پاکستان کی معروف ماڈل آمنہ شیخ نے جب ماڈلنگ کی دنیا سے اداکاری میں قدم رکھا تو بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے اپنی دھاک بٹھادی۔
آمنہ جس کردار کو نبھاتی اس میں پوری طرح ڈھل کر حقیقت سے اس قدر قریب اداکار کرتیں کہ گویا وہی اس کردار کو جی رہی ہوں۔
امریکا میں پیدا ہونے والی آمنہ کراچی اور ریاض میں ہوئی اور امریکا کے ہی ہمفسائر کالج سے ویڈیو پروڈکشن کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد معروف امریکی پروڈکشن ہاؤس کیوریئس پکچرز میں بطور اسسٹنٹ کام کرنے لگیں۔
بعدازاں انہوں نے پاکستان کا رخ کیا اور فیشن ماڈل کے طور پر کامیابی حاصل کی اور کئی نامور انٹرنیشنل برینڈز کے ساتھ کام کیا۔
جس کے بعد انہوں نے اداکاری میں اپنا لوہا منوانے کے لیے ٹیلی ویژن کا رخ کیا اور ‘دلِ نادان’، ‘دام’، ‘مات’، ‘میرا سائیں’، ‘مراۃ العروس’ اور جیکسن ہائیٹ جیسے ڈراموں کے ذریعے اپنے آپ کو بہترین اداکارہ منوالیا۔
ٹی وی ڈراموں کے ساتھ ساتھ آمنہ نے فلموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور کریئر کے دوران کئی ایوارڈز اپنے نام کیے۔
آمنہ کی پہلی شادی اداکار محب مرزا سے 2005 میں ہوئی تھی جس کے بعد 2015 میں ان کے ہاں بیٹی میسا کی پیدائش ہوئی، تاہم اس کے 3 سال بعد 2018 میں ہی انہوں نے علیحدگی اختیار کرلی اور 2019 میں ان کا رشتہ طلاق پر ختم ہوا۔
بعدازاں آمنہ نے اگست 2020 میں بزنس مین عمر فاروقی سے دوسری شادی جن سے ان کے ہاں 2021 میں بیٹے عیسٰی کی پیدائش ہوئی۔
دوسری شادی اور بیٹے کی پیدائش کے بعد آمنہ شیخ ایک طویل عرصے تک منظرِ عام سے غائب رہیں حتیٰ کے سوشل میڈیا سے بھی کنارہ کشی اختیار کر رکھی، بعدازاں گزشتہ برس انہوں نے 2024 میں نہ صرف سوشل میڈیا پر واپسی کی بلکہ اب عملی طور پر بھی خاصی متحرک ہیں۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے اپنی ماضی کی یادوں کو تازہ کیا اور بتایا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہیں پاکستان واپسی کے لیے کس نے قائل کیا تھا۔
اداکارہ نے معروف ڈائریکٹر مہرین جبار کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘مہرین سے میری پہلی ملاقات گریجویشن کے فوری بعد ہوئی جب میرے ہاتھ میں فلم کی ڈگری تھی اور ایک پروڈکشن کمپنی میں کام کرکے نیویارک میں سیٹل ہونے کا ارادہ تھا’۔
آمنہ نے بتایا کہ کہ ‘مہرین نے ایک مرتبہ قائل کرنے والی گفتگو کے بعد میری زندگی کی سمت ہی تبدیل کردی اور مجھے پاکستان واپس آ کر کام کرنے پر آمادہ کرلیا، جس کے بعد کی تاریخ آپ کے سامنے ہے’۔
اداکارہ نے کہا کہ ‘وہ دن ہے اور آج کا دن ہے، میرے وہ ڈرامے جو سب سے زیادہ پسند کیے گئے مہرین کی تخلیقی عینک اور اس کی تخلیقی حسیاسیت کے ذریعے بنے، یہ کتنا شاندار سفر رہا، میں اپنے آپ کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں’۔