ورلڈ آڈیو ویژول انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز سمٹ) کا باضابطہ طور پر یکم مئی کو ممبئی میں آغاز ہوا جہاں میڈیا اور تفریحی صنعت کو فروغ دینے کے مقصد سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں فلم انڈسٹری کی کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے افتتاح کردہ ویوز سمٹ 2025 کا مقصد فلم اور روایتی فنون سے لے کر گیمنگ اور ٹیک تک ہندوستان کی روحانی اور تخلیقی صنعتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تقریب کا اہتمام ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے اور جدت طرازی کو تحریک دینے کے لیے کیا گیا ہے جس میں ملک بھر سے باصلاحیت افراد اکٹھے ہوئے ہیں۔
تقریب کے ممتاز مہمانوں میں بالی وڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون بھی شامل تھے اور یوں سمٹ کے دوران کنگ خان نے دیپیکا کے لیے اپنی محافظانہ فطرت کا اظہار کرتے ہوئے پہلے ان کے کمفرٹیبلی بیٹھنے کو یقینی بنایا اور پھر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ اپنی بیٹی دعا کے لیے ایک بہترین ماں ثابت ہوں گی‘۔
سمٹ کے دوران کنگ خان نے کھل کر اپنی ساتھی اداکارہ دیپیکا پڈوکون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں سمجھتا ہوں کہ دیپیکا دعا کی ماں کا کردار بہترین طریقے سے نبھائیں گی اور مجھے لگتا ہے کہ وہ واقعی ایک شاندار ماں بنیں گی‘۔
واضح رہے کہ پیشہ ورانہ محاذ پر کنگ خان اور دیپیکا پڈوکون جلد ہی فلم ‘کنگ‘ میں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
بھارتی میڈیا ایک رپورٹ کے مطابق ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ‘شاہ رخ خان شروع سے ہی اپنی آنے والی فلم ‘کنگ‘ میں دیپیکا پڈوکون کوبطور اداکارہ دیکھنا چاہتے تھے‘۔
تاہم ابتدائی طور پر اداکارہ کے شیڈولنگ کے مسائل پیدا ہوئے کیونکہ دیپیکا اپنی نوزائیدہ بچی کے ساتھ وقت گزارنے اور فٹنس پر توجہ دینے کے لیے وقفہ پر تھیں بعد ازاں فلم کے شیڈول میں تاخیر کے باعث بالآخر ان کی دستیابی ممکن ہو سکی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اس دوران شاہ رخ خان نے تاریخوں کے مسائل کی وجہ سے عارضی طور پر کرینہ کپور خان اور کترینہ کیف کے ناموں پر بھی اس کردار کے لیے غور کیا تھا مگر اب دیپیکا پھر سے آن بورڈ آگئی ہیں۔
واضح رہے کہ فلم ‘کنگ‘ شاہ رخ خان کے ہمراہ میں سہانا خان، ابھیشیک بچن اور ارشد وارثی بھی شامل ہیں۔