‘ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں’

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو بار بار پرفارمنس دینی پڑے تو اس کے لیے آپ کو تیار رہنا پڑتا ہے کیونکہ ملک کی نمائندگی سے بڑھ کر کوئی اور چیز نہیں۔

پی سی بی ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر میر حمزہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ خود کو پرفارمنس کے لحاظ سے پاکستان کے ٹاپ بولرز کے قریب لائیں تاکہ جب بھی پاکستان ٹیم میں جگہ خالی ہو تو وہ اپنی جگہ بناسکیں اس کے لیے کافی وقت لگ گیا۔

میر حمزہ کو آسٹریلیا کا دورہ اس لیے یاد رہتا ہے کہ اس میں انہوں نے میلبرن ٹیسٹ میں بڑی عمدہ بولنگ کی تھی، وہ کہتے ہیں کہ شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بولنگ کرکے انہیں بہت اچھا لگا۔

شاہین انہیں بہت حوصلہ دیتے تھے کہ تم اچھی بولنگ کررہے ہو اسی طرح بولنگ کرو اور وکٹیں لو۔ اس طرح کی پارٹنرشپ بہت ضروری ہوتی ہے اس سے ٹیم کو فائدہ ہوتا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میلبرن میں شاہین نے ابتدا میں دو وکٹیں حاصل کرڈالیں تو وہ بھی وکٹیں لینے کے بارے میں سوچ رہے تھے اور پھر انہوں نےبھی ایک ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کرڈالیں ۔اسوقت وہ شاہین سے یہی کہہ رہے تھے اس مرحلے سے ہمیں یہ ٹیسٹ جیتنا چاہیے بدقسمتی سے ہم وہ ٹیسٹ نہ جیت سکے لیکن بولنگ یونٹ کے طور پر ہماری کارکردگی بہت اچھی تھی۔

میر حمزہ کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے دورے میں ہمیں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوئی اگر وہ ہوتے تو ہوسکتا ہے نتیجہ مختلف ہوتا۔

ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے آسٹریلیا کے دورے کی پہلے سے تیاری کررکھی تھی ۔انہیں بتایا گیا تھا کہ آسٹریلوی کھلاڑی آپ کو پہلے فٹنس کے ذریعے مات دیتے ہیں وہاں کے گراؤنڈز نرم اور بڑے ہیں لہذا انہوں نے فٹنس پر کافی کام کیا تھا ۔

ڈومیسٹک میچوں میں خود پر اضافی بوجھ ڈالا تھا تاکہ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر مضبوط کرسکیں۔

میرحمزہ ٹیسٹ ٹیم میں کم بیک کو آسان نہیں سمجھتے جیسا کہ ان کے ساتھ ہوا ہے تاہم مسلسل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے انہیں بہت زیادہ فائدہ رہا ہے اس سے ذہنی مضبوطی اور صبر آجاتا ہے اور آپ کی پرسنلٹی گرومنگ ہوتی ہے جو آپ کے کام آتی ہے۔

میرحمزہ کا کہنا ہے کہ عام طور پر صرف کرکٹ کے نقطہ نظر سے فٹنس پر توجہ دی جاتی ہے لیکن اس کا تعلق آپ کے لائف اسٹائل سے بھی ہے۔ اس کے لیے آپ کو اپنی خوراک کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے اپنی روٹین کا بھی خیال رکھنا پڑتا ہے ۔اگر ہم انٹرنیشنل اسٹارز کو دیکھیں تو ہمیں پتہ چل جائے گا کہ وہ کس طرح اپنی لائف اسٹائل کا خیال رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے مختلف ہیں یہاں وکٹوں میں زیادہ باؤنس نہیں ہوتا لیکن انہی وکٹوں پر ہم تمام بولرز کئی برسوں سے کھیلتے آرہے ہیں یہ ہمارے ہوم گراؤنڈز ہیں لہذا کوئی ایشو نہیں ہونا چاہیے لیکن چونکہ اس سیزن میں میچز زیادہ ہیں لہذا اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھنا ہوگا۔

پی آئی اے طیارے طویل عرصے تک گراؤنڈ کرنے سے تقریباً 22ارب روپے کا نقصان

کراچی: پی آئی اے کو طیاروں کو مینٹس کے لیے طویل عرصے تک گراؤنڈ کرنے سے 21 ارب 81 کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق ہوائی جہازوں کی معمول کی مینٹس میں 44 سے 239 دن کا وقت لیا گیا، انتظامیہ کی غفلت سے تاخیر ہوئی جس سے 21 ارب 81 کروڑ 50 لاکھ کا آپریشنل اور مالی نقصان ہوا۔

انتظامیہ کو ستمبر 2023 میں معاملے سے آگاہ کیا گیا۔

انتظامیہ کا موقف ہے کہ مالی رکاوٹوں اور ادائیگیوں کے مسائل کی وجہ سے بروقت مرمت و دیکھ بھال متاثر ہوئی۔

آڈیٹر جنرل نے طیاروں کی طویل گراؤنڈنگ کے دیگر متعلقہ مالی مسائل سے متعلق دستاویزی ثبوت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل بھی 38 ارب 40 کروڑ روپے کی بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھایا گیا تھا، دوبارہ اس معاملے پر ضابطگیاں ہونا تشویش کا باعث ہے۔

ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر کا ارشد ندیم پر بائیوپک بنانے کا مطالبہ

  کراچی: پاکستانی فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار ہمایوں سعید اور محسن عباس حیدر نے  پیرس اولمپکس میں تاریخ رقم کرکے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم پر بائیوپک بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ارشد ندیم وہ قومی ہیرو ہیں جنہوں نے پیرس اولمپکس 2024 کے جیولین تھرو ایونٹ میں 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے 40 سال بعد اولمپکس گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا۔

اُنہوں نے 92.97 میٹر طویل تھرو کرکے اولمپکس میں نیا ریکارڈ بھی بنایا، ارشد ندیم نے اپنی تاریخی فتح سے پوری قوم کا سر فخر سے بُلند کرکے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

صوبہ پنجاب کے شہر میاں چنوں سے تعلق رکھنے والے ارشد ندیم نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے کئی سال محنت کی، اُن کے اس سفر میں اُن کے اہلخانہ اور گاؤں والوں نے بھرپور ساتھ دیا، ارشد ندیم کا یہ طویل سفر نوجوان نسل کے لیے متاثر کُن ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کہ ارشد ندیم کی زندگی پر کوئی فلم یا ڈرامہ بنایا جائے تاکہ عوام دیکھ سکیں کہ اُنہوں نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے کتنی جدوجہد کی۔

اس حوالے سے پاکستانی فلم اسٹار ہمایوں سعید نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اُنہیں موقع ملا تو وہ ارشد ندیم کی زندگی پر فلم بنائیں گے۔

دوسری جانب اداکار و میزبان محسن عباس حیدر نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ براہِ کرم! ارشد ندیم پر بائیوپک بنائی جائے اور میں بائیوپک میں ارشد ندیم کا کردار ادا کرنا چاہوں گا۔

m1

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا

حریت رہنما یاسین ملک نے اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ کرلیا

مقبوضہ جموں کشمیر کے حریت پسند رہنما یاسین ملک کا اپنا کیس خود لڑنے کا فیصلہ بھارتی نظام انصاف کے منہ پر طمانچہ قرار دیا جانے لگا۔

جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین یاسین ملک کو سزائے موت دینے کی بھارتی حکومت کی درخواست کی سماعت 15 ستمبر نئی دہلی ہائی کورٹ میں ہوگی۔

درخواست کی سماعت کے موقع پر محمد یاسین ملک کو عدالت میں پیش کرنے پر پابندی ہے تاہم انہیں ویڈیو لنگ کے زریعے پیش کیا جائے گا۔

گزشہ روز مقدمے کی سماعت کے موقع پر یاسین ملک کو نئی دلی کی تہاڑ جیل سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیاگیا، یاسین ملک نے ایک جھوٹے مقدمے میں انہیں سزا ئے موت دلانے کیلئے دائر اپیل میں اپنا دفاع خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حریت رہنما نے جسٹس سریش کمار کیت اور جسٹس گریش کٹھپالیہ پر مشتمل ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ کو بتایاکہ وہ عدالت میں اپنا دفاع خود کرناچاہتے ہیں۔
ان کے اس فیصلے کے بعد جسٹس سریش کیٹ کی سربراہی والے بینچ نے کیس کی سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کردی۔

یاسین ملک نے اپنے کیس کے ازخود دلائل دینے کا فیصلہ کیوں کیا ہے اور اس کے پیچھے کیا وجوہات ہیں۔۔؟ یہ جاننا بہت ضروری ہے، ایسا کرتے ہوئے یاسین ملک مقدمے کی سیاسی نوعیت اور بھارتی حکومت کی جانب سے انہیں خاموش کرنے کی کوششوں کو بھی اجاگر کرنا ہے۔

یاسین ملک یہ سمجھتے ہیں کہ وکیل مقرر کرنے کی صورت میں ان کا مقدمہ منصفانہ انداز سے نہیں چل سکتا، ایسا کرکے وہ ایک طرح سے بھارت میں قانونی نظام پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کرسکتے ہیں۔

یاسین ملک کی جانب سے اپنا مقدمہ خود لڑنے کو بھارتی حکومت کی پالیسیوں کیخلاف مزاحمت کی علامتی کارروائی کے طور پر بھی دیکھا جائے گا، مقدمے کا فیصلہ جو بھی آئے حریت رہنما کی جدوجہد کشمیری نوجوانوں کو حق کی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتی رہے گی۔

یاسین ملک اور دیگر کشمیری رہنما جو بغیر شواہد اور بغیر ثبوتوں کے پابند سلاسل ہیں انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے ٹیسٹ کیس ہیں، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو بھارت پریہ واضح کرنے کی ضرورت ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو بہتر کئے بغیر خطے میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔

دوسری جانب بھارت تقسیم ہند کے بعد سے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر کے بھارت نے وہاں کے مسلمانوں پر جو ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں ان کی مثال نہیں ملتی ہے، بھارت نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارتی آئین کو روندتے ہوئے 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا بھی خاتمہ کردیا۔

اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض فوج نے مسلمانوں کی اکثریت کو ختم کرنے کیلئے ہر طرح کا غیر انسانی حربہ استعمال کیا ہے، کشمیر کی آزادی اور وہاں کے مظلوم عوام کے حق میں آواز اٹھانے پر مسرت عالم، شبیر شاہ، آسیہ اندرابی اور یاسین ملک ناکردہ گناہوں کی پاداش میں پابند سلاسل ہیں۔

وزیراعظم اور صدر مملکت کا اقلیتوں کے قومی دن پر پیغام

اسلام آباد: وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر پیغام دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے شاندار کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے۔ ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ بانیء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے 11 اگست 1947 کو پاکستان کی آئین ساز اسمبلی میں ایک تاریخی تقریر میں اقلیتوں کے لئے مکمل مذہبی آزادی کا اعلان کیا تھا۔ قائد اعظم کے ویژن کی پیروی کرتے ہوئے اقلیتوں کی خدمات اور ان کی شناخت کے اعتراف میں 11 اگست کو اقلیتوں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہ اکہ ہم اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی ترقی و خوشحالی کے لیے پر عزم ہے اور آج کے دن ایک بار پھر ہم اسی عزم کا بھرپور اعادہ کرتے ہیں۔ حکومت پاکستان مذہبی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے حوالے سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اقلیتوں کے لئے ملازمتوں میں میرٹ کے علاوہ مخصوص نشستیں اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے یکساں مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، اقلیتی برادری کی تمام اداروں میں نمائندگی کو سراہا جا رہا ہے۔

بیان میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہمیں پاکستان میں بسنے والی مذہبی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور عزت و احترام کی یاد دلاتا ہے۔ پاکستان کے آئین میں تمام اقلیتی برادریوں کیلئے برابر کے حقوق اور مکمل تحفظ کی ضمانت دی گئی ہے۔ حکومت آئین پاکستان کی روشنی میں تمام اقلیتی برادریوں کے لئے مساوی حقوق یقینی بنا رہی ہے۔ پاکستان میں بسنے والے مسلمان، سکھ، ہندو، مسیحی، پارسی سمیت تمام مذاہب کے لوگ اس ملک کے آزاد شہری ہیں جنہیں یکساں حقوق اور اپنے نظریات کے مطابق زندگی گزارنے کا پوری آزادی حاصل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے افراد کی مختلف شعبوں میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ اقلیتی برادری پاکستان کے دفاع میں بھی پیش پیش رہی ہے اور اسی اقلیتی برادری کے افراد کی ملک عزیز کی حفاظت کی خاطر اپنی جانیں بھی نچھاور کیں۔ آج کا دن در حقیقت تجدید عہد کا دن ہے کہ اقلیتی برادری اپنے مثالی اتحاد کو بر قرار رکھتے ہوئے بلا امتیاز ملکی ترقی کے لئے کردار ادا کرتے رہے گی۔

وزیراعظم کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری دین اسلام کی تعلیمات میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔ رواداری، باہمی احترام اور ہر طرح کے امتیاز کے بغیر انسانی حقوق کا تحفظ اسلامی معاشرے کی پہچان ہے۔ بانیء پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی تمام اقلیتوں کے یکساں حقوق پر زور دیا ہے۔ اقلیتوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی اور ان کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ تمام اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔ حکومت تمام اقلیتی برادریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت، عزت و وقار اور جان و مال کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ تمام اقلیتوں کے مقدس مقامات کی حفاظت، دیکھ بھال اور تزئین و آرائش حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ وطن عزیز میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کا احترام کیا جائے گا، میں امید کرتا ہوں کہ تمام اقلیتیں ملک کی ترقی کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں علمائے کرام اور عوام پر زور دیتا ہوں کہ وہ مختلف عقائد کے لوگوں کے درمیان رواداری، برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لئے تمام اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ میں اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ حکومت مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کی پاسداری کے لیے اپنی جد و جہد جاری رکھے گی۔

صدر مملکت کا بیان

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کے اعتراف میں اقلیتوں کا دن مناتے ہیں، قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کے لیے کیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے، خوشی ہے کہ پاکستان نے اقلیتوں کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ ہم نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے لیے 5% کوٹہ مختص کیا ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں نشستیں مختص کی گئی ہیں جبکہ غریب اور مستحق افراد کو مالی امداد، شادی کیلئے گرانٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔

اپنے بیان میں صدر نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کے طلباء کو تعلیمی وظائف، عبادت گاہوں کی مرمت/ دیکھ بھال کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان اپنی اقلیتوں کے مذہبی، سماجی، سیاسی اور معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی اسکالرز، اقلیتی نمائندے اور میڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی دیں۔ پاکستان کو ایک مضبوط ملک بنانے کیلئے بین المذاہب ہم آہنگی، محبت، رواداری، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے کے فروغ کیلئے کام کریں۔ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، انھیں زندگی میں آگے بڑھنے کیلئے مساوی مواقع فراہم کرے گا، مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی اقلیتیں ملکی ترقی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

کراچی میں اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری تاج محمد حنفی کی گاڑی پر فائرنگ

کراچی: اورنگی ٹاؤن کے علاقے پونے پانچ نمبر کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان نے اہلسنت والجماعت کے جنرل سیکریٹری تاج محمد حنفی کی گاڑی پر فائرنگ کی۔

تاہم خوش قسمتی سے تاج محمد حنفی سمیت گاڑی میں موجود تمام افراد محفوظ رہے ، ترجمان اہلسنت و الجماعت امیر معاویہ نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تاج محمد حنفی فائرنگ سے محفوظ رہے حملہ آوار جو دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4 افراد تھے وہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ تاج محمد حنفی کے سیکیورٹی گارڈ نے صرف اپنا اسلحہ فائرنگ کرنے والوں کی طرف تانا تھا فائرنگ نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل سیکریٹری تاج محمد حنفی کو قتل کرنے یا خوف وہراس پھیلانے کے لئے ان پر فائرنگ کی گئی۔

ترجمان کے مطابق اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ نمبر اسلام چوک پر شہدائے اسلام کانفرنس منعقد کی گئی تھی ، تاج محمد حنفی کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس جا رہے تھے ۔

کراچی میں پولیس مقابلوں کے بعد 3 زخمی سمیت 6 ڈاکو گرفتار

کراچی: سائٹ بی سائٹ بی رضویہ اور اورنگی ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 3 زخمی سمیت 6 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔

پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شیر شاہ پراچہ پل کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت نصیر احمد ولد خالد ظہیر کے نام سے کی گئی جبکہ دیگر دو گرفتار ملزمان نے اپنے نام نصر اللہ اور حارث ولد اصغر بتائے ہیں ، گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، نقدی ، موبائل فون اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

رضویہ پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ناظم آباد وحید آباد عید گاہ گراؤنڈ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔ ملزم کی شناخت 40 سالہ فیصل ولد اکرم کے نام سے کی گئی۔ ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی۔

اورنگی ٹاؤن پولیس نے ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب سیکٹر 6 اے امیر معاویہ مسجد کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 35 سالہ عبد المطلب سعید احمد جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام 32 سالہ تنویر ولد ایوب بتایا ، گرفتار ملزمان سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی ۔

رشبھ کو لیکر اروشی روٹیلا پھر میدان میں آگئیں

بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کو لیکر بالی ووڈ ادکارہ اروشی روٹیلا نے ایک مرتبہ مزاحیہ ریل انسٹاگرام پر شیئر کردی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بالی ووڈ ادکارہ اروشی روٹیلا نے ایک ایڈیٹ شدہ ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے، جو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہا ہے۔

اس ترمیم شدہ کلپ میں نیو یارک میں آئرلینڈ کے بیری میک کارتھی کے خلاف ورلڈکپ 2024 کے گروپ میچ رشبھ پنت ریورس سکوپ شاٹ ذریعے چھکا لگاتے ہیں تاہم آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے کسی نے رشبھ کی جگہ اروشی کو کھڑا کردیا ہے اور وہ شارٹ کھیلی دیکھائی دے رہی ہیں۔

رشبھ کے شارٹ سے بھارتی ٹیم نے فتح حاصل کی تھی جبکہ یہ ورلڈکپ بھارت نے اپنے نام کیا تھا اور وکٹ کیپر بیٹر اس ٹیم کے رکن تھے۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹر و بالی ووڈ اداکارہ-ماڈل اروشی روتیلا کے تعلقات اور ڈیٹنگ کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں تاہم تنازعات کے بعد یہ رشتہ ختم ہوگیا تھا۔

دوسری جانب اروشی روٹیلا اِن دنوں اپنی فلم کی تشہیر کیلئے مختلف تقاریب میں شرکت کررہی ہیں تاہم اس کلپ نے انکی تشہیری مہم کو مزید تیز کردیا ہے۔
اداکارہ نے 10 اگست کو اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ویڈیو شیئر کی تھی۔

پاکستان میں اقلیتوں کا آج قومی دن منایا جا رہا ہے

اسلام آباد: پاکستان بھر میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے اور اس حوالے سے ملک کے مختلف شہروں میں پروگرامات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

پاکستان اقلیتوں کے حوالے سے ایسا ملک ہے جہاں پر مسلمانوں کے ساتھ رہنے والی تمام اقلیتوں کو برابری کے حقوق حاصل ہیں۔ ملکی تعمیر و ترقی میں اقلیتی برادری کا کلیدی کردار رہا ہے جس میں مرد و خواتین نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

اس کے علاوہ، پاکستان کی مسلح افواج میں بھی اقلیتی برادری کی بڑی تعداد وطن عزیز کے دفاع کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔

پاکستان میں اقلیتوں کا مثبت کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں مذہبی، لسانی اور صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر فیصلے کیے جاتے ہیں۔ اقلیتوں کے لیے بھی ترقی کا وہی معیار ہے جو مسلمانوں کے لیے ہے۔

حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبو د کے لیے مسلسل کوشاں اور سرگرم عمل ہے۔ ملک میں بسنے والی اقلیتیں ہمیشہ کی طرح مستقبل میں بھی پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر تی رہیں گی۔

آپ 46 برس کی لگتی ہیں، مداح کے اندازے پر زویا ناصر آگ بگولہ

  کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ و ماڈل زویا ناصر اُن کی عُمر کا اندازہ لگانے والے مداح پر برہم ہوگئیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

حال ہی میں زویا ناصر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی اسٹوری میں مداحوں کے لیے سوال و جواب کا ایک سیشن رکھا تھا جس میں اُنہوں نے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔

اسی دوران ایک مداح نے زویا ناصر سے کہا کہ وہ اُنہیں 46 برس کی لگتی ہیں، مداح کے اس اندازے پر زویا ناصر غصے سے آگ بگولہ ہوگئیں۔

زویا ناصر نے مداح پر شدید برہم ہوتے ہوئے کہا کہ آپ نے مجھے 46 برس کی کیوں کہا؟ جبکہ میں تو ابھی تک 35 برس کی بھی نہیں ہوئی ہوں۔

اداکارہ نے تلخ لہجے میں مداح سے کہا کہ آپ اس طرح میری عُمر سے متعلق بےتُکے اندازے کیوں لگا رہے ہیں؟

زویا ناصر کی یہ ویڈیو جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے کہا کہ اداکارہ نے خوبصورت نظر آنے کے لیے کاسمیٹیک سرجریز کروا رکھی ہیں جس کی وجہ سے اُن کی عُمر زیادہ لگتی ہے۔

کچھ صارفین نے یہ بھی کہا کہ زویا ناصر بظاہر 46 برس کی ہی لگتی ہیں جبکہ کچھ صارفین نے اداکارہ سے کہا کہ اگر کسی نے آپ کو 46 برس کی بول دیا تو اس میں بُرا ماننے والا کیا بات ہے، کبھی نہ کبھی تو آپ نے بوڑھا ہونا ہی ہے۔