پاکستان کے اسکواش کھلاڑی نور زمان نے عالمی انڈر 23 اسکواش چیمپئن شپ جیت لی۔
کراچی کے ڈی اے کریک کلب میں کھیلے گئے مینز ایونٹ کے فائنل مقابلے میں نور زمان نے مصر کے کریم الترکی کو 2-3 سے شکست دی۔
فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نور زمان کا کہنا تھا کہ فتح پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ جو محنت کی اس کا نتیجہ سامنے آیا۔
وزیرِاعظم و صدرِمملکت کی مبارکباد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی نور زمان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ نور زمان نے اپنے کھیل سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ۔پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ انشاء اللہ ، پاکستان اسکواش کے میدان میں اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرے گا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی پاکستانی اسکواش پلیئر نور زمان کو انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔
صدرِمملکت کا کہنا تھا کہ نور زمان نے فائنل سمیت پوری چیمپئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا۔ نور زمان نے اسکواش کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا۔مستقبل میں نُور زمان کی مزید کامیابیوں کیلئے پرامید اور کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی اختتامی تقریب میں شرکت
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے بطور نمائندہ صدر مملکت آصف علی زرداری تقریب میں شرکت کی۔
اختتامی تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اسکواش کی تاریخ میں پہلی بار انڈر 23 ورلڈ چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئندہ ہے۔پاکستان میں انڈر 23 ورلڈ اسکواش چیمپئن شپ کی میزبانی باعثِ فخر ہے۔ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا شکریہ، پاکستان پر اعتماد کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکواش پاکستان کا تاریخی ورثہ ہے، نئی نسل میں جوش پیدا کرنا ہمارا مشن ہے۔پاکستان اسکواش کا سنہرا دور واپس لائیں گے۔اسکواش کی عالمی بحالی میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان ایئر فورس نے اسکواش کے فروغ میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ، ڈی ایچ اے اور دیگر اداروں کی معاونت قابلِ ستائش ہے۔پاکستان اور سندھ اسکواش فیڈریشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن کا عالمی معیار کے ایونٹ کی میزبانی میں اہم کردار ہے۔
انہوں نے چیمپئنز اور تمام کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان کی مہمان نوازی ہمیشہ یاد رہے گی۔