بالی ووڈ کے مشہور جوڑے کاجول اور اجے دیوگن کی محبت کی کہانی اپنی کشش، سادگی اور پائیداری کے لیے نمایاں ہے، باوجود اس کے کہ دونوں کی شخصیات ایک دوسرے سے بہت مختلف ہیں، ان کا تعلق وقت کے ساتھ اور مضبوط ہوتا گیا ہے۔
ہدایتکار انیس بزمی جنہوں نے اس جوڑے کے ساتھ کام کیا ہے، انہوں نے حال ہی میں ان کے دیرپا تعلق پر اپنی پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان خصوصیات کو اجاگر کیا جو انہیں ایک مضبوط جوڑا بناتی ہیں۔
ایک انٹرویو میں انیس بزمی نے کاجول اور اجے کے ساتھ کام کرنے کے اپنے تجربات کو یاد کیا، انہوں نے کہا کہ انہیں ایک دوسرے سے محبت ہو گئی اور میں بہت خوش ہوں کہ وہ شادی کے بندھن میں بندھے، ان کی شادی بہت کامیاب ہے۔
انیس بزمی نے مزید کہا کہ اجے کافی سنجیدہ ہیں لیکن ان میں ایک شرارتی پہلو بھی ہے جسے بہت کم لوگ دیکھتے ہیں،وہ ہمیشہ پرسکون رہتے ہیں،دوسری طرف کاجول خوش مزاج، شرارتی اور زندگی سے بھرپور ہیں، دونوں مل کر ایک شاندار توازن پیدا کرتے ہیں۔
بزمی نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے ان کی باہمی محبت کو اس وقت محسوس کیا جب انہوں نے اسے کھل کر ظاہر بھی نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ وہ ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں۔
کاجول اور اجے کی کہانی 90 کی دہائی کے وسط میں شروع ہوئی جب وہ فلم ’ہلچل‘ کے سیٹ پر ملے، کاجول کی زندہ دل اور خوش مزاج طبیعت اور اجے کی خاموش اور سنجیدہ شخصیت کے باوجود ان کے درمیان ایک قریبی تعلق قائم ہوا جو آخر کار محبت میں بدل گیا۔
ایک انٹرویو میں کاجول نے بتایا کہ م نے ایک دوسرے کو چار سال تک ڈیٹ کیا، اور پھر ہم نے شادی کر لی،1999 میں، اس جوڑے نے ایک روایتی مہاراشٹری تقریب میں شادی کی، جس میں صرف قریبی دوستوں اور خاندان نے شرکت کی۔
تب سے کاجول اور اجے نے ایک مضبوط خاندانی زندگی بنائی، اپنی بیٹی نیسا اور بیٹے یوگ کا خیر مقدم کیا، انہوں نے ذاتی اور پیشہ ورانہ اتار چڑھاؤ میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا۔