تازہ تر ین

نندیتا داس پاکستان کی محبت میں گم

معروف بھارتی اداکارہ، ہدایت کارہ، پروڈیوسر و لکھاری نندیتا داس نے پاکستان آنے کیلئے واہگہ بارڈر کراس کرتے ہوئے خوبصورت انداز میں اپنی جذباتی کیفیت بیان کردی۔

نندیتا داس فیض میلے میں شرکت کیلئے حال ہی میں لاہور تشریف لائیں، سیشن کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں 8 سال بعد پاکستان آئی ہوں اور مجھے پاکستان آنے کے بہانے چاہئیں۔

نندیتا داس نے کہا کہ فیض میلے میں مدعو کیے جانے کو اعزاز سمجھتی ہوں، میرے یہاں متعدد سیشنز ہیں جہاں میں فیض احمد فیض کو خراج تحسین پیش کروں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ فیض اور منٹو جیسے لوگ لازوال ہیں، منٹو کی شخصیت کی وجہ سے ان پر فلم بنائی اور پھر کتاب بھی لکھی۔

بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب میں یہاں آئی ہوں، پہلی بار 1996 میں لاہور آئی تھی، متعدد بار اس شہر کا رخ کر چکی ہوں لیکن اس بار 8 سال کے بعد یہاں آئی ہوں۔

نندیتا داس نے کہا کہ یہاں مجھ سے اچھا سلوک کیا جا رہا ہے، مجھے یہاں کی نہاری، مٹھائی و دیگر لذیذ کھانے پسند ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سرحدیں انسانوں کی بنائی ہوئی ہیں لیکن فنکاروں کا کام محبت پھیلانا ہے۔

دریں اثنا نندیتا داس نے ان ہی خیالات کا اظہار اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں کیا جس میں انہوں نے واہگہ بارڈر کراس کرتے ہوئے وہاں کی مختلف تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کیں۔

پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ میں یہ تصاویر اور ویڈیوز بروقت پوسٹ نہ کر سکی کیونکہ میں ان لمحات کو جینے میں بہت مصروف تھی، واہگہ بارڈر کراس کرنا ہمیشہ ایک پُرجوش، جذباتی اور اداس کردینے والا تجربہ ہوتا ہے جنہیں آپ بیک وقت محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے واہگہ بارڈر پہلی بار 1996 میں سینئر بھارتی صحافی اور راجیہ سبھا ممبر کلدیپ نیر کے ساتھ پار کیا تھا، اس کے بعد چند بار انسانی حقوق کے موضوع پر منعقدہ اجلاسوں، ادبی میلوں کے علاوہ فلم میں اداکاری کیلئے اور معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو پر تحقیق کے لیے یہاں آچکی ہوں۔

نندیتا داس نے لکھا کہ تقریباً 8 سال بعد میں بارڈر پر دوبارہ آئی ہوں جہاں مزید اونچی دیواروں، مزید خاردار تاروں اور دونوں طرف کئی چوکیوں نے ہمارا استقبال کیا، دل میں متعدد خیالات اور جذبات اُمڈ آئے، ہم 21 لوگوں نے ایک ساتھ بارڈر کراس کیا، اس مشترکہ تجربے کا پُرجوش احساس غیرمعمولی تھا۔

خیال رہے کہ نندیتا داس ہدایتکاری کے علاوہ کئی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں، انہوں نے 2008 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم ’رام چند پاکستانی‘ میں بھی کردار ادا کیا تھا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain