وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ محکموں میں کرپشن جاری ہے اور میرے ہوتے ہوئے کرپشن ہونا افسوسناک ہے، اس کے خاتمے کیلیے جامع کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیرصدارت چھ گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہوا جس میں ضلعی سالانہ ترقیاتی پروگرام پیش کیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 12- اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی خود منظوری دی جبکہ باقی ماندہ اضلاع کے ترقیاتی پروگرام،انسداد تجاوازت بیوٹی فیکیشن سے متعلق اجلاس کل (20مئی) دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں صوبے بھر کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی جبکہ اس اہم بیٹھک میں ڈسٹرکٹ میں بیوٹی فیکیشن اور انسداد تجاوزات آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی مجموعی پرفارمنس بہتر رہی مگر بہتری کی بہت گنجائش ہے، عوام میں ریلیف کا حقیقی احساس ہی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت بہت کم ہے اور عوام کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، محکمے کرپشن سے مکمل پاک نہیں ہو سکے، میرے ہوتے ہوئے کرپشن افسوس ناک ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری محکموں میں کرپشن کے خلاف جامع کریک ڈاؤن کرنا ہوگا۔ اس حوالے سے اراکین کو تجاویز دینے اور پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ تجاوزات کا خاتمہ اور صفائی کا معیار برقرار رکھنا بہت بڑا چیلنج ہے، حکومت نے کمشنر اور ڈی سی کو پرفارمنس کیلئے مکمل آزادی دی ہے اور کسی کو فیصلوں پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی اپنے اضلاع میں بہتر ی کی تعریف کرتے ہیں، پرفارمنس میں ہمارا مقابلہ کسی سابقہ حکومت سے نہیں۔ خود سے ہے۔