گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی وطن واپسی؛ بیٹا، والد کے گلے لگ کر آبدیدہ

پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کرنیوالے ارشد ندیم کی وطن واپس پہنچنے پر والد کیساتھ جذباتی مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیے۔

رات گئے جیولین تھرو اسپیشلسٹ ارشد ندیم اولمپکس میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے بعد 1 بج کے 25 منٹ پر لاہور پہنچے، اس موقع پر ان کے طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کر کے خوش آمدید کہا گیا۔

ارشد ندیم کے اہل خانہ اور عزیزو اقارب کے ساتھ آبائی شہر میاں چنوں سے مداحوں کا قافلہ بھی لاہور استقبال کیلئے آیا جبکہ ہزاروں فینز اپنے ہیروکی ایک جھلک دیکھنے لاہور ائیر پورٹ پہنچے۔

ائیرپورٹ پر رات گئے مداحوں نے سما باندھ دیا، بینڈ نے دھنیں بکھیر کر ماحول میں اور جوش پیدا کیا گیا اور عوام ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔

ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو دیکھتے ہی فوراً چوما اور زور سے گلے لگایا، ساتھ ہی پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔

اس موقع پر کچھ جذباتی مناظر میں دیکھنے میں آئے اور بظاہر ارشد کی آنکھیں نم تھیں۔

ارشد ندیم کے والد کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے نے قوم کا مان رکھ لیا، میں تو ایک مزدور ہوں، اللہ کا کرم ہوگیا۔

واضح رہے کہ اولمپکس گیمز میں پاکستان نے اپنا آخری مرتبہ 8 اگست 1992 میں کانسی کے تمغے کے ساتھ ہاکی ایونٹ میں حاصل کیا تھا جبکہ آخری گولڈ میڈل بھی ہاکی کی ہی بدولت 1984 میں حاصل ہوا تھا۔

سی ٹی ڈی کی لاڑکانہ میں کارروائی، کالعدم تنظیم کے 2دہشت گرد گرفتار

کراچی: لاڑکانہ کے علاقے نئوں ڈیرو میں سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لیے۔

گرفتار دہشت گردوں کے نام جمیل احمد شیخ اور صلاح الدین بتلائے جاتے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے دہشت گرد ملزمان کو گرفتار کرنے اور دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی لاڑکانہ اور حساس اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انھیں شاباش دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگوں کی مشترکہ کارروائی کی بدولت دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ہوا، کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے جشن آزادی کے ایونٹ کو پرامن اور محفوظ بنائیں۔

نامناسب ماحول؛ پیراگوئے کی خاتون تیراک نے نیمار سے متعلق بڑا انکشاف کردیا

نامناسب ماحول پیدا کرنے کے باعث اولمپکس ویلیج سے نکالی گئیں پیراگوئے کی خاتون تیراک نے بڑا انکشاف کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیراگوئے کی سوئمر لوانا الونسو کا کہنا ہے کہ انسٹاگرام پر معروف برازیلی فٹبالر نیمار جونئیر نے انہیں پرائیوٹ میسج کرکے پیغام بھیجا تھا۔

پیراگوئین ریڈیو شو ایر ڈی ٹوڈوس سے بات کرتے ہوئے، 20 سالہ سوئمر نے دعویٰ کیا کہ برازیل کے سابق کپتان اور معروف فٹبالر فٹبالر نیمار جونئیر نے مجھے انسٹاگرام پر میسجز کیے، جو میں یہاں نہیں بتاسکتی۔

اولمپکس ویلیج سے نکالے جانے کے بعد لوانا الونسو نے کہا کہ میں نے ملک نہیں چھوڑا نہ مجھے نکالا گیا ہے، غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

دوسری جانب نیمار جونئیر اِن دنوں اپنی چوٹ سے لڑرہے ہیں وہ انجری کے باعث کوپا امریکا ٹورنامنٹ میں بھی برزایل کی نمائندگی سے قاصر رہے تھے۔

اکتوبر میں ورلڈکپ کوالیفائر میں ایک حریف سے ٹکرانے کے بعد برازیل کی یوروگوئے سے 2-0 کی شکست کے دوران وہ روتے ہوئے اسٹریچر گئے تھے۔

واضح رہے کہ اولمپکس کمیٹی کا کہنا تھا کہ لوانا الونسو نے گیمز کے قوانین کی خلاف ورزی کی، اولمپئین مقابلے کے بعد گھومنے پھرنے کیلئے پیرس کے ڈزنی لینڈ چلی گئیں، جس کے باعث انہیں نکالا گیا۔

شاہ رخ خان کو بھری محفل میں انٹرنیشل ایوارڈ کے نام کا تلفظ کرنے میں مشکل

سوئٹزر لینڈ: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے ‘انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول’ میں اپنا پہلا ’پاردو ایلا کوریرا‘ ایوارڈ وصول کرلیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان ان دنوں سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جہاں اُنہوں نے 10 اگست کی شب ‘انٹرنیشنل لوکارنو فلم فیسٹیول’ میں شرکت کی، سُپر اسٹار کو سینما میں ان کی خدمات کے لیے ’پاردو ایلا کوریرا‘ ایوارڈ سے نوازا گیا، اس ایوارڈ کو وصول کرتے ہوئے شاہ رخ نے اعتراف کیا کہ ان کے لیے ایوارڈ کے نام کا تلفظ کرنا مشکل تھا۔

شاہ رخ خان نے تقریب میں موجود شرکاء سے تقریر کرتے ہوئے کہا کہ اس قدر وسیع پیمانے پر میرا استقبال کرنے کے لیے آپ سب کا شکریہ، میں آپ سب کی محبت اور پیار کا بےحد مشکور ہوں۔

کنگ خان نے کہا کہ سینما ہمارے دور کا سب سے گہرا اور بااثر فنکارانہ ذریعہ رہا ہے، مجھے کئی سالوں سے اس کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے اور میں نے اپنے اس سفر کے دوران بہت سے سبق سیکھے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سینما اور آرٹ ایک ایسی دُنیا ہے جہاں سیاست نہیں، نفرت نہیں، یہاں ہر فنکار آزاد ہے، فن کی کوئی سرحد نہیں، ہمارا تعلق چاہے کسی بھی ملک سے کیوں نہ ہوں، لوگ اپنے پسندیدہ فنکار کو پسند کرتے ہیں اور ایک قابل فنکار کو دُنیا کے ہر ملک میں عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ میں نے اپنے فلمی کیریئر میں ہر کردار نبھایا ہے، میں ایک ولن رہا ہوں، میں ایک چیمپئن رہا ہوں، میں ایک سُپر ہیرو رہا ہوں، میں ناکام کردار بھی رہا ہوں اور میں ایک عاشق بھی رہا ہوں، مجھے میرے ہر کردار کی وجہ سے دُنیا بھر میں شہرت ملی ہے۔

میگا اسٹار نے اپنی تقریر کا اختتام کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں اپنے تمام مداحوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہمیشہ آپ کو اسی طرح اپنے کام سے خوش کرتا رہوں گا۔

یاد رہے کہ 77 واں لوکارنو فلم فیسٹیول 17 اگست تک جاری رہے گا جس میں 225 فلمیں دکھائی جائیں گے، 104 فلموں کے پریمیئر ہوں گے جبکہ 15 فلموں کا وہاں ڈیبیو ہوگا۔

وہ مقام جہاں چند سیکنڈز میں آپ 3 ممالک کا دورہ کرسکتے ہیں

باسل: کم سے کم وقت میں زیادہ جگہوں کی سیر و سیاحت کرلینا ہر سیاح کی اولین خواہش ہوتی ہے لیکن محض چند سیکنڈز میں 3 ملکوں کا سفر کرلینا! کیا یہ ممکن ہوسکتا ہے؟

سوئٹزرلینڈ شہر باسل (Basel) سوئس، فرانسیسی اور جرمن سرحدوں کے درمیان واقع ہے جو زائرین کو دس سیکنڈز میں تین ممالک کا دورہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

یہ یورپ کے بہترین عجائبات میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے مضافات فرانس اور جرمنی دونوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

ایک ٹک ٹاکر نے حال ہی میں ایک سفر کے دوران دلچسپ پوسٹ کی جس میں دکھایا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ، فرانس اور جرمنی کہاں آکر مل جاتے ہیں۔

باسل ایک منفرد مقام کی حیثیت رکھتا ہے جو تینوں ممالک میں تقریبا بیک وقت داخل ہونے کا غیر معمولی تجربہ پیش کرتا ہے۔ جغرافیائی انفرادیت کے علاوہ باسل کو سوئٹزرلینڈ میں ثقافت کے اہم مقامات میں سے ایک کے طور پر بھی جانا جاتا ہے۔

خلا میں موجود دفاعی ٹیلی اسکوپ کو 1 دہائی بعد بند کردیا گیا

واشنگٹن: زمین کے لیے خطرہ بننے والے سیارچوں کو ٹریک کرنے والی خلا میں موجود دفاعی ٹیلی اسکوپ کو ایک دہائی سے زائد عرصے کے بند بند کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا کا نیئر ارتھ آبجیکٹ وائڈ فیلڈ انفراریڈ سروے ایکسپلورر نامی خلائی ٹیلی اسکوپ کو اب سرکاری طور پر غیرفعال کردیا گیا ہے ۔

خلائی ایجنسی نے جنوبی کیلیفورنیا میں اپنی جیٹ پروپلشن لیبارٹری سے NEOWISE کرافٹ ادارے کو حتمی کمانڈ بھیجی جس کے بعد 10 سال سے زائد عرصے سے فعال دفاعی مشن کو ختم کردیا گیا۔

ناسا نے انفراریڈ سروے ٹیلی اسکوپ سے تمام سائنسی ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد ٹیلی اس کو ریٹائر کیا ہے کیونکہ یہ جلد ہی زمین کے گرد اپنے مدار میں بہت نیچے گر جائے گی اور قابل استعمال معلومات کو منتقل کرنے کے قابل نہیں رہے گی۔

کم آمدنی والے دولت مند لوگوں سے زیادہ خوش ہوتے ہیں، سروے

یہ اکثر کہا جاتا ہے کہ پیسہ خوشی نہیں خرید سکتا یہ بات اب ایک سروے میں سچ ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

اگرچہ عام طور پر یہ خیال کیا جاتا ہے کہ دولت مند قومیں یا لوگ زمین پر سب سے زیادہ خوش ہیں لیکن ایک حالیہ سروے سے پتا چلا ہے کہ چھوٹے درجے کی کمیونٹیز میں رہنے والے کم آمدنی والے افراد اکثر زیادہ خوش رہتے ہیں۔

عالمی سروے کی قیادت کرنے والے سائنسدانوں نے پانچ براعظموں میں پھیلے 19 مقامات سے تقریباً 3000 افراد پر تحقیق کر کے اپنی معلومات اکٹھی کیں۔

اگرچہ ابتدائی طور پر اس مطالعے کا مقصد چھوٹے پیمانے پر کمیونٹیز پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا جائزہ لینا تھا جن میں سے اکثر مقامی تھے تاہم محققین نے یہ سوال بھی شامل کیا کہ لوگ اپنی زندگی سے کتنے مطمئن ہیں؟

معلومات اکٹھا کرنے کا یہ مرحلہ آسان نہیں تھا۔ محققین نے جن کمیونٹیز کا دورہ کیا وہ سب دور دراز تھے اور بعض اوقات انہیں جنوبی امریکا کے جنگلوں، جنوبی ایشیائی پہاڑوں اور افریقی گھاس کے میدانوں اور صحراؤں کو عبور کرنے کی ضرورت تھی۔ ٹیم نے سروے کا مقامی زبانوں میں ترجمہ بھی کیا اور 100 سے زیادہ چھوٹے دیہاتوں سے منتخب افراد کے انٹرویوز بھی کئے۔

فواد خان اور صنم سعید کی متنازع ویب سیریز ‘برزخ’ یوٹیوب سے ڈیلیٹ

پاکستانی سپر اسٹار اداکار فواد خان اور صنم سعید کی متنازع بھارتی ویب سیریز ’برزخ‘ کو یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا۔

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ زی فائیو کے لیے بنائی گئی ویب سیریز ‘برزخ’ کے پروڈیوسرز نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر اعلان کیا تھا کہ 9 اگست کو ’برزخ‘ کو یوٹیوب سے ہٹا دیا جائے گا۔

بھارتی پروڈیوسرز نے زی زندگی کے یوٹیوب چینل سے ’برزخ‘ کی تمام چھ اقساط 9 اور 10 اگست کی درمیانی شب ڈیلیٹ کیں۔

‘برزخ’ کی پہلی قسط 19 جولائی جبکہ آخری قسط 6 اگست کو زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر ریلیز کی گئی تھی۔

سیریز کی تمام اقساط 19 جولائی سے 9 اگست تک زی زندگی کے یوٹیوب چینل پر موجود تھیں اور صارفین نے تقریباََ تمام اقساط ہی دیکھ لی تھیں۔

بھارتی پروڈیوسرز کے مطابق ‘برزخ’ کو صرف یوٹیوب پاکستان سے ہٹایا گیا ہے یعنی سیریز کی تمام اقساط بھارت سمیت دُنیا کے دیگر ممالک کے یوٹیوب پلیٹ فارم پر اب بھی موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ویب سیریز ‘برزخ’ کی عکس بندی پاکستان کے مقبول سیاحتی مقام ہنزہ اور اور شہر قائد میں کی گئی تھی، سیریز کی کاسٹ میں فواد خان اور صنم سعید کے علاوہ عائزہ گیلانی، ایمان سلیمان، خوشحال خان، انیقا ذوالفقار علی، سلمان شاہد اور فرانکو گوئسٹ سمیت دیگر فنکار شامل تھے۔

پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی جانب سے تحریر اور ہدایت کردہ سیریز کو تیسری قسط کی نشریات کے بعد سے سوشل میڈیا پر کڑی تنقید کا سامنا تھا۔

‘برزخ’ میں ہم جنس پرستی، فحاشی، زنا اور بچوں کی ذہنی سازی بھی دکھائی گئی تھی جس کی وجہ سے پاکستانی مداح سمیت کئی شوبز شخصیات بھی سیریز پر پابندی کا مطالبہ کررہی تھیں۔

پاکستان کی معروف فیشن ڈیزائنر ماریہ بی نے ‘برزخ’ کے خلاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) میں پابندی کی درخواست بھی دائر کی تھی۔

تاہم زی زندگی کے پروڈیوسرز نے پی ٹی اے کے ایکشن سے قبل ہی ‘برزخ’ کو یوٹیوب سے ڈیلیٹ کردیا۔

موسلادھار بارش سے تاخیر کا شکار میراتھن ریس کا آغاز

لاہور: لبرٹی چوک سے شروع ہونے والی میراتھن ریس بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی جس کا آغاز بارش میں ہی کر دیا گیا۔

میراتھن ریس کے جائزے کے لیے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپورٹس بورڈ بھی لبرٹی چوک پر موجود تھے۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے ایتھلیٹس بھیگ گئے اور بارش سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں ایتھلیٹس نے کیمپوں میں پناہ لی۔

ریس صبح سات بجے شروع ہونی تھی، جس کا ٹائم بڑھا کر آگے کر دیا گیا، پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ذرائع کے مطابق ریس کے آغاز کا وقت نصف گھنٹہ آگے کر دیا گیا تھا۔

جشن آزادی کے حوالے سے ہونے والی اس میراتھن ریس کو پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی رس قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 12 کلومیٹر ریس میں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس شریک ہیں جب کہ اس کے ساتھ 3 کلومیٹر فیملی فن ریس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریس میں مردوں کے ساتھ خواتین ایتھلیٹس بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں۔

موسلادھار بارش سے تاخیر کا شکار میراتھن ریس کا آغاز

لاہور: لبرٹی چوک سے شروع ہونے والی میراتھن ریس بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہو گئی تھی جس کا آغاز بارش میں ہی کر دیا گیا۔

میراتھن ریس کے جائزے کے لیے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپورٹس بورڈ بھی لبرٹی چوک پر موجود تھے۔

موسلادھار بارش کی وجہ سے ایتھلیٹس بھیگ گئے اور بارش سے بچنے کے لیے بڑی تعداد میں ایتھلیٹس نے کیمپوں میں پناہ لی۔

ریس صبح سات بجے شروع ہونی تھی، جس کا ٹائم بڑھا کر آگے کر دیا گیا، پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ذرائع کے مطابق ریس کے آغاز کا وقت نصف گھنٹہ آگے کر دیا گیا تھا۔

جشن آزادی کے حوالے سے ہونے والی اس میراتھن ریس کو پنجاب کی تاریخ کی سب سے بڑی رس قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق 12 کلومیٹر ریس میں بڑی تعداد میں ایتھلیٹس شریک ہیں جب کہ اس کے ساتھ 3 کلومیٹر فیملی فن ریس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریس میں مردوں کے ساتھ خواتین ایتھلیٹس بھی بڑی تعداد میں شریک ہیں۔