بارودی سرنگیں سونگھنے والے ایک افریقی چوہے نے جنوب مشرقی ایشیائی ملک کمبوڈیا میں 100 سے زیادہ بارودی سرنگیں اور دیگر دھماکا خیز مواد کا سراغ لگا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
بیلجیئم کی غیر سرکاری تنظیم اپوپو نے 2021 کے بعد سے 109 بارودی سرنگیں اور 15 دھماکا خیز مواد ڈھونڈنے پر اس چوہے کو سب سے کامیاب بارودی سرنگیں ڈھونڈنے والا چوہا قرار دیا ہے۔
رونِن نامی اس چوہے کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گینیز ورلڈ ریکارڈز کا کہنا تھا کہ اس چوہے کے مشکل کام نے ان لوگوں کی زندگی پر فرق ڈالا ہے جو اپنے معمول کے امور کرتے ہوئے ایک غلط قدم اٹھاتے ہوئے بھی ڈرتے تھے۔
اپوپو کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ رونِن کا کام ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ اس کی عمر صرف پانچ برس ہے اور یہ ممکنہ طور پر دو سال یا اس سے زیادہ عرصہ تلاش کا کام کرسکتا ہے اور اپنے ریکارڈ کو مزید آگے لے جا سکتا ہے۔
ادارے نے بتایا کہ رونِن کو اگست 2021 میں کمبوڈیا کے صوبے پریہہ ویہیر میں تعینات کیا گیا تھا۔