بالی وڈ اداکار گووندا اور ان کی اہلیہ سنیتا آہوجا 1987ء میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، حال ہی میں سنیتا نے اپنی ساس کے ساتھ پہلی ملاقات کے لیے ساڑھی پہننے کے واقعے کو یاد کیا۔
سنیتا نے بتایا کہ گووندا کو ان کے چھوٹے اسکرٹس پہننے کا انداز پسند نہیں تھا اور اسی بات پر ان دونوں میں جھگڑے بھی ہوتے تھے، انہوں نے کہا کہ گووندا اس وقت بہت چھوٹی سوچ رکھتے تھے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو میں سنیتا آہوجا نے بتایا کہ اپنی ساس سے پہلی ملاقات کے دوران ساڑھی پہننے میں انہیں کافی دشواری ہوئی، انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اُس وقت صرف 16 سال کی تھیں اور انہیں ساڑھی پہننے کا طریقہ نہیں آتا تھا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کس کی مدد لی، تو انہوں نے کہا کہ ‘خود ہی ممی کو دیکھ رہی تھی پہنا ہوا تو ٹیڑھا میڑھا کرکے پہن لی، پیار میں دیکھو کیا کیا کرنا پڑتا ہے، اندھا پیار تھا’۔
سنیتا نے بتایا کہ گووندا نے ہی ان سے ساڑھی پہننے کو کہا تھا، انہوں نے انکشاف کیا کہ گووندا کو اُن کے کپڑوں کا انتخاب پسند نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ ان کو نفرت تھی کہ میں صرف شارٹس اور چھوٹے اسکرٹس پہنتی تھی، میرا ہیئر اسٹائل بھی بوائے کٹ تھا، جب میں گووندا سے ملی تھی تو انہوں نے کہا ارے یہ تو لڑکا ہے۔
سنیٹا نے مزید بتایا کہ گووندا مجھے پسند ہی نہیں تھا کیونکہ اس کی سوچ بہت چھوٹی تھی، لیکن بعد میں جھگڑا لڑائی کرتے کرتے کب پیار ہو گیا پتہ ہی نہیں چلا۔
اسی انٹرویو میں سنیتا آہوجا نے گووندا کی والدہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر بات کی، انہوں نے بتایا کہ وہ ان کی ساس کی وجہ سے ہی گووندا سے شادی کرنے پر راضی ہوئیں، انہوں نے مزید کہا کہ ان کا اور ان کی ساس کا کبھی ایسا جھگڑا نہیں ہوا جیسا عام طور پر “ساس بہو” کے درمیان ہوتا ہے۔
سنیتا نے کہا کہ ‘گووندا کی ممی نے مجھے پسند کیا تھا اور میں آج بھی بولتی ہوں، میں نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ میری گووندا سے شادی میری ساس کی وجہ سے ہی ہوئی تھی، ہمارے درمیان کبھی لڑائی جھگڑا نہیں ہوا، جیسے دوسری ساس اور بہوؤں کا ہوتا ہے۔