تازہ تر ین

وزارت خارجہ نے افغانستان کے 150 ٹرک براستہ واہگہ بھارت جانے کی اجازت دے دی

 وزارتِ خارجہ نے افغانستان کے سفارت خانے کی درخواست پر 150 افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں داخلے کی اجازت دے دی جو پہلگام واقعے کے سبب بند کردیا گیا ہے۔

وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں افغان سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی وزرات خارجہ سے درخواست کی گئی کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت چلنے والے ٹرک پاکستان کے مختلف بارڈر کراسنگ پر پھنس گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیاں برادرانہ تعلقات کے پیش نظر حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ کیا اور وزارت خارجہ کے مطابق 25 اپریل سے قبل پاکستان میں داخل ہونے والے افغان ٹرکوں کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت میں اشیا کی ترسیل کی اجازت دی گئی تھی۔

افغان سفارت خانے کی جانب سے 28 اپریل کو دی گئی درخواست کے جواب میں فیصلہ کیا گیا اور  وزارت خارجہ نے 150 افغان ٹرکوں کی فہرست متعلقہ حکام کو بھجوا دی۔

مزید بتایا گیا کہ متعلقہ حکام کو وزارت خارجہ کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ مزید کوئی افغان ٹرک پھنسے ہوئے ہوں تو ان کی تفصیلات بھی جلد فراہم کی جائیں تاکہ کارروائی کی جا سکے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain