بھارتی اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی والدہ کم فرنینڈس طبی ہنگامی صورتحال کے بعد آئی سی یو میں داخل ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کم فرنینڈس کو طبی ایمرجنسی کے بعد ممبئی کے لیلایتی اسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے، جہاں وہ اس وقت آئی سی یو (انتہائی نگہداشت یونٹ)میں زیر علاج ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل ویڈیو میں جیکولین کو بھی اپنی تمام پیشہ ورانہ سرگرمیوں کو معطل کرتے ہوئے والدہ کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچتے دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی والدہ کم فرنینڈس بحرین کے دارالحکومت منامہ میں رہتی ہیں، جہاں وہ اپنے شوہر ایلرائے فرنینڈس کے ساتھ مقیم تھیں۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب کم فرنینڈس کی طبیعت خراب ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل سال 2020 میں بھی وہ فالج (اسٹروک) کا شکار ہو چکی تھیں جسکے بعد انہیں بحرین کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
کام کے حوالے سے بات کریں تو ’کِک‘ ، ’مرڈر 2‘ اور ’روائے‘ جیسی فلموں میں اپنی بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ویسے تو 2009 میں بالی وڈ میں ڈیبیو کرنے سے قبل گلیمر انڈسٹری میں بطور ماڈل قدم رکھا تھا جس کے بعد انہوں نے اداکاری میں قسمت آزمائی۔
اب حال ہی میں انہیں تھرلر فلم ’فاتح‘ میں دیکھا گیا تھا، جس میں سونو سود مرکزی کردار میں تھے۔ فلم میں نصیر الدین شاہ، وجے راز اور دیبیندو بھٹاچاریہ بھی شامل تھے۔
علاوہ ازیں اداکارہ جیکولین فرنینڈس کی اگلی فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ ہوگی جسکی تیاریاں زور شور سے جاری ہیں۔
کہا جارہا ہے کہ یہ فلم ایک بہت بڑی اسٹار کاسٹ پر مشتمل فلم ہے۔ اس فلم میں اکشے کمار، سنجے دت، ارشد وارثی، دیشا پٹانی، روینہ ٹنڈن، لارا دتہ، پاریش راول، تشار کپور، شریاس تلپڑے، جانی لیور، راجپال یادو، ککو شردا، دلیر مہندی، میکا سنگھ اور دیگر معروف فنکار شامل ہیں۔
یہ فلم احمد خان کی ہدایت کاری میں بن رہی ہے، جبکہ اس کے پروڈیوسرز جیوتی دیش پانڈے اور فیروز اے ندیادوالہ ہیں۔