وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکار دشمن نے پاکستان کے 5 مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان بھارت کے مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کو اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
صدر مملکت کی جانب سے بھی بھارتی جارحیت کی شدید مذمت
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت اور سرحد پار شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔