تازہ تر ین

محمد رضوان کی لاعلمی، پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے بے خبر کیوں؟

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی سے لاعلم نکلے۔

محمد رضوان نے لاہور میں کراچی کنگز سے شکست کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کیا چل رہا ہے، مجھے اس کا نہیں پتا کیونکہ میں سوشل میڈیا نہیں دیکھتا تاہم کرکٹ میں سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم آج فیلڈنگ میں کافی انرجیٹک تھی لیکن پھر بھی دو کیچ ڈراپ کیے، میں اگر کہوں مجھ پر پریشر نہیں ہے، تو یہ غلط ہوگا، ہمیں سیکھنا ہوگا کہ کہاں غلطیاں کررہے ہیں، غلطیاں ٹھیک کیے بغیر نہیں جیت سکتے۔

انہوں نے کہا کہ میں بطور کپتان 25 کروڑ لوگوں کی نمائندگی کررہا ہوں، جب ٹیم سلیکٹ کرتے ہیں تو کنڈیشن دیکھ کر سلیکٹ کرتے ہیں، پاکستان میں اس وقت اسپن کو مدد ملتی ہے، ہر ٹیم نے کنڈیشن کو دیکھ کر ٹیم سلیکشن کی ہے۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہر کوئی بات کرتا ہے ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلیں، ہم پچھلے ٹی20 ورلڈکپ میں 119 نہیں چیز کر پائے، اس کنڈیشن میں کیا ہم ماڈرن ڈے کرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہر کوئی بابر اعظم بن جائے، ہر کوئی فخر زمان بن جائے یا شاہین بن جائے مگر ایسے ٹیمیں نہیں بنتی، ہر ٹیم اپنے مطابق اچھا کھیل رہی ہے، مگر میں بابر اعظم کی ٹیم کیلئے دعا کر سکتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مجھے اس وقت نہیں پتا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کیا ہورہا ہے کیوں کہ میں سوشل میڈیا نہیں دیکھ پاتا، وقت ہی نہیں ملتا۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ میرے خیال سے کھیل میں سیاست نہیں ہونی چاہیے اور ویرات کوہلی سے لے کر اسٹیو سمتھ اور جو روٹ سمیت تمام کھلاڑی ہماری فیملی ہے، ہم جب بھی ملتے ہیں تو اچھے طریقے سے ملتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگرد حملے میں 25 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سے بھارت کی جانب سے پاکستان پر بےبنیاد الزامات عائد کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

دریں اثنا بھارت میں محمد رضوان اور بابر اعظم سمیت متعدد کھلاڑیوں اور نامور پاکستانی فنکاروں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور مقبول ترین پاکستانی یوٹیوب چینلز کو بھی بلاک کردیا گیا ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain