تازہ تر ین

یومِ پاکستان: آئی ایس پی آر کا نیا ملی نغمہ جاری، جوش و جذبہ عروج پر!

یوم پاکستان (23 مارچ) کی مناسبت سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے نیا ملی نغمہ جاری کردیا گیا ہے۔

نغمے کا عنوان ہے ’میرے محبوب پاکستان، میری جان پاکستان‘ ہے جو ملک سے محبت، استحکام اور ترقی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

اس ملی نغمے کو پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے اپنی آواز دی ہے، اس کے بول نامور شاعر اور نغمہ نگار عمران رضا نے تحریر کیے ہیں جبکہ کمپوزیشن معروف گلوکار ساحر علی بگا نے کی ہے۔

نغمہ قومی جذبے کی عکاسی کرتا ہے اور اس نغمے میں ایک مضبوط پیغام دیا گیا ہے ’ایک دل ایک جان ایک پاکستان‘۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے جاری کیے گئے اس نغمے کو عوام کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، اِس نغمے کے ذریعے پاکستان کے روشن مستقبل، امن، ترقی اور استحکام کے عزم کو اجاگر کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 23 مارچ 1940 کو قرار داد پاکستان منظور ہوئی اور مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کا خواب پایہ تکمیل کی راہ پر گامزن ہوا تھا۔

یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے ہرکونے میں 1940 سےشروع ہونے والے قربانیوں اور انتھک محنت کے سفرکو یاد کیا جاتا ہے۔

یومِ پاکستان

یومِ پاکستان ہر سال 23 مارچ کو ملک بھر میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی کی جدوجہد اور پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھنے والے تاریخی لمحات کی یاد دلاتا ہے۔

23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں قراردادِ لاہور منظور کی گئی، جو بعد میں قراردادِ پاکستان کہلائی۔

یہ قرارداد علامہ اقبال کے تصورِ پاکستان کی عملی شکل تھی، جس میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ برصغیر میں مسلمان اور ہندو دو الگ قومیں ہیں اور مسلمانوں کو اپنے مذہب، ثقافت، معیشت اور سیاست کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے ایک علیحدہ خطہ ناگزیر ہے۔

یہ دن اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ 23 مارچ 1956 کو پاکستان نے اپنا پہلا آئین اپنایا اور باضابطہ طور پر دنیا کی پہلی اسلامی جمہوریہ بنا، اس دن کو اسی وجہ سے یومِ جمہوریہ بھی کہا جاتا ہے۔

یومِ پاکستان کو قومی جوش و جذبے سے منانے کے لیے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے

مسلح افواج کی پریڈ کے علاوہ سرکاری و نجی عمارتوں پر چراغاں اور پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد ہوتی ہیں، اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلے اور ملی نغموں کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ دن ہمیں اس عظیم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک علیحدہ وطن کے لیے کی تھی

یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی، حب الوطنی اور عزم و ہمت کا درس دیتا ہے تاکہ ہم پاکستان کو ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنا سکیں۔

یہ محض ایک تاریخی دن نہیں، بلکہ ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ ہم بحیثیت قوم کہاں کھڑے ہیں اور اپنے ملک کی تعمیر و ترقی میں کیا کردار ادا کر رہے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain