بالی وڈ اداکارہ ترپتی دمری نے فلم ’اینیمل’ کو ’خواتین مخالف’ فلم سمجھے جانے پر اپنے خیالات واضح کردیے۔
سندیپ ریڈی وانگا کی فلم’اینیمل‘ دسمبر 2023 میں سنیما گھروں کی زینت بنی اور اپنی تشدد پسند کہانی اور دیگر چند بولڈ ڈائیلاگز اور سینس کی وجہ سے ریلیز ہوتے ہی متعدد تنازعات کا شکار ہوئی۔
تمام تر تنازعات کے ساتھ ہی یہ فلم باکس آفس پر تہلکہ مچاتی نظر آئی جس نے 900 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا اور بالی وڈ کی ٹاپ بلاک بسٹر فلموں میں اپنا نام شامل کروالیا۔
اس فلم میں اداکار رنبیر کپور، انیل کپور، بوبی دیول اور رشمیکا مندانا نے مرکزی کردار کرکے فلم کو کامیاب کیا وہیں فلم میں گالم گلوچ، پرتشدد اور نیم عریاں مناظر کی بھرمار ہونے کی وجہ سے اسے کافی تنقید کاسامنا بھی کرنا پڑا یہاں تک کہ اس فلم کی کہانی پر ’خواتین مخالف’جیسے الزامات بھی لگائے گئے۔
اب حال ہی میں فلم کی مرکزی کردار ترپتی دمری نے فلم متنازع کہانی سے متعلق اپنے خیالات واضح کردیے۔
ترپتی دمری نے سندیپ ریڈی وانگا کی فلم ’اینمل’ میں مختصر مگر متاثرکن پرفارمنس دی، جس نے شائقین کی توجہ حاصل کی۔
ترپتی دمری کا بیان:
ایک حالیہ انٹرویو میں جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے فلم ’قلا’کے بعد ایک ’اینٹی فیمینسٹ’ فلم کیوں کی؟ تو جواب میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ،’ میں نے اس فلم کو اینٹی فیمینسٹ کے طور پر نہیں دیکھا اور میں فلموں کو ایسے ٹیگز نہیں دیتی۔ جب میں نے بلبل اور قلا*کی تھیں تب بھی میں نے نہیں سوچا کہ میں کوئی فیمینسٹ فلم کر رہی ہوں۔ میں نے کرداروں سے جڑاؤ محسوس کیا، ہدایت کاروں پر بھروسہ کیا اور سوچا کہ مجھے یہ کرنا چاہیے۔’
ترپتی مزید کہتی ہیں کہ،’ جب مجھے اینیمل کی پیشکش ہوئی تو میں سندیپ سر سے ملی، انہوں نے کہانی کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں بتایا بلکہ میرے کردار کی وضاحت کی۔ میرے لیے یہ بات دلچسپ تھی کہ میں نے اب تک صرف اچھے اور ہمدردی پیدا کرنے والے کردار کیے ہیں۔ اس فلم میں میرا کردار ایک مختلف جگہ پر تھا، اور میں نے سوچا کہ یہ ایک نیا تجربہ ہوگا۔’
فلم کے تنازعات اور ترپتی کا ردعمل
ترپتی نے مزید کہا کہ ان کے لیے یہ کردار اس لیے خاص تھا کیونکہ یہ ان کے پچھلے کرداروں سے مختلف تھا۔ انہوں نے فلم میں اپنی پرفارمنس کو ایک نیا چیلنج اور اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کو آزمانے کا موقع قرار دیا۔
اداکارہ نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ،’سندیپ سر نے مجھ سے ایک بہت دلچسپ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ میری آنکھوں میں معصومیت اور مہربانی دیکھنا چاہتے ہیں لیکن اندرونی طور پر میرے دل میں ایک مشن ہونا چاہیے جسے میں پورا کرنا چاہوں۔ اب، وہاں تک کیسے پہنچنا ہے یہ میرا کام تھا۔ میں نے اسے چیلنجنگ اور دلچسپ پایا اور اسی نے مجھے ہاں کہنے پر مجبور کیا۔’
ترپتی کے مطابق،’ اس وقت تک، میں ایک ایسی اداکارہ تھی جس نے بلبل اور قلا جیسی فلمیں کی تھیں، اور جو فلمیں مجھے آفر کی جا رہی تھیں وہ بھی اسی قسم کی تھیں۔ مجھے ان فلموں کو کرنا پسند تھا اور میں انہیں کرتے رہنا چاہتی ہوں لیکن اس وقت، ایک بڑی فلم ملنا میرے لیے ایک بڑی بات تھی۔ شاید، اس سے مجھے کچھ نیا سیکھنے کا موقع ملے اور یہ دیکھنے کا بھی کہ بڑی فلمیں کیسے بنتی ہیں۔’
یاد رہے کہ اداکاہ ترپتی کیلئے سال 2023 اور 24 بڑا کامیاب سال ثابت ہوا فلم اینیمل کے بعد اداکارہ نے سال 2024 میں کئی فلموں میں کام کیا جن میں ’بیڈ نیوز’، ’وکی ودیا کا وہ والا ویڈیو اور ’بھول بھلیاں 3’ شامل ہیں۔