بھارت کی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والا 21سالہ نوجوان بادل محبت میں سرحدوں کو بھلا بیٹھا، بادل کی پاکستانی لڑکی ثنا سے فیس بک پر دوستی ہوئی ، جو مبینہ طور پر محبت میں بدل گئی۔
بادل اس محبت کو حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی طریقے سے پاکستان پہنچا جہاں اس کا نصیب ہی خراب نکلا، پاکستانی پولیس نے اسے پکڑ کر جیل میں ڈال دیا اور جس لڑکی کے لیے وہ آیا تھا اس لڑکی نے بھی بابو کو ٹاٹا بائے بائے کردیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، بادل کا خاندان شدید صدمے میں ہے، بادل اپنے خاندان کو دہلی جانے کا بتا کر گیا تھا، پھر اس نے اپنے خاندان کو یہ بھی بتایا کہ اسے دہلی میں نوکری مل گئی ہے۔
بادل کے والد کا کہنا تھا کہ ہم یہی سمجھ رہے تھے کہ وہ دہلی میں کام کر رہا ہے، لیکن اگلے ہی لمحے ہمیں پتہ چلا کہ وہ پاکستانی جیل میں ہے، یہ کسی فلم کی کہانی جیسا لگتا ہے، بادل کے خاندان نے بھارتی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ بادل کی رہائی کے لئے پاکستانی حکومت سے بات کریں۔
بادل بابو نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تاکہ 21 سالہ ثناء رانی سے ملاقات کر سکے، اسے گزشتہ ہفتے منڈی بہاؤالدین سےغیر قانونی سرحد عبور کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستانی پنجاب پولیس نے ثناء رانی کا بیان ریکارڈ کیا جس میں ثنا نے کہا کہ وہ بادل بابو سے شادی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
ثنا رانی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اور بادل بابو گزشتہ ڈھائی سال سے فیس بک پر دوست ہیں لیکن وہ اس سے شادی کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔
پاکستانی پولیس حکام کا کہنا ہے بادل نے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کی اور منڈی بہاؤالدین کے مونگ گاؤں میں پہنچا جہاں اسے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کر لیا، پولیس نے بادل اور ثنا کی ملاقات کی تصدیق بھی نہیں کی۔
بادل کو پاکستان کے فارن ایکٹ کی دفعات 13 اور 14 کے تحت حراست میں لیا گیا کیونکہ وہ کسی قانونی دستاویز کے بغیر سفر کر رہا تھا،بعد میں اسے عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں اسے 14 دن کے عدالتی ریمانڈ کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں کہ سوشل میڈیا پر ہونے والی محبت سے ملنے بھارت سے کوئی پاکستان یا پاکستان سے کوئی بھارت پہنچا ہو۔
اس سے قبل بھارتی لڑکی انجو بھی پاکستان میں اپنے محبوب سے ملنے گئی تھی جہاں اس نے اسلام قبول کرکے پاکستانی نوجوان نصر اللہ سے نکاح کرلیا تھا۔
گزشتہ برس سیما حیدر نامی خاتون پب جی گیم پر بھارتی لڑکے سے دوستی کے بعد اپنے 4 بچوں سمیت نیپال کے راستے بھارت پہنچی اور شادی کی۔
اسی طرح گزشتہ برس ہی سال 19 سالہ پاکستانی لڑکی اقرا جیوانی کی 25 سالہ بھارتی شہری ملائم سنگھ یادیو سے آن لائن گیم کے ذریعے دوستی ہوئی جس کے بعد اقرا جیوانی اور ملائم سنگھ یادیو نے نیپال میں شادی کی۔