تازہ تر ین

ای سی سی ڈسکوز کی ماہانہ کارکردگی کی نگرانی کا نظام نافذ کرنیکی منظوری

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ڈسکوز کی ماہانہ کارکردگی پر نگرانی کا نظام نافذ کرنے اور وزارت خزانہ سمیت مختلف وزارتوں کے لیے اربوں روپے کی ضمنی گرانٹس کی منظوری دے دی ہے.

تفصیلات کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو وفاقی وزیر خزانہ محمداورنگزیب کی زیرصدارت ہوا جس میں ایس این جی پی ایل کے لیے ضمانتوں میں جون 2026ء تک توسیع کی منظوری دی گئی ہے، یہ گارنٹیز ایل این جی کے لیے بینکوں سے حاصل کردہ 50 ارب کی رننگ فنانس سہولت کے تحت دی گئی ہے.

وزارت خزانہ کے مطابق بلوچستان کے27 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کیلیے 24.5 ارب جاری کرنیکی منظوری دی گئی جبکہ ای سی سی نے سولرائزیشن منصوبے کی مؤثر نگرانی کی ہدایت بھی کردی ہے.

کابینہ ڈویژن کیلئے 30 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، صادق پبلک سکول بہاولپورکی اپ گریڈیشن کیلئے 25 کروڑ روپے اور اقوام متحدہ امن مشن کیلئے پولیس یونٹ کو 10.9 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

فرنٹیئر کور شمال کیلئے 50 کروڑ روپے کے فنڈز، سیسنا طیارے کی مرمت کیلئے2.59 کروڑ روپے کے اجراء، مچنی ٹریننگ سنٹر خیبرپختونخوا کیلئے 23لاکھ روپے  اور 36 ان لینڈ ریونیو ٹریبونل بینچز کیلئے 55.68 کروڑ روپے منظور کئے گئے۔

 8.8 کروڑ پنکھوں کی تبدیلی پروگرام کیلئے 10.6 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

اجلاس میں ڈسکوز کی گورننس میں بہتری اور تمام بورڈز کی تشکیل نو مکمل کرنے کی سمری منظور کی گئی ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ سیپکو اور حیسکو کے بورڈز کی تشکیل کا عمل آخری مراحل میں ہے، اجلاس میں مختلف وزارتوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ منظور دی گئی ہے۔

وزارت خزانہ کے ترقیاتی اخراجات کیلیے اربوں روپے کے سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی گئی، ای سی سی نے وزارت پیٹرولیم کی طرف سے حاصل کیے گئے 50ارب روپے کے قرض کی گارنٹی میں توسیع کی منظوری بھی دیدی ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain