ماڑی پور چاول گودام کے قریب ٹریلر نے نوعمر لڑکے کو کچل دیا جو موقع پر ہی زندگی کی بازی ہار گیا ، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر قبضے میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڑی پور کے علاقے چاول گودام کے قریب ٹریلر سے کچل کر نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 8 سالہ راحیل کے نام سے کی گئی جبکہ ایس ایچ او ماڑی پور چوہدری سلیم نے بتایا کہ متوفی بھیک مانگنے والا تھا جبکہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر اپنے قبضے میں لے لیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
دریں اثنا سہراب گوٹھ لیاری ایکسپریس وے پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی شناخت 55 سالہ نیک ولی کے نام سے کی گئی جو کہ راہگیر تھا جبکہ حادثہ نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے، تاہم پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔