تازہ تر ین

“ریتیک جیسے نہیں، مگر بھارت میں ہم کروڑوں ہیں”- نوازالدین صدیقی

مشہور بالی وڈ اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے کریئر کے دوران بہت سے ایسے واقعات پیش آئے ہیں جو بہت دلچسپ ہیں، مثلاً ایک بار انہیں اپنی ہی فلم کے سیٹ پر داخل ہونے سے روک دیا گیا، اس کے علاوہ جب وہ آڈیشنز دینے جاتے تھے تو انہیں کہا جاتا تھا کہ وہ اداکار جیسے نہیں لگتے۔

دوسرے سینی ویسچر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ایک سیشن کے دوران، نوازالدین صدیقی نے بتایا کہ اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں میں جب وہ آڈیشنز کے لیے لوگوں کے پاس جاتے تھے، تو انہیں اکثر یہ سننے کو ملتا تھا کہ وہ اداکار جیسے نہیں لگتے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے بہت غصہ آتا تھا، آپ کسی کے دفتر جائیں، اپنا تعارف کرائیں کہ میں اداکار ہوں اور وہ پوچھیں، ‘تم کون؟’ میں کہتا، ‘میں اداکار ہوں’ وہ جواب دیتے ‘تمہیں دیکھ کر تو نہیں لگتا’۔

نوازالدین صدیقی نے انٹرویوز میں اپنی ظاہری شکل کے بارے میں ملنے والے تبصروں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انٹرویوز کے دوران لوگ کہتے کہ ‘تمہاری شکل غیر روایتی ہے’ بھائی میں غیر روایتی کیسے ہوا جب ہندوستان میں کروڑوں لوگ میرے جیسے نظر آتے ہیں؟ میں روایتی ہوں، غیر روایتی تو ریتیک روشن لگتا ہے۔

نوازالدین صدیقی نے فلم ’تلاش‘ کے سیٹ کا ایک دلچسپ واقعہ سنایا، جہاں ایک سیکیورٹی گارڈ نے انہیں اندر جانے سے روک دیا، کیونکہ وہ انہیں اداکار ماننے کو تیار ہی نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اندر تبھی جانے دیا گیا جب میں نے گارڈ کو قائل کیا کہ میں فلم میں اداکاری کر رہا ہوں،

لیکن یہ مسئلہ آج بھی برقرار ہے انہوں نے اپنی نئی فلم “رات اکیلی ہے پارٹ 2” کی شوٹنگ کے دوران ہونے والے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بھی ایسا ہوتا ہے، میں “رات اکیلی ہے پارٹ 2” کی شوٹنگ کر رہا ہوں، میں ہدایتکار ہنی تریہان صاحب کے پیچھے کھڑا ہوتا اور وہ مجھے ڈھونڈ رہے ہوتے،پھر میں کہتا کہ سر میں بالکل آپ کے پیچھے کھڑا ہوں۔

نواز الدین صدیقی کا کہنا تھا کہ مجھے عام لوگوں میں گھل مل جانے میں مزہ آتا ہے، یہ میری شخصیت کا حصہ ہے، اور میں اس کا فائدہ بھی اٹھاتا ہوں۔

اس سے قبل، نوازالدین صدیقی نے نیوز 18 کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں رنگت اور شکل و صورت کی بنیاد پر تفریق اور غیر منصفانہ سلوک کا سامنا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے ہمیشہ لوگوں نے کہا کہ میں بدصورت ہوں اور افسوس کی بات یہ ہے کہ میں نے خود بھی اسے ماننا شروع کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں کچھ لوگوں کو ہماری شکلوں سے نفرت کیوں ہے؟ شاید اس لیے کہ ہم اتنے بدصورت ہیں، جب میں خود کو آئینے میں دیکھتا ہوں، تو خود سے بھی کہتا ہوں کیوں آ گئے فلم انڈسٹری میں اتنی گندی شکل لے کر؟

نوازالدین صدیقی نے اپنی منفرد شخصیت کو اپنی طاقت بنا لیا اور یہی چیز انہیں بالی ووڈ کے سب سے قابل احترام اداکاروں میں شمار کراتی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain