وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوری میں ماہ بہ ماہ مہنگائی بڑھنے کی شرح 9 سال کی کم ترین سطح 2.4 فیصد پر آگئی ہے، اب پوری کاوش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جمرود میں پولیو ٹیم پر حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید اہلکار کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ جنوری 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 28.73 فیصد تھی، دسمبر 2024 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 4.1 فیصد تک کم ہوئی، مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا خوش آئندہ ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ اب پوری کاوش ہے کہ ہم معاشی ترقی کی طرف بڑھیں، اس کے لیے تمام متعلقہ وزارتوں کی پوری توجہ ہونی چاہیے، اسی حوالے سے ہم آگے بڑھیں گے اور یہی ہمارے لیے چیلنج ہے کہ معاشی نمو کو کس طرح بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے تاخیر ادائیگی پر تیل درآمد کرنے کی سہولت دسمبر 2023 میں ختم ہوگئی تھی، سعودی ولی عہد کی ہدایت پر ایک وفد نے کل پاکستان کا دورہ کیا ہے اور تیل کی درآمد پر ایک سال کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی موخر ادائیگی کی سہولت فراہم کردی ہے۔