یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ نے کہا ہے کہ بھارت-پاکستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے بدھ کے روز وارسا میں یورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس سے قبل صحافیوں کو بتایا کہ بھارت-پاکستان کی صورتحال بہت تشویشناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین دونوں ممالک کے درمیان مصالحت کی کوشش کر رہی ہے اور کشیدگی میں کمی کے لیے کوشاں ہے۔
بھارت نے بدھ کے روز پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کے کشمیر پر میزائل داغے جس کے جواب میں پاکستان نے کہا کہ اس نے پانچ بھارتی طیارے مار گرائے ہیں اور جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا۔
واضح رہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایہ ممالک کے درمیان دو دہائیوں سے زائد عرصے میں یہ بدترین لڑائی ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے گرائے اور ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا۔
بعد ازاں، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔