انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے سربراہ مختار ڈیوپ نے کہا ہے کہ ان کا ادارہ اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری بڑھانے اور بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر میں فنڈنگ فراہم کرنیکا خواہاں ہے جس کے ذریعے دس برس تک سالانہ 2 ارب ڈالر تک کی سرمایہ کاری کے منصوبہ کا آغاز کرنا ہے ۔
پاکستان کے پہلے دورے کے بعد غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں آئی ایف سی کے منیجنگ ڈائریکٹر مختیار ڈیوپ نے کہا کہ اب سے لیکر اکتوبر تک کچھ منصوبوں میں پیش رفت متوقع ہے جوکہ اس بات کی عکاس ہو گی کہ پاکستان انفرا اسٹرکچر کے اہم شعبوں میں بڑے پیمانے پر فنانسنگ قبول کرنے کیلیے تیار ہے۔
عالمی بینک کے پرائیویٹ سرمایہ کاری ونگ آئی ایف سی کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کیلیے 2 ارب ڈالر سالانہ کی سرمایہ کاری کوئی بہت بڑی چیز نہیں کیونکہ پاکستان کو انٹرنیشنل ایئرپورٹس، توانائی، پانی، بندرگاہوں سمیت انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کی بڑی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہمارے لئے زراعت، مالیاتی سیکٹر اور ڈیجیٹل سیکٹر بھی اہم شعبے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ قرضوں کا اجراء آئی ایف سی کے کام کا اہم حصہ ضرور ہے مگر ہم پاکستان سمیت دنیا بھر میں شراکت داری کی بنیاد پر سرمایہ کاری چاہتے ہیں کیونکہ شراکت داری طویل المدت ہو سکتی ہے۔