اپوزیشن جماعتوں نے حکومت مخالف اتحاد کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کرلیا اور اس سلسلے میں اہم رابطے اور ملاقاتیں جاری ہیں۔ترجمان جے یوآئی (ف) اسلم غوری کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے اتحاد میں شمولیت سے اپوزیشن مزید مضبوط ہوگی‘ آہستہ آہستہ گرینڈ الائنس کی طرف بڑھ رہے ہیں جبکہ جنیداکبر نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس جلد بنے گا‘اپوزیشن سے دو تین میٹنگز ہوئیں‘ مولانا فضل الرحمن کے تحفظات دور ہو جائینگے۔تفصیلات حکومت مخالف اتحاد کیلئے اپوزیشن قیادت سندھ میں بھی پڑاؤ ڈالے گی‘ تحریک تحفظ آئین پاکستان کی قیادت سندھ روانہ ہوگی‘ سندھ کے 3 روزہ دورے کے دوران گرینڈ الائنس اتحاد کے لیے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں‘اپوزیشن الائنس جی ڈی اے کی قیادت سے ملاقات کرے گا جبکہ اپوزیشن رہنما جئے سندھ کے سربراہ ایاز پلیجو سے حیدرآباد میں ملاقات کریں گے۔اپوزیشن الائنس کے وفد میں محمود اچکزئی، اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، اخونزادہ حسین ، بی این پی مینگل اور ایم ڈبلیو ایم سے رہنما شریک ہوں گے جبکہ اپوزیشن رہنماؤں کے وفد میں سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ بھی شامل ہوں گے۔
