تازہ تر ین

فواد خان اور وانی کپور کی فلم کا ٹیزر ریلیز! ڈیٹ کیا ہے؟

پاکستانی سپر اسٹار فواد خان اور بالی وڈ اداکارہ وانی کپور کی فلم ‘عبیر گلال’ کا پہلا ٹیزر جاری کرنے کے ساتھ ساتھ ریلیز ڈیٹ بھی بتادی گئی۔

پاکستان میں اپنی بہترین اداکاری اور بھرپور مردانہ وجاہت سے سب کے دل جیتنے والے فواد خان نے 2014 میں فلم ’خوبصورت‘ سے بالی وڈ میں ڈیبیو دیا تھا جس میں ان کے ساتھ سونم کپور کو کاسٹ کیا گیا تھا۔

اس فلم میں فواد کی اداکاری اور خوبرو شخصیت کو اس قدر پسند کیا گیا تھا کہ لوگوں نے انہیں جلد اگلی فلم میں کام کرتے دیکھنے کی فرمائش کی تھی جس کے بعد فواد خان فلم ’کپور اینڈ سنز‘ اور ’اے دل ہے مشکل‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

لیکن پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے سبب لگنے والی پابندی کے پیشِ نظر فواد خان سمیت دیگر پاکستانی فنکار سال 2016 کے بعد سے بالی وڈ میں کام نہیں کرسکے تاہم یہ پابندی واپس لی جاچکی ہے۔

اب فواد خان پھر سے بالی وڈ کی دنیا میں انٹری دے چکے ہیں اور اس نئی فلم کا ٹیزر بھی سوشل میڈیا پر دھوم مچاتا دکھ رہا ہے۔

یکم اپریل کو یوٹیوب پر ایک ٹیزر ریلیز کیا گیا جس میں فواد خان اور وانی کپور ایک کار میں ایک دوسرے کو خوابیدہ نظروں سے دیکھتے ہوئے نظر آئے جو کوئی مذاق نہیں تھا بلکہ ان کے مداحوں کے لیے ایک خوشی کا پیغام تھا۔

ٹیزر میں فواد خان بالی وڈ گیت ‘کچھ نہ کہو’ گاتے نظر آئے جبکہ انکو گاتا دیکھ کر وانی کپور کسی دوسری دنیا میں کھوتی دکھیں۔

یہ ٹیزر وانی کپور اور فواد خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھی شیئر کیا اور ساتھ کیپشن لکھا کہ ‘اور انتظار ختم ہو، محبت کو عبیر گلال کے ساتھ بڑے پردے پر  واپس لایا جائے گا’۔

ساتھ ہی فلم کی ریلیز ڈیٹ کا اعلان بھی کیا اور لکھا کہ ‘فلم رواں سال 9 مئی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی’۔

فلم کا عنوان ‘عبیر گلال’ ہے اور اس کی کہانی لندن کی خوبصورت گلیوں میں پروان چڑھنے والی محبت کے گرد گھومتی ہے جس میں عشق، ہنسی، اور دل کو چھو لینے والے لمحات کا خوبصورت امتزاج پیش کیا جائے گا۔

‘عبیر گلال’ کی کہانی میں فواد خان اور وانی کپور کے درمیان غیر معمولی کیمسٹری نظر آئے گی جو ممکنہ طور پر بالی وڈ متوالوں کو اپنا دیوانہ بنانے میں کامیاب رہے گی۔

ٹیزر کے یوٹیوب ڈسکرپشن میں فواد خان کا نام سب سے اوپر دیا گیا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا کردار اہم ہوگا۔

اس فلم میں لیزا ہیڈن، رِدھی ڈوگرا، فریدہ جلال، سونی رضا، پرمیت سیٹھی، راہول وورا، امریت سنگھ، سوجوئے دی اور دیو اگروال بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

فلم کی شوٹنگ کے لیے بھارت یا پاکستان نہیں بلکہ لندن کا انتخاب کیا گا ہے اور فلم کی پروڈکشن کا کام گزشتہ سال ستمبر میں شروع کیا گیا تھا۔

فلم کی ہدایتکاری کے فرائض آرتی بگدی نے نبھائے جس کی کہانی کے حوالے سے انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم میں دو لوگ انجانے میں ایک دوسرے کے زخم پر مرہم رکھنے کا کام کریں گے اور یہی انکے درمیان محبت ہوجانے کی وجہ بنے گا۔

فواد خان کا سب سے بڑا پروجیکٹ ‘دی لیجنڈ آف مولا جٹ’ تھا، جس میں انہوں نے ‘مولا’ کا کردار ادا کیا تھا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain