افغان پاپ اسٹار آریانہ سعید نے گلوبل سُُپر اسٹار دلجیت دوسانجھ کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہارکردیا۔
اینٹالوجی فلم ’مائی میلبورن‘ سے ہندی گلوکاری میں ڈیبیو کرنے والی آریانہ سعید کیلئے یہ فلم ایک خاص موقع لے کر آیہ کیونکہ اس فلم کے ذریعے انہوں نے ہندی گلوکاری میں ڈیبیو کیا۔ انہوں نے فلم میں ’رکنا نہیں‘ گانے کو اپنی آواز دی۔
ایک انٹرویو میں آریانہ سعید نے اس پروجیکٹ کا حصہ بننے، اپنے گانے کی خوبصورتی اور اس بھارتی فنکار کے بارے میں بات کی جس کے ساتھ وہ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔
آریانہ نے بتایا کہ وہ بچپن سے ہی موسیقی کی دلدادہ تھیں۔ اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’جب میں افغانستان میں تھی تو میں اپنے خاندان کی تفریح کا ذریعہ تھی۔ پھر جب میں آٹھ سال کی عمر میں افغانستان سے باہر آئی اور یورپ میں جا بسی، تو اسکول کے دنوں میں موسیقی میرا پسندیدہ مضمون بن گیا۔ میں نے ایک کوائر کے ساتھ گانا شروع کیا، لیکن جب میرے خاندان کو اندازہ ہوا کہ میں اسے کیریئر کے طور پر اپنانا چاہتی ہوں، تو انہوں نے مجھے روک دیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’افغانستان میں خواتین گلوکاراؤں کو اچھا نہیں سمجھا جاتا، اور میرے خاندان کو بھی اسی چیز کا ڈر تھا۔ لیکن جب میں لندن میں بس گئی، تو مجھے احساس ہوا کہ گلوکاری میرا اصل شوق ہے۔ میں نے اپنے خاندان کو قائل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کی اور آخرکار وہ میرے سب سے بڑے مداح بن گئے۔‘
فلم ’مائی میلبورن‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے آریانہ نے کہا کہ ’یہ ایک شاندار تجربہ تھا۔ میں خود کو بہت خوش نصیب اور معزز محسوس کرتی ہوں کہ میں نے بولی وڈ میں اپنی شروعات ایک ایسے خوبصورت گانے اور متاثر کن پروجیکٹ کے ساتھ کی، جو حقیقی زندگی کی کہانیوں پر مبنی ہے۔ ان میں سے ایک کہانی ایک افغان لڑکی کی جدوجہد پر ہے، جو اپنے خوابوں کے لیے لڑتی ہے۔ یہ موضوع میرے دل کے قریب ہے، کیونکہ میں ایک طویل عرصے سے بطور ایکٹیوسٹ کام کر رہی ہوں۔ کبیر خان جیسے شاندار ہدایت کار کے ساتھ کام کرنا بھی میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘
آریانہ نے بتایا کہ ’ہندی گانے گانے میں کوئی دقت نہیں ہوئی، میں ہندی کے بول جلدی سمجھ گئی کیونکہ میں بچپن سے بولی وڈ فلمیں اور گانے سنتی آئی ہوں۔ مجھے صرف اپنی تلفظ کی فکر تھی، لیکن سب نے کہا کہ میرا لہجہ بہترین ہے، جس سے مجھے مزید حوصلہ ملا۔ اب میں مزید بولی وڈ گانے گانے کے بارے میں سنجیدگی سے سوچ رہی ہوں۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کس بھارتی گلوکار کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہیں، تو آریانہ نے کہا کہ ’آج کل میں ایک زبردست پنجابی گلوکار کی مداح ہوں اور وہ کوئی اور نہیں بلکہ دلجیت دوسانجھ ہیں، وہ میرے سب سے پسندیدہ گلوکار ہیں۔ اگر مجھے ان کے ساتھ گانے کا موقع ملے تو یہ میرے لیے بہت شاندار ہوگا، کیونکہ وہ بہت کُول ہیں، ان کے گانے، ان کے بول، ان کا انداز سب بہترین ہے، وہ پنجابی اور بھارتی موسیقی کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے کی مانند ہیں اور میں ان کے گانوں سے بے حد محبت کرتی ہوں۔‘