چند ماہ قبل جب معروف پلے بیک سنگر ادیت نارائن کی خاتون مداح کو بوسہ دینے کی ویڈیو سامنے آئی تو کئی لوگوں کو شاک لگا اور انہیں اس معاملے پر شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اب معاملہ ٹھنڈا بھی ہوچکا ہے لیکن گلوکار ، موسیقار اور اداکار امیت ٹنڈن ٹھنڈے ہونے کو تیار نہیں، انہوں نے اس معاملے پر ادیت نارائن کو رنگین مزاج بڈھا اور ان کے بیٹے آدتیہ نارائن کو ایک بگڑا ہوا بچہ قرار دیا ہے۔
امیت ٹنڈن کا ادیت نارائن پر سخت تبصرہ
فلمی منترا سے گفتگو کرتے ہوئے امیت نے کہا کہ مجھے ان کی گائیکی سے محبت ہے لیکن مجھے کہنا پڑے گا کہ وہ ایک رنگین مزاج بڈھے ہیں، کسی نے تھوڑا اشارہ دیا اور انہوں نے پوری لائن کھینچ لی۔
امیت نے کہا کہ مداح ایسی حرکتیں کرتے ہیں، میرے شوز میں بھی لوگ قریب آنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ کتنا اجازت دیتے ہیں، اس معاملے میں حد قائم رکھنی چاہیے تھی، اگر میں ہوتا اور میری گرل فرینڈ یا بیوی اسٹیج پر جا کر تصویر لینا چاہتی اور ایسا کچھ ہوجاتا، تو میں اُسے خوب مارتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ان کا گلوکار کے طور پر احترام کرتا ہوں اور ہو سکتا ہے اس وقت کا ماحول ایسا ہی ہو، پھر بھی یہ بہت ضروری ہے کہ ہم خود کے لیے کچھ حدود مقرر کریں، ایک دائرہ رکھنا چاہیے۔
آدتیہ نارائن پر بھی تنقید
گفتگو کے دوران جب ان سے آدتیہ نارائن کے رویے کے بارے میں پوچھا گیا جو کئی بار عوامی بدتمیزی جیسے کنسرٹ میں مائیک پھینکنے جیسے واقعات پر خبروں میں رہے تو امیت نے کہا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے کوئی مسئلہ نہیں کہ یہ بالکل غیر پیشہ ورانہ تھا اور ایک بگڑے ہوئے رویے کی عکاسی کرتا ہے۔
امیت نے کہا کہ اگرچہ میں اُسے ذاتی طور پر نہیں جانتا، ممکن ہے وہ ایک اچھا انسان ہو لیکن جو ویڈیوز گردش میں ہیں، اُن سے یہی تاثر ملتا ہے کہ وہ بہت بگڑا ہوا ہے۔
ادیت نارائن کا متنازع بوسہ
ادیت نارائن کچھ ماہ پہلے ایک تنازع کا شکار ہو گئے جب ایک لائیو کنسرٹ کے دوران ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ اپنی ایک خاتون مداح کو ہونٹوں پر بوسہ دیتے دکھائی دیے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون گلوکار کے ساتھ سیلفی لیتے ہوئے اچانک ان کے گال پر بوسہ دیتی ہے اس پر گلوکار موقع کا فائدہ اٹھا کر اس کے ہونٹوں پر بوسہ دے دیتے ہیں۔
اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل آیا، کئی صارفین نے اسے ’قابل نفرت‘ اور غیر اخلاقی قرار دیا۔