اسلام آباد:وفاقی حکومت نے معرکہ حق میں تاریخی کامیابی پر افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے 16 مئی بروز جمعہ کو یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق دن کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔
یوم تشکر کے موقع پر مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ پرچم کشائی کی تقریبات بھی تمام مرکزی مقامات پر منعقد کی جائیں گی۔
ملک بھر میں یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور شہداء آپریشن بنیان مرصوص کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں بھی کی جائیں گی۔
یوم تشکر کی مرکزی تقریب جمعہ کی شب پاکستان مونومنٹ، اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں وزیراعظم پاکستان مہمانِ خصوصی ہوں گے جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔