اداکارہ کرشمہ کپور کی فلم’ دل تو پاگل ہے‘ میں کی گئی پرفارمنس آج بھی رقص کے شوقین افراد کو متاثر کر رہی ہے۔
فلم کے مشہور گانے’ لے گئی لے گئی‘ میں ان کا ہائی انرجی ڈانس آج بھی مداحوں کا پسندیدہ ہے، جس کے آئیکونک اسٹیپس کو لوگ آج بھی فالو کرتے نظر آتے ہیں۔
حال ہی میں کرشمہ کپور نے ایک ایونٹ میں اسی گانے پر پرفارم کرکے ایک بار پھر پرانی یادیں تازہ کر دیں، جس سے شائقین خوشی سے جھوم اٹھے۔
حال ہی میں کرشمہ نے فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام ایک ایونٹ میں شرکت کی۔
اس موقع پر ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے جس میں وہ اسٹیج پر’ لے گئی لے گئی‘ پر زبردست انداز میں رقص کرتی نظر آ رہی ہیں۔
اس بے ساختہ پرفارمنس نے نہ صرف وہاں موجود شرکا کو حیران کر دیا بلکہ شائقین کو بھی کرشمہ کی پرانی فلموں کی یاد دلا دی۔
ان کی توانائی اور دلکشی نے ثابت کر دیا کہ وہ آج بھی دلوں کی دھڑکن ہیں۔
مداحوں کا ردعمل
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ہمیشہ ہیروں کی طرح حسین نظر آتی ہیں، جبکہ ایک اور نے لکھا کہ میری فیورٹ۔
ایک مداح نے کہا کہ اپنی بہن سے بھی کم عمر لگتی ہیں، جب کہ کسی نے شائمک داور کی کوریوگرافی کو بہترین قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ بالآخر ایک اصل اسٹار پر پوسٹ، جو واقعی باصلاحیت ہے اور تین دہائیوں سے بالی وڈ کی شہزادی رہی ہے۔
کرشمہ نے اس ایونٹ میں سب کی توجہ اپنی زبردست گرین آؤٹ فٹ سے حاصل کی، انہوں نے بیج رنگ کے بلاؤز کے ساتھ ایک چمکدار ایپل گرین ساٹن اسکرٹ پہنا ہوا تھا، جس کے اوپر ایک لمبا کوٹ تھا جو اسی رنگ کے خوبصورت شیڈ میں تھا۔
فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کے بارے میں
مشہور ہدایتکار یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’ دل تو پاگل ہے‘ 1997 میں ریلیز ہوئی تھی۔
اس میں اکشے کمار نے خصوصی کیمیو کیا تھا، اس فلم نے تین نیشنل ایوارڈز جیتے، جن میں بہترین تفریحی فلم، بہترین معاون اداکارہ (کرشمہ کپور) اور بہترین کوریوگرافی (شائمک داور) شامل تھے۔
یہ فلم رقص کرنے والے کرداروں کی ایک خوبصورت کہانی پر مبنی تھی، جنہیں شاہ رخ خان، مادھوری ڈکشت، اور کرشمہ کپور نے ادا کیا اور جو ایک محبت کے تکون میں الجھ جاتے ہیں۔
یہ فلم تقریباً 30 سال بعد بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے، اس کے نغمے آج بھی ویسے ہی دل میں اترتے ہیں جیسے پہلے دن اترے تھے، خاص طور پر لتا منگیشکر کی آواز میں گائے گئے گانے’دل تو پاگل ہے‘، ’بھولی سی صورت‘ اور ’ڈھولنا‘ آج بھی مداحوں کے کانوں میں رس گھولتے ہیں۔
رواں سال فروری میں اس فلم کو سینما گھروں میں دوبارہ ریلیز کیا گیا، جو اس کی لازوال مقبولیت کا ثبوت ہے۔
کرشمہ کپور کے حالیہ منصوبے
کرشمہ حال ہی میں فلم’ مرڈر مبارک‘ میں جلوہ گر ہوئیں، جس میں انہوں نے شہناز نورانی کا کردار ادا کیا۔
جو ایک سابقہ اداکارہ ہے اور دہلی کے ایک معروف کلب کی صدر بننے کی خواہشمند ہے۔
ہومی ادیجانیا کی ہدایت میں بنی اس فلم میں سارا علی خان، وجے ورما، پنکج تریپاٹھی، ڈمپل کپاڈیا، تسکا چوپڑا اور سنجے کپور نے بھی اہم کردار ادا کیے۔
کرشمہ آئندہ ویب سیریز’ براؤن‘ میں سوریا شرما کے ساتھ دکھائی دیں گی۔