بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور رقاصہ راکھی ساونت سے شادی کی خواہش رکھنے والے مفتی قوی نے عید کے موقع پر بھارتی اداکارہ کے لیے ایک خصوصی پیغام جاری کردیا۔
مفتی قوی نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا جس کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
اس ویڈیو میں مفتی قوی نے راکھی ساونت کے لیے عید کے موقع پر محبت بھرا پیغام دیا، جس میں انہوں نے کہا، ‘فاطمہ بنو یا راکھی بنو، مفتی قوی کی جیون ساتھی بنو۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ راکھی ساونت کے لیے محبت کے پیغامات تو وہ بہت بھیج چکے ہیں، لیکن عید کے موقع پر انہیں عیدی دینے کا پیغام کبھی نہیں بھیجا۔
یاد رہے کہ راکھی ساونت نے جب پاکستانی لڑکے سے شادی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تو مفتی قوی نے صرف شادی کا پیغام ہی نہیں بھیجا تھا بلکہ انہیں کروڑوں روپے کے تحائف دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔
گزشتہ کئی دنوں سے راکھی ساونت اپنے بیانات اور حرکات کے سبب نہ صرف بھارت میں موضوع بحث بنی ہوئی ہیں بلکہ انکا چرچا پاکستان میں بھی خوب ہے۔
اور ہونا بھی چاہیے تھا کیونکہ راکھی نے پہلے تو صرف پاکستانی اداکاراؤں کو اوپن ڈانس چیلنچ دیا تھا لیکن پھر بازی پلٹ لی اور شادی کرنے کی خواہش ظاہر کردی۔
لیکن پھر بات صرف شادی تک ہی محدود نہ رہی بلکہ اس بار راکھی نے ڈیمانڈ ہی ایسی رکھی کہ کوئی بھی حیران نہ ہو ایسا ہونہیں سکتا، قبل ازیں دو بار شادی کے لڈو کھانے والی راکھی ساونت نے تیسری بار دلہن بننے کے خواب دیکھ لیے ہیں اور اس بار انکا نشانہ ہوئی بھارتی نہیں بلکہ پاکستانی شخص ہوگا، جو اداکارہ کی ڈیمانڈ کے مطابق نہ صرف پولیس کے شعبے سے وابستہ ہو بلکہ نمازی اور پرہیزی بھی ہو،حج عمرہ بھی کررکھا ہو اور دین کی جانب راغب ہو۔
بس پھر کیا تھا راکھی کو شادی کی آفر دینے میں سب سے پہلے پاکستانی اداکار و ماڈل دودی خان میدان میں آگئے ، اور انکے بعد مفتی قوی نے بھی راکھی سے پسندیدگی اور شادی کا اظہار کردیا۔
لیکن دودی خان تک تو بات ٹھیک تھی ، جب اس فہرست میں مفتی قوی شامل ہوئے تو راکھی نے یہ کہہ کر مفتی سے پیچھا چھڑانے کی کوشش کی کہ آپ اچھے ہیں لیکن اگر وزن کم کرلیں تو زیادہ اچھا ہوجائے گا۔
ابھی دودی اور مفتی قوی کے درمیان یہ بات طے نہ ہوسکی کہ آخر راکھی کس کو اپنا دولہا بنائیں گی؟ ایسے میں اداکارہ مختلف انٹرویوز کا حصہ بنی نظر آرہی ہیں۔
حالانکہ مفتی قوی نے مختلف ذرائع سے راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی ہے اور وہ اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ جیسے ہی موقع ملے، وہ ان سے نکاح کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب راکھی جو ایک طرف دودی خان کی طرف مائل دکھائی دیتی ہیں، تو دوسری جانب مفتی قوی کی پیشکش پر بھی غور کر رہی ہیں۔
لیکن حالیہ انٹرویو میں راکھی کا مفتی قوی کی شادی کی پیشکش پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا ہے کہ،’انہیں نہیں معلوم کہ مفتی قوی کی 100 بیویاں یوں یا 900 یا پھر ایک ہزار تاہم، راکھی نے واضح طور پر اعلان کیا کہ وہ اکیلی ہی ایک لاکھ عورتوں کے برابر ہیں’۔
اداکارہ نے اپنے بیان میں مفتی قوی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں سنبھال نہیں پائیں گے، چاہے وہ جتنا بھی یقین رکھتے ہوں کہ وہ انہیں قابو میں رکھ سکتے ہیں۔
ساتھ ہی اداکارہ نے دیگر پاکستانی لڑکوں کے بارے میں بھی بات کی جو اداکارہ سے شادی کے خواہشمند ہیں، اداکارہ کا کہنا تھا مجھے غریب لوگ بالکل پسند نہیں ہیں، ہاں اگر کوئی امیر ہے تو وہ ضرور مجھ سے شادی کیلئے قسمت آزماسکتا ہے۔
دوسری جانب راکھی ساونت کی یہ دو ٹوک باتیں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، اور لوگ ان کے بے باک انداز پر حیران بھی ہیں اور محظوظ بھی ہو رہے ہیں۔
یاد رہے کہ دوسری جانب دودی خان سے متعلق بھی یہ خبریں سامنے آئیں تھیں کہ اداکار نے راکھی ساونت کیلئے پورے ایک کیرٹ کی ڈائمنڈ رنگ خریدی ہے۔