لاہور:وزیر مملکت برائے انفارمیشن نے سیٹلائٹ پر انٹرنیٹ مہیا کرنے والی کمپنی سٹار لنک کی سیکیورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں رجسٹرڈ ہونے کی تصدیق کر دی۔
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسٹار لنک کی رجسٹریشن کے بعد خلائی بورڈ اتھارٹی مختلف تکنیکی پہلوؤں پر غور کر رہی ہے اور اس حوالے سے اسٹار لنک کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے۔
شزا فاطمہ خواجہ کا کہنا تھا کہ ایک ریگولیٹری نظام پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ اسٹار لنک سمیت زمینی مدار (ایل ای او) کی تمام سیٹلائٹ ’تمام بین الاقوامی کمپنیوں کے لئے کھلی رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسٹار لنک مقامی فریکوئنسیز میں مسائل پیدا کر سکتی ہے جس کے جائزے کے لیے ایک جامع پالیسی تیار کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پیشرفت ایلون مسک کی جانب سے اس تصدیق کے بعد سامنے آئی کہ وہ پاکستان میں اسٹار لنک سروسز لانچ کرنے کے لیے اسلام آباد کی منظوری کے منتظر ہیں۔
ایلون مسک نے یہ تصدیق ایک پاکستانی سوشل میڈیا صارف کی جانب سے ایکس پر ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کی تھی۔