عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) نے پیش گوئی کی ہے کہ رواں مالی سال میں پاکستان کی معاشی ترقی 3 فیصد رہنے کا امکان ہے اور اگلے مالی سال میں 4 فیصد رہے گی۔
آئی ایم ایف نے مالی سال 25-2024 کی نئی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال بھارت کی معاشی ترقی 6.5 فیصد رہ سکتی ہے اور اگلے مالی سال میں بھارت کی معاشی ترقی 6.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال امریکا کی معاشی ترقی 2.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ آئندہ مالی سال امریکا کی معاشی ترقی 2.1 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح چین کی معاشی ترقی 4.6 فیصد متوقع ہے جبکہ اگلے مالی سال چین کی معاشی ترقی معمولی کمی سے 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
آئی ایم ایف نے بتایا کہ برطانیہ کی رواں مالی سال معاشی ترقی 1.6 فیصد اور اگلے سال 1.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔