میری حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے؛ حسینہ واجد

ڈھاکا: طلبا کی احتجاجی تحریک کے نتیجے میں مستعفی ہونے اور بھارت میں پناہ لینے والی بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کا دھڑن تختہ ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ واجد نے اپنے 15 سالہ اقتدار کے خاتمے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہراتے ہوئے کہا کہ ایئربیس قائم کرنے کیلئے سینٹ مارٹن جزیرہ امریکا کو نہ دینا میرا جرم بنا دیا گیا۔

سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے مزید کہا کہ اگر میں استعفیٰ نہ دیتی تو مجھے لاشوں کا جلوس دیکھنا پڑتا۔ وہ لاشوں پر اقتدار حاصل کرنا چاہتے تھے لیکن میں نے اس کی اجازت نہیں دی۔

شیخ حسینہ واجد نے اپنے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شدت پسندوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

یہ بیان دراصل شیخ حسینہ واجد کا مستعفی ہونے سے قبل قوم سے کی جانے والی تقریر پر مبنی تھا جو انہیں کرنے نہیں دی گئی کیونکہ مشتعل مظاہرین ان کے گھر پر پہنچ گئے اور ملک کے سیکورٹی افسران نے وزیراعظم کو جلد سے جلد وہاں سے نکل جانے کا مشورہ دیا تھا۔

تاہم اب بھارت میں شیخ حسینہ واجد نے کچھ لوگوں سے اپنی اُس نہ ہو پانے والی تقریر کے مندرجات پر گفتگو کی ہے اور این ڈی ٹی وی نے تحریری تقریر کے مندرجات دیکھے اور آج اپنی رپورٹ میں شائع کیے۔

“سلمان خان کو بُرا لگتا ہے، اگر اُن کی فلم 300 کروڑ نہیں کماتی”

ممبئی: بھارتی فلمساز نکھل اڈوانی نے انکشاف کیا ہے کہ اگر دبنگ اسٹار سلمان خان کی کوئی فلم 300 کروڑ کا بزنس کرنے میں ناکام ہوجاتی ہے تو اداکار کو بہت بُرا لگتا ہے۔

سلمان خان کے ساتھ فلم ‘سلامِ عشق’ اور ‘ہیرو’ جیسے پراجیکٹس کرنے والے معروف بھارتی فلمساز نکھل اڈوانی نے کہا ہے کہ میں اب دوبارہ سلمان خان کے ساتھ کوئی فلم نہیں کرنا چاہوں گا، مجھے اُن کے ساتھ فلم کرتے ہوئے ہچکچاہٹ محسوس ہوگی کیونکہ سلمان خان کے نام کی وجہ سے فلم کو لیکر باکس آفس پر بہت زیادہ توقعات ہوتی ہیں۔

نکھل اڈوانی نے کہا کہ سلمان خان کی ایک فلم کو 300 کروڑ سے زائد کا بزنس کرنا ہوتا ہے، اگر اُن کی فلم اس سے کم کا بزنس کرتی ہے تو پھر دبنگ اسٹار بہت بُرا محسوس کرتے ہیں اور میں یہ بوجھ نہیں اُٹھا سکتا۔

فلمساز نے کہا ک میں رات کو سکون سے سونا چاہتا ہوں، میں 300 سے 400 کروڑ کی کمائی کرنے والی فلم بنانے کا بوجھ نہیں اٹھانا چاہتا، میں ایسی فلمیں بنانا چاہتا ہوں جو میں چاہتا ہوں، جس کی ریلیز کے بعد مجھ پر کوئی دباؤ نہ ہو۔

اُنہوں نے کہا کہ میرا سلمان خان کے ساتھ گہری دوستی کا رشتہ ہے، میں جب بھی سلمان خان کو فون کرتا ہوں اور مدد طلب کرتا ہوں تو وہ فوراََ سارے کام چھوڑ کر میری مدد کے لیے تیار ہوجاتے ہیں اور یہ صرف میرے لیے نہیں ہے بلکہ وہ ہر ایک کے ساتھ اسی طرح کا رویہ رکھتے ہیں۔

نکھل اڈوانی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اگر سلمان خان کسی ایکشن سین کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور اس دوران کوئی اُنہیں فون کرکے مدد طلب کرے تو وہ فوراََ کہیں گے کہ میں مدد کے لیے جاؤں گا، فلاں انسان مشکل میں ہے۔

فلمساز نے مزید کہا کہ سلمان خان بالی ووڈ کے مسیحا ہیں، وہ کبھی کسی کی مدد کے لیے انکار نہیں کرتے ہیں، وہ کمال شخصیت کے مالک ہیں۔

پیرس اولمپکس؛ دنیا کھیل کا سب سے بڑا ایونٹ آج اختتام پذیر ہوگا

فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری کھیلوں کا سب سے بڑا میلہ اولمپکس 2024 آج ختم ہوجائیں گے۔

پھولوں کے شہر پیرس میں 26 جولائی سے شروع ہونے والا کھیلوں کی دنیا کا سب سے بڑا میلہ پیرس اولمپکس 17 روز تک شائقین کو محظوظ کرنے کے بعد آج اختتام پذیر ہو جائے گا۔

گیمز میں ہفتہ کی شب تک چین نے 39 گولڈ میڈلز کے ساتھ میڈل ٹیبل پر اپنی ٹاپ پوزیشن برقرار رکھی ہوئی ہے، چین نے 27 گولڈ اور 24 کانسی کے تمغے حاصل کر رکھے ہیں اور میڈلز کی مجموعی تعداد 90 ہے۔

اسی طرح امریکا ایونٹ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے جس کے کھلاڑیوں نے 122 تمغے حاصل کیے ہیں تاہم انکے 38 گولڈ میڈلز ہیں اس لیے دوسری پوزیشن پر موجود ہے۔

امریکی اتھلیٹس نے 42 چاندی اور 42 برانز میڈل حاصل کررکھے ہیں۔

آسٹریلیا 18 گولڈ اور مجموعی طور پر 50 میڈلز کے ساتھ تیسری، جاپان 18 گولڈ اور 43 مجموعی میڈلاز کے ساتھ چوتھی جب کہ میزبان فرانس 16 سونے کے تمغوں کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر موجود ہے۔

دوسری جانب 82 ممالک کی طرف سے حصہ لینے والے میگا ایونٹ میں پاکستان 62 ویں نمبر پر موجود ہے جبکہ ارشد ندیم کا واحد گولڈ میڈل پاکستان کو ملا۔

پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کیلیے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: پاکستان نے ایکسچینج پروگرام کے تحت پولیس افسران کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا۔

ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی کی آج وزارت داخلہ آمد ہوئی جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیر مقدم کیا۔ وفاقی وزیر سے ترکیہ کے سفیر کی ملاقات ہوئی جس میں پاکستان ترکیہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں سیکیورٹی، پولیس اور سول آرمڈ فورسز کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا جبکہ ایکسچینج پروگرام کے تحت پاکستانی پولیس افسران کو تربیت کے لیے ترکیہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 14 اگست سے ترکیہ کے شہریوں کو بغیر کسی فیس کے آن لائن ویزا کی سہولت میسر ہو گی، اس اقدام سے ترکیہ کے بہن بھائیوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہوگی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ترکیہ حکومت کی دعوت پر اکتوبر میں ترکیہ کا دورہ کروں گا، دورے میں باہمی اشتراک کار بڑھانے کے لیے نتیجہ خیز تجاویز پیش کریں گے۔ پاکستانی ترکیہ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں جبکہ ترکیہ کے ساتھ دیرینہ مذہبی، ثقافتی اور تجارتی روابط ہیں، جن کو مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔

ملاقات میں ترکیہ میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس ضمن میں معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔

ترکیہ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو ہم بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا اور ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ رفعت مختار راجہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چاغی میں زائرین کی بس کو حادثے میں متعدد افراد زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے پدگ کے قریب زائرین کی بس کو حادثے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جس کے باعث بس الٹ گئی۔

زخمیوں میں مرد خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، زخمی زائرین کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال نوشکی منتقل کر دیا گیا ہے۔

لاہور سے 6 روز قبل اغوا ہونیوالی لڑکی ملتان روڈ سے بازیاب

لاہور: ڈولفن اسکواڈ نے 6 روز قبل اغوا ہونیوالی لڑکی کو ملتان روڈ سے بازیاب کروالیا۔

ڈولفن نے 15 کی کال پر کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو بازیاب کروایا۔ اغواء کار 3خواتین مغوی لڑکی کولاہور سے اغواء کرکے دوسرے شہر لے جارہی تھیں۔

ترجمان ڈولفن کے مطابق اغواء کار تینوں خواتین لڑکی کو زبردستی اپنے ساتھ لے جا رہی تھیں کہ ڈولفن نے راؤنڈ اپ کرلیا۔ لڑکی کے اغوا کا مقدمہ والد کی مدعیت میں تھانہ چوہنگ میں درج ہے۔

ڈولفن اسکواڈ نے مغوی کو بازیاب کرواکر لڑکی کے والد کو مطلع کردیا۔ اغوا کار خواتین شمیم،شاہدہ،پروین کو تھانہ ہنجروال کے حوالہ کردیا گیا۔ ڈولفن ٹیم کی حاضر دماغی و بر وقت ریسپانس سے مغوی طیبہ محفوظ رہی۔

آئی پی ایل کوچ پولارڈ نے راشد کو ایک اوور میں 5 چھکے جڑدیے

انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں ممبئی انڈین کے کوچ نے دی ہنڈریڈ لیگ میں افغان اسپنر کو ایک اوور میں 5 چھکے جڑدیے۔

بھارتی فرنچائز ایم آئی نیو یارک کی نمائندگی کرتے ہوئے کیرون پولارڈ نے افغان اسپنر راشد خان پر کوئی رحم نہ دیکھایا اور ایک اوور میں 5 چھکے لگائے۔

ٹرینٹ راکٹس کی ٹیم مقررہ 100 گیندوں کے میچ میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 126 رنز بناسکی تھی جبکہ ہدف کے تعاقب میں سدرن بریو 78 رنز پر 6 وکٹیں گنوا چکی تھی جبکہ آخری 20 گیندوں پر انہیں 49 رنز درکار تھے۔

پولارڈ 14 گیندوں پر صرف چھ رنز بنا کر جدوجہد کر رہے تھے جب کپتان لیوس گریگوری نے راشد کو اٹیک میں واپس لائے آئے تو انہوں نے ابتدائی 15 گیندوں پر صرف 10 رنز دیے تھے جبکہ پولارڈ نے مسلسل 5 گیندوں پر 5 چھکے لگا کر میچ کا نقشہ تبدیل کردیا۔

پولارڈ 23 گیندوں پر 45 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے تاہم جب تک انہوں نے اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا تھا۔

سدرن بریو نے راکٹس کیخلاف محض ایک گیند پہلے ہدف حاصل کیا اور پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

انسانیت کی خدمت کرنے کا مقصد ثواب کمانا نہیں ہے، شہزاد رائے

کراچی: پاکستانی میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے انسانیت کی خدمت کرنے کا مقصد بتا دیا۔

شہزاد رائے کا شمار پاکستان کے اُن صفِ اول فنکاروں میں ہوتا ہے جن میں انسانیت کی خدمت کرنے کا جذبہ ہے، گلوکار نے جہاں اپنی موسیقی کے ذریعے ملک کی خدمت کی تو وہیں گزشتہ کئی سالوں سے ‘زندگی’ کے نام سے ٹرسٹ بھی چلا رہے ہیں۔

گلوکار نے اپنے ٹرسٹ ‘زندگی’ کے ذریعے پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بہت کام کیا ہے، شہزاد رائے کی کاوشوں کی بدولت حکومت پاکستان نے اُنہیں اعلیٰ ترین سول ایوارڈز سمیت دیگر کئی اعزازات سے نوازا ہے۔

اب حال ہی میں نجی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں شہزاد رائے نے کہا کہ میں نے ابھی تک تعلیم کے میدان میں یا اسپتالوں کے لیے جو بھی خدمات سرانجام دی ہیں، وہ سب ثواب حاصل کرنے کے لیے نہیں کیا۔

شہزاد رائے نے کہا کہ میری والدہ ثواب کی نیت سے خیراتی کام کرتی ہیں جن میں مستحق لوگوں کی مالی مدد کرنا، لوگوں کو کھانا کھلانا یا کسی غریب کی شادی کروانا وغیرہ شامل ہے۔

گلوکار نے کہا کہ میری والدہ تو ثواب کی نیت سے خیراتی کام کرتی ہیں لیکن میں نے اب تک انسانیت کی خدمت کے لیے جتنے بھی کام کیے ہیں، اُن کا مقصد ثواب حاصل کرنا نہیں تھا۔

اُنہوں نے کہا کہ میں اصلاحاتی کام کرتا ہوں کیونکہ اگر ہم تعلیم اور اسپتالوں کے کام کو بھی خیرات کا نام دینا شروع کردیں گے تو یہ شعبے تباہ ہوجائیں گے۔

شہزاد رائے نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ میں تعلیم کے میدان میں سب کے لیے یکساں مواقع لاؤں اور امیر غریب کے بچے میں کوئی فرق نہ ہو۔

گورنر کے پی کی امام مسجد نبوی سے ملاقات، صوبے کے دورے کی دعوت

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی مسجد نبوی کے خطیب ڈاکٹر صلاح محمد البدیر سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں خصوصی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر گورنر نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے ساتھ محبت و احترام کے رشتے سے منسلک ہیں، خیبر پختونخوا مذہبی اعتبار سے انتہائی ذرخیز ہے اور ہم آپ کے دورہ کے منتظر رہیں گے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں امن اور سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے، خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے ریاست کے تشخص کے لیے اقدامات اسلامی ممالک کے لیے مشعل راہ ہیں۔

خطیب مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح محمد البدیر نے کہا کہ آپ کے جذبات عوام اور مملکت کے لیے انتہائی قابل قدر ہیں، اگلے دورہ پاکستان میں پشاور آؤں گا۔ آپ جب بھی مدینہ منورہ تشریف لائیں مجھے بھائی تسلیم کرتے ہوئے میرے گھر آئیں۔

گورنر خیبر پختونخوا کی درخواست پر خطیب مسجد نبوی نے صوبے کی ترقی اور امن کے لیے خصوصی دعا کی۔

کراچی میں وقفے وقفے سے بارش، سمندری ہواؤں سے موسم خوشگوار

کراچی: شہر قائد کے بیشتر علاقوں میں رات سے صبح تک ہونے والی ہلکی بارش اور سمندری ہواؤں سے موسم خوش گوار ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش کیماڑی میں 4.5 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کا امکان ہے جبکہ آج بھی مطلع ابرآلود اور موسم مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ سمندری ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر فی گھنٹہ تک تجاوز کر سکتی ہے۔

آج کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔