تازہ تر ین

کنگنا کی فلم ‘ایمرجنسی’ قانونی الجھن میں پھنس گئی

رواں برس جنوری میں سینما گھروں کی زینت بننے سے قبل کئی تنازعات کا شکار ہونے والی اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمان کنگنا رناوت کی حالیہ فلم ‘ایمرجنسی’ اب ایک نئی مشکل میں پھنس گئی۔

سینئر صحافی اور مصنفہ کومی کپور کی جانب سے فلم سازوں پر ان کے کام کا غلط استعمال کرنے اور حقائق کو مسخ کرنے کا الزام عائد کرنے کے بعد فلم کو قانونی جانچ پڑتال کا سامنا ہے۔

کومی کپور نے الزام لگایا ہے کہ کنگنا رناوت کی پروڈکشن کمپنی منی کارنیکا فلمز پرائیویٹ لمیٹڈ نے نیٹ فلکس کے ساتھ مل کر ‘جان بوجھ کر اور بدنیتی سے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا’ اور یہ دعویٰ کرتے ہوئے ان کے نام کا استحصال کیا کہ یہ فلم ان کی 2015 کی کتاب ‘دی ایمرجنسی: اے پرسنل ہسٹری’ پر مبنی ہے، جسے پینگوئن پبلشرز نے شائع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتاب کے موافقت کے حقوق کے حوالے سے خود، پینگوئن اور مانی کارنیکا فلمز کے درمیان سہ فریقی معاہدے کی ‘صریح خلاف ورزی’ کی گئی ہے۔

کومی کپور نے فلم سازوں پر ‘متعدد حقائق پر مبنی غلطیاں اور تاریخی واقعات کی گمراہ کن تصویر کشی’ کا الزام بھی لگایا۔

مصنفہ کا کہنا تھا کہ ‘میری بیٹی ایک وکیل ہے، اس لیے اس کے مشورے پر میں نے معاہدے میں دو شقیں شامل کیں، جس کے تحت پروڈیوسر کو فلم بنانے کی مکمل فنکارانہ آزادی تھی لیکن ایسی کوئی چیز تبدیل نہیں کی جانی چاہیے جو عوامی طور پر دستیاب تاریخی حقائق سے متصادم ہو’۔

انہوں نے بتایا کہ ‘معاہدے میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ مصنف کا نام اور کتاب، پیشگی تحریری اجازت کے بغیر فلم کی تشہیر کے لیے استعمال نہیں کی جا سکتی’۔

کومی کپور کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں گووا میں تھی اور اس وقت میں نے فلم نہیں دیکھی تھی، اس لیے کہ وہ معاہدے کا احترام کریں گے لیکن وہ اب بھی دعویٰ کر رہے ہیں کہ فلم میری کتاب پر مبنی ہے۔

مصنفہ نے بتایا کہ وہ پہلے ہی فلم سازوں کو دو قانونی نوٹس بھیج چکی ہیں لیکن ان کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔

کومی کپور نے اگست 2023 میں کنگنا رناوت کے بھائی، مانی کارنیکا فلمز کے اکشت رناوت کے ساتھ ایک واٹس ایپ چیٹ کا بھی حوالہ دیا، جس میں انہوں نے زور دیا تھا کہ معاہدے کی شرائط پر عمل کیا جانا چاہیے اور ان کی کتاب کا حوالہ دینا قابل قبول لیکن فلم کو مکمل طور پر ان کی کتاب پر مبنی قرار دینے کو ناقابل قبول قرار دیا تھا۔

کنگنا رناوت کی ہدایت کاری اور پروڈیوس کردہ یہ فلم ہندوستان میں ایمرجنسی کے مہینوں اور اس دوران کے واقعات و حالات کا احاطہ کرتی ہے۔

فلم میں کنگنا نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کیا ہے، جب کہ انوپم کھیر، شریاس تلپڑے، وشاک نائر، ملند سومن اور اداکار ستیش کوشک نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

سنٹرل بیورو آف فلم سرٹیفیکیشن (سی بی ایف سی) کی جانب سے کئی مہینوں تک سرٹیفیکیشن روکے جانے کے بعد فلم میں تاخیر ہوئی، آخر کار اسے کچھ کٹوتیوں کے ساتھ U/A سرٹیفکیٹ دے دیا گیا تھا۔

‘ایمرجنسی’ کو زی اسٹوڈیو اور مانی کارنیکا فلمز نے تیار کیا تھا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain