تازہ تر ین

بھارتی میڈیا کی ہٹ دھرمی پر یاسر نواز اور شمعون عباسی کا دو ٹوک جواب

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں حالیہ حملے کے بعد بھارتی میڈیا، سوشل میڈیا اور حکومت کی جانب سے منفی پروپیگنڈے پر پاکستان کی معروف شوبز شخصیات نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مودی سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پہل کی گئی تو اس کے سنگین نتائج نکلیں گے۔

معروف اداکار، پروڈیوسر اور ہدایت کار یاسر نواز نے اپنی انسٹاگرام ویڈیو میں بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نفرت، غلط بیانی اور پروپیگنڈا بند کیا جائے، اور اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ پاکستان خاموش بیٹھا رہے گا۔

اداکار یاسر حسین نے کہا کہ بھارت جس طرح ایٹمی طاقت ہے، پاکستان بھی نیوکلیئر پاور ہے اور نفرت انگیزی کے خطرناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، جس کی مکمل ذمہ داری بھارت پر عائد ہو گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی یوٹیوبرز، بلاگرز اور میڈیا نمائندے جان بوجھ کر جھوٹ اور نفرت پھیلا رہے ہیں اور یوں دعوے کر رہے ہیں جیسے پاکستانیوں نے مزاحمت کا حوصلہ کھو دیا ہو۔

یاسر حسین نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ پاکستانیوں میں داخلی سیاسی اختلافات موجود ہیں، لیکن جب بات ملک کی ہو تو پوری قوم متحد ہے اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے پہلگام واقعے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔

اسی تناظر میں پروڈیوسر، ہدایت کار اور اداکار شمعون عباسی نے بھی بھارتی میڈیا اور مودی حکومت کے جانب دارانہ رویے پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ بھارت ایک بار پھر نفرت پھیلانے کی اپنی روایت کو دہرا رہا ہے۔

شمعون عباسی نے کہا کہ بھارتی میڈیا کی گمراہ کن رپورٹنگ کا یہ عالم ہے کہ انہوں نے زندہ اور شادی شدہ جوڑے کو مردہ قرار دے دیا، جبکہ وہ جوڑا بعد ازاں خود منظرِ عام پر آ کر اپنی زندگی کا ثبوت دے چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جھوٹے اور نفرت انگیز پروپیگنڈے کے بعد بھارتی عوام میں اشتعال دیکھنے میں آ رہا ہے اور بعض افراد حد سے گزر کر یہ بیانات دے رہے ہیں کہ وہ اپنے جسم پر بم باندھ کر پاکستان میں داخل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے ماضی میں بھی نفرت انگیز پروپیگنڈا کیا جاتا رہا ہے، خصوصاً 2016 میں پلوامہ واقعے کے وقت جب بھارتی فوج پر حملہ ہوا، تب بھی اسی نوعیت کی مہم چلائی گئی تھی۔

انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ دہشت گردی کے خلاف بیانات دیتے ہیں تو وہ خود مضحکہ خیز لگتے ہیں، کیونکہ ان کا اپنا دامن اس حوالے سے داغدار ہے۔

شمعون عباسی کے مطابق نریندر مودی برسوں سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں، جہاں نہتے بچوں، خواتین اور نوجوانوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے بھارت اور اسرائیل کو ایک ہی سکے کے دو رخ قرار دیا اور کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی تاریخ گواہ ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی اور دہشت کا باعث بنتی رہی ہے، اور ہمیشہ حالات کو سلجھانے کے بجائے مزید بگاڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی پاکستانی فنکار بھارت میں کام کے لیے جاتا ہے، تو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) فوری طور پر منفی پروپیگنڈے میں مصروف ہو جاتی ہے۔ حالیہ مثالوں میں ہانیہ عامر اور فواد خان شامل ہیں، جو پیشہ ورانہ مصروفیات کے سلسلے میں بھارت گئے تھے۔

شمعون عباسی نے بھارتی عوام سے اپیل کی کہ وہ جذبات میں بہنے کے بجائے حقیقت کا ادراک کریں، اپنی حکومت اور میڈیا کے پھیلائے گئے پروپیگنڈے کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہوتی، بلکہ جنگیں ہمیشہ تباہی، بربادی اور انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain