بالی وڈ کے کھلاڑی اداکار اکشے کمار کی موسٹ اوویٹڈ کامیڈی فلم ‘ہاؤس فل 5‘ کا ٹیزر میکرز کی جانب سے حال ہی میں جاری کیا گیا۔
‘ہاؤس فل 5‘ کے ٹیزر پرومو میں فلم کی اسٹار کاسٹ کی پہلی جھلک دکھائی گئی ہے جس کیلئے فلم کے شائقین پہلے ہی بہت پرجوش تھے تاہم اب گلوبل سپر اسٹار پریانکا چوپڑا بھی فلم کے جوشیلے مداحوں میں شامل ہوگئیں۔
ناظرین کے بعد اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی ایک خصوصی پوسٹ کے ذریعے ہدایت کار ترون منسکھانی اور پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا کو زبردست مبارکباد پیش کردی۔

حال ہی میں اداکارہ پریانکا چوپڑا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز پر کامیڈی فلم ‘ہاؤس فل 5‘ کا ٹیزر شیئر کیا۔
انہوں نے ہدایت کار اور پروڈیوسر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ‘مبارک ہو تروون یہ فلم بہت مزے دار لگ رہی ہے‘۔
ٹیزر کے بارے میں
فلم ‘ہاؤس فل 5‘ کے میکرز نے حال ہی میں فلم کا ایک منٹ پر مبنی ٹیزر جاری کیا جس میں فلم کی پوری اسٹار کاسٹ کی جھلکیاں دکھائی گئیں جن میں اداکار اکشے کمار، ابھیشیک بچن، رتیش دیشمکھ، جیکولین فرنانڈز، سونم باجوہ اور نرگس فخری شامل ہیں۔
ان تمام اداکاروں کے علاوہ، سنجے دت، جیکی شروف، نانا پاٹیکر، چترانگدا سنگھ، فردین خان، چنکی پانڈے، جانی لیور، شریاس تلپاڈے، ڈینو موریا، رنجیت، سوندریا شرما، نکتین دھیر اور آکاشدیپ صابر بھی فلم میں اپنی مزاحیہ اداکاری کا تڑکا لگاتے نظر آئیں گے۔
تاہم ہاؤس فل فرنچائز کی اس پانچویں قسط میں میکرز نے کہانی کو ایک نیا موڑ دے کر مڈر کیس کا تعارف کروایا ہے۔
یہ ٹیزر ‘ہاؤس فل‘ کی پہلی قسط کی ریلیز کی 15 ویں سالگرہ کے موقع پر شیئر کیا گیا جہاں میکرز نے مداحوں کو بتایا کہ اس بار یہ صرف افراتفری اور کامیڈی نہیں بلکہ ایک قتل بھی کہانی میں شامل ہے۔
فلم 6 جون 2025 کوسینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔