میاں چنوں کا اور پورے ملک کا شکریہ ادا کروں گا، سب نے اتنا پیار مجھے دیا ہے۔

اس سے قبل میاں چنوں پہنچنے پر وہاں کے شہریوں کی جانب سے ارشد ندیم کا شاندار استقبال کیا گیا، ان پر پھول نچھاور کیے گئے۔ ارشد ندیم کا قافلہ ساہیوال بھی پہنچا تھا، جہاں ساہیوال بائی پاس پہنچنے پر شہریوں نے ان پر پھول نچھاور کیے تھے۔

آج علی الصبح ارشد ندیم لاہور ایئر پورٹ سے تبلیغی مرکز رائیونڈ آئے تھے جہاں ان کے قافلے نے ایک گھنٹہ قیام کیا تھا۔

وہ تبلیغی مرکز رائیونڈ میں نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد میاں چنوں روانہ ہوئے تھے۔

قبل ازیں قومی ہیرو ارشد ندیم کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر طیارے کو خصوصی واٹر کینن سیلوٹ پیش کیا گیا، لاہور ایئر پورٹ پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد قومی ہیرو کا استقبال کرنے کیلئے موجود تھے۔

طیارے سے باہر آنے کے بعد انہیں ایئرپورٹ سیکیورٹی حکام کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ارشد ندیم کی اپنے والد سے ملاقات پر جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے، والد انہیں گلے سے لگا کر اپنے آنسوؤں کو روک نہ سکے۔

ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ن لیگی رہنما احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب، رانا مشہود اور عظمی بخاری بھی موجود تھیں، احسن اقبال اور خواجہ سعد رفیق نے ارشد ندیم کو گلے لگا کر مبارکباد دی، عظمی بخاری نے انہوں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

ارشد ندیم کے اہلخانہ، دوست احباب، گاؤں والوں لاہور ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی،

پنجاب پولیس بینڈ کے ذریعے ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا ۔ پولیس کی جانب سے اولمپیئن ارشد ندیم کو تاریخ ساز وی وی آئی پی پروٹوکول دیا گیا، لاہور ایئرپورٹ کا وی ائی پی لاؤنج شہریوں سے خالی کروا کر سیکیورٹی لگائی گئی تھی۔

پولیس کی جانب سے ڈیڑھ سو سے زائد پولیس اہلکار و افسران نے ارشد ندیم کو سیکیورٹی فراہم کی، ارشد ندیم کو ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کرائی گئی، ان کے قافلے کے آگے ٹریفک پولیس پائلٹ موجود تھا، ارشد ندیم کی بس کے آگے پیچھے ایلیٹ کی گاڑیاں موجود تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق ارشد ندیم کے پروٹوکول کےلئے ٹریفک پائلٹ اور ڈی ایس پی رینک کا افسر اختتامی حدود تک مقرر کیے تھے، جبکہ متعلقہ ڈویژنل ایس پیز اپنے علاقہ میں متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے ساتھ ریسیو کرنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔

ارشد ندیم ڈبل ڈیکر بس میں لاہور کی سیر کے بعد اپنے گاؤں میاں چنوں روانہ ہو گئے ہیں۔

ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ان کے گاؤں میاں چنوں چک 101 میں اسپیکر پر اعلان کرایا گیا تھا کہ جس نے ارشد ندیم کو ایئر پورٹ لینے جانا ہے وہ تیار ہو جائے۔ ارشد ندیم کے گاؤں کے لوگوں کو لاہور ایئر پورٹ لے جانے کے لیے سرکاری بسوں کا انتظام کیا گیا۔

اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ایشیاء ایتھلیٹکس کے نائب صدر و چیئرمین سائوتھ ایشیاء ایتھلیٹکس میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے ہمراہ پیرس سے واپس وطن روانہ ہوئے تھے۔

جماعت اسلامی کا وزیراعلی ہاؤس پنجاب کے بجائے مال روڈ پر جلسے کا فیصلہ

لاہور: جماعت اسلامی نے آج لاہور میں ہونیوالے احتجاجی جلسے کا مقام تبدیل کردیا ہے۔

احتجاجی دھرنا اب وزیراعلی ہاؤس کے سامنے دینے کی بجائے مال روڈ پر فیصل چوک کے قریب ہوگا، خواتین بھی شریک ہوں گی، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے۔ جلسہ گاہ کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

جماعت اسلامی راولپنڈی/اسلام آباد دھرنا ختم کرنے کے بعد لاہور میں آج پہلا احتجاجی جلسہ اور دھرنا دینے جارہی ہے۔ جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے، آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے معاہدوں اورمہنگائی کے خلاف آج وزیراعلی ہاؤس کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کیا تھا تاہم اب جلسے اور دھرنے کی جگہ کا مقام تبدیل کردیا گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم نے فیصل چوک میں جلسے کے نئے مقام کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا جماعت اسلامی نے آئی پی پیز ، مہنگائی ، بجلی بلز میں ناجائز اضافے کے خلاف تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے جلسے سے وہ عناصر سوچنے پر مجبور ہونگے جو کہتے تھے کہ جماعت اسلامی کو اسلام آباد دھرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوا ہے، عوامی طاقت سے ظلم کے نظام کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ حکومت نے ٹائم فریم پر عمل نہ کیا تو سول نافرمانی اور ملک گیر ہڑتال کی طرف جائیں گے۔

9 سالہ بچی نے کنگ فو کا عالمی اعزاز حاصل کرکے سب کو حیران کردیا

ہینان: چین میں ایک 9 سالہ بچی نے شاؤلن کنگ فو میں اپنی حیرت انگیز مہارت کا مظاہرہ کرکے سب کو حیران کردیا۔

چین کے صوبہ ہینان سے تعلق رکھنے والی 9 سالہ لڑکی ژانگ سکسوان نے اس سال کے عالمی شاولن گیمز میں “شاؤلین کنگ فو سٹار” کا خطاب حاصل کرکے دنیا کے چند اعلیٰ ترین کنگ فو ماسٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ہے

دنیا بھر میں لاکھوں شاولن کنگ فو کھلاڑی ہیں اور ہر سال ان میں سے دسیوں ہزار ورلڈ شاولن گیمز کے فائنلز میں مقابلے کیلئے مدعو کیے جاتے ہیں۔

اس سال 124 کنگ فو کھلاڑیوں کو وسطی چین کے صوبہ ہینان کے ایک شاولن مندر میں کنگ فو ماسٹرز اور شائقین کے سامنے اپنی مہارت دکھانے کا موقع دیا گیا۔

ان میں ایک 9 سالہ لڑکی بھی تھی جس کی ناقابل یقین لچک اور کنگ فو کی بےمثال مہارت نے ججوں اور ہجوم دونوں کو دنگ کر دیا جو بالآخر شاولن کنگ فو اسٹار کے اعزاز پر منتج ہوا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی پر حملہ؛ 2 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی

سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں سرچ آپریشن کے دوران ہونے والی ایک مسلح جھڑپ میں بھارتی فوج کے 2 اہلکار مارے گئے جب کہ 4 زخمی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے ایک جنگل میں بھارتی فوج کی ٹیم سرچ آپریشن کے لیے پہنچی لیکن مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔

بھارتی فوج اس اچانک اور غیر متوقع جوابی حملے کے لیے تیار نہیں تھی اور سنبھل نہ پائی۔ مزید نفری طلب کی گئی جس نے زخمی اہلکاروں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

دوران علاج دو بھارتی فوجیوں نے دم توڑ دیا جب کہ 4 کی حالت نازک ہے۔ علاوہ ازیں دو طرفہ فائرنگ کی زد میں آکر 2 شہریوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔

مسلح افراد جاتے ہوئے بھارتی فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

دوسری جانب علاقے کو کلیئر کرانے کے لیے بھارتی فوج کی تازہ کمک پہنچا دی گئی اور تاحال جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

مودی سرکار کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں غیرملکی مسلح افراد کی موجودگی اطلاعات پر سرچ آپریشن کیا گیا جو ہدف کے حصول تک جاری رہے گا۔

نویں جماعت میں لڑکی کا فیل ہونا جرم بن گیا، بھائی نے بہن کو قتل کردیا

پنجاب کے ضلع دیپالپور کے قریب نویں جماعت میں لڑکی کا فیل ہونا جرم بن گیا، بھائی نے بہن کو قتل کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق واقعہ حجرہ شاہ مقیم میں پیش آیا، مقامی پولیس اور ریسکیو کو اطلاع ملتے ہی شدید حالت میں زخمی ساجدہ کو اسپتال لے جایا گیا مگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے ہی دم توڑ گئی۔

مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ والدہ کے منع کرنے کے باوجود ملزم نے دستی پسٹل سے مقتولہ کو چھ گولیاں مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا، ماں اپنے بچوں کے ساتھ سو رہی تھی کہ ملزم نے آتے ہی کہا کہ میرے ساتھ جھگڑا کرنے اور نہم کلاس میں فیل ہونے کا مزہ چکھاتا ہوں۔

مقتولہ کی والدہ ساجدہ بی بی کی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ملزم عادل حسین فائرنگ کے بعد اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

شاہ رخ خان کی بوڑھے آدمی کو دھکا دینے کی ویڈیو وائرل، مداح برہم

سوئٹزر لینڈ: بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے ‘انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول’ کے ریڈ کارپٹ پر بوڑھے آدمی کو دھکا دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے 10 اگست کی شب ‘انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول’ میں شرکت کی، سُپر اسٹار کو سینما میں ان کی خدمات کے لیے ’پاردو ایلا کوریرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

‘انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول’ میں مداحوں کی بڑی تعداد نے شاہ رخ خان کا استقبال کیا، اس فیسٹیول کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہیں جن میں اداکار کو اپنا ایوارڈ وصول کرتے اور پھر تقریر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتی انہی ویڈیوز میں سے ایک مختصر ویڈیو کلپ نے شاہ رخ خان کے مداحوں کو شدید غصہ دلا دیا ہے۔

مذکورہ ویڈیو میں شاہ رخ خان واک کرتے ہوئے ریڈ کارپٹ پر آتے ہیں اور پھر وہاں موجود ایک بوڑھے شخص کو دھکا دے کر پیچھے ہٹنے کا کہتے ہیں۔

بوڑھا شخص شاہ رخ خان کے دھکے کے بعد پیچھے ہٹ جاتا ہے جبکہ بالی ووڈ کنگ کیمرے کے سامنے پوز دیکر اپنی تصاویر بنوانے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔

شاہ رخ خان کی وائرل ویڈیو دیکھ کر جہاں اُن کے مداح غصے میں ںظر آرہے ہیں تو وہیں ایک مداح نے دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص شاہ رخ خان کا دوست ہے اور اُنہوں نے مذاق میں اُنہیں دھکا دیا۔

دوسری جانب کئی مداحوں نے یہ بھی کہا کہ شاہ رخ خان کو بڑے چھوٹے کی تمیز نہیں ہے، اُنہوں نے انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر جاکر اپنے سے بڑی عُمر کے شخص کے ساتھ بدتمیزی کی۔

 

مراد سدپارہ براڈ پیک سر کرنے کے بعد گرکر لاپتہ

معروف ریکارڈ یافتہ کوہ پیما مراد سدپارہ براڈ پیک سر کرنے کے بعد گرکر لاپتہ ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق معروف ریکارڈ یافتہ کوہ پیما مراد سدپارہ براڈ پیک سر کرنے کے بعد گرکر لاپتہ ہوگئے، جہاں سے انکا رابطہ منقطع ہوگیا۔

ڈپٹی کمشنر شگر ولی اللہ فلاحی نے مراد سدپارہ کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو کرنے کیلئے آرمی ایوی ایشن سے رابطہ کرلیا ہے۔

مراد سدپارہ نے گزشتہ دنوں بوٹل نیک پر کوہ پیما محمد حسن کی لاش نیچے لانے کیلئے ریسکیو مشن میں حصہ لیا تھا۔

کوہ پیما محمد حسن کی لاش بیس کیمپ سے ہیلی کاپٹر پرروانہ کرنے کے بعد مراد سدپارہ براڈ پیک پرروانہ ہوئے تھے اور گزشتہ سال ایک ہفتے میں دو بار نانگا پربت سر کرکے ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ؛ عمرے کی آڑ میں یورپ جانے کی کوشش پر 6 زائرین گرفتار

ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے 6 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

ملزمان عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔ دوران تلاشی ملزمان کے قبضے سے یورپ کے جعلی ویزے برآمد کر لئے گئے۔

گرفتار ملزمان میں رضوان علی، مظہر عباس، عثمان علی، تنویر خالد، تصور عظیم اور یاسر اقبال شامل ہیں جن کا تعلق گوجرانوالہ، گجرات اور کوٹلی آزادکشمیر سے ہے۔

ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے سعودی عرب سے یورپ جانے کی کوشش کرنا تھی۔

ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔