89 پاکستانی زائرین پر مشتمل گروپ بھارت میں واقع اجمیرشریف کے لیے روانہ ہوا جبکہ بھارت سے 84 ہندو یاتری سوامی شادارام کے یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے۔
ٹریبیون کے مطابق برصغیر پاک و ہند کے بزرگ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے لیے 89 پاکستانی زائرین کا ایک گروپ اتوار کو لاہور کے واہگہ بارڈر کراسنگ کے ذریعے بھارت میں داخل ہوا۔
ٹریبیون کے مطابق صوفی بزرگ کی 813ویں برسی میں شرکت کے لیے مجموعی طور پر 500 پاکستانیوں نے ویزے کی درخواستیں دی تھیں، تاہم اسلام آباد میں بھارتی قونصل خانے نے صرف 102 درخواست گزاروں کو ایک ہفتے کے ویزے جاری کیے ہیں، درخواست گزاروں میں سے تیرہ ویزوں کے اجراء میں تاخیر ہوئی اور خراب موسم کی وجہ سے بھارت نہیں جا سکے۔ ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے بعض عازمین نے یہ موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارت سے 84 ہندو یاتری سوامی شادا رام کے 316ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے، ہندو یاتری واہگہ بارڈر سے سندھ میں واقع شادانی دربار حیات پتافی گئے جہاں ساری تقریبات اور مذہبی رسومات منعقد ہوں گی۔