وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف عاصم منیر، سابق وزیراعظم عمران خان، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی، دینی سکالر مفتی تقی عثمانی اور کئی دیگر پاکستانی 2025 کے 500 سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی فہرست میں شامل
‘دی مسلم 500: دی ورلڈز 500 موسٹ انفلوئنشل مسلمز’ ایک سالانہ اشاعت ہے، جو پہلی بار 2009 میں شائع ہوئی، جس میں دنیا بھر کے سب سے زیادہ بااثر مسلمانوں کی درجہ بندی کی جاتی ہے۔
یہ اشاعت اردن کے عمان میں واقع رویل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر کے ذریعہ مرتب کی جاتی ہے۔
اس اشاعت میں ان مسلم شخصیات کے اثرات کا جائزہ لیا جاتا ہے جو ثقافتی، نظریاتی، مالی، سیاسی یا دیگر طریقوں سے مسلمانوں پر اہم اثر ڈال کر دنیا بھر کے مسلمانوں پر گہرا اثر چھوڑنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس سال کی اشاعت میں کئی پاکستانیوں کے نام شامل ہیں، جن میں سول اور فوجی حکام، فلاحی کارکنان اور مختلف شعبوں میں اپنے غیر معمولی کام کے لیے جانے جانے والے افراد شامل ہیں۔
اشاعت میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے بارے میں لکھا گیا:
“شہباز شریف نے مارچ 2024 میں پاکستان کے 24ویں وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا، اور اس سے پہلے 2022-23 میں وہ 23ویں وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جب سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی تھی۔”
اس فہرست میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا نام بھی شامل ہے۔
“عاصم منیر ایک دینی اور علمی خاندان کے فرد ہیں، اور وہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے فوجی سربراہ ہیں جو حافظ قرآن ہیں,” اشاعت نے لکھا۔
“انہوں نے پاکستان کی دونوں اہم ملٹری انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں۔”