پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز شیکھر دھون کو چائے کی دعوت دے ڈالی۔
مایہ ناز سابق پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے پہلگام حملے پر بھارتی فوج کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ‘نالائق’ اور ‘نکما’ قرار دیا تھا۔
انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘بھارت میں اگر پٹاخہ بھی پھٹ جائے تو پاکستان پر الزام لگا دیا جاتا ہے’۔
شاہد آفریدی نے بھارت کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ‘تم لوگوں کی 8 لاکھ فوج کشمیر میں موجود ہے اور پھر بھی ایسا ہو گیا، اس کا مطلب یہ ہے کہ تم لوگ نالائق ہو، نکمے ہو کہ اپنی عوام کو سیکیورٹی فراہم نہیں کر سکے’۔
سابق پاکستانی کھلاڑی کے اس دو ٹوک بیان پر سابق بھارتی کرکٹر شیکھر دھون بھڑک اٹھے اور ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے شاہد آفریدی کو تنقیدکا نشانہ بنایا۔

شیکھر نے سے آپے سے باہر ہوتے ہوئے کہا کہ ‘پہلے ہی اتنا گرے ہوئے ہو اور کتنا گروگے، بے وجہ کمنٹس پاس کرنے کے بجائے اچھا ہے کہ اپنے دیش کی ترقی میں دماغ لگاؤ، ہمیں ہماری بھارتی فوج پر فخر ہے’۔
مذکورہ پوسٹ کے جواب میں شاہد آفریدی نے فوجی یونیفارم کی مخصوص شرٹ پہن کر ایکس پر تصویر پوسٹ کی اور چائےکا کپ پکڑ کر شیکھر دھون کو چائےکی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ‘چھوڑو جیت اور ہار کو شیکھر آؤ تمہیں چائے پلاتا ہوں’۔
پاک بھارت کشیدگی میں چائے کا تذکرہ
خیال رہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے دوران چائے کا تذکرہ اکثر سننے کو ملتا ہے جس کا سرا پاکستان میں گرنے والے بھارتی پائلٹ ابھینندن سے جا کر ملتا ہے۔
27 فروری 2019 کو بھارتی در اندازی کا پاک فضائیہ نے تاریخ ساز دفاع کیا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے مختصر جھڑپ میں بھارتی طیارے کو مار گرایا۔
پاک فضائیہ نے اپنی اس کارروائی کو’آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ‘ کا نام دیا اور جوابی کارروائی کے دوران بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھامن کو زندہ گرفتار کیا تھا۔
ابھی نندن کی جانب سے پاکستان ملٹری کے ضابطہ اخلاق کی پاسداری اور جوانوں کی میزبانی کی تعریف کرنے اور پاکستانی حراست میں چائے پینے کے بعد’ٹی از فنٹاسٹک‘ کہنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر ٹی از فنٹاسٹک کا ہیش ٹیگ 36 گھنٹے تک زیر گردش رہا اور ابھی نندن کی اس چائے کے چرچے 5 سال بعد بھی برقرار ہیں۔