تازہ تر ین

بھارت جنگ چاہتا ہے تو جنگ ہی سہی:ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل تنازع اب بھی برقرار ہے، بھارت کو اگر جنگ چاہیے تو پھر جنگ ہی سہی، ہم جنگ کیلئے بھی تیار ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی جنگ محض بیوقوفی ہوگی، ایٹمی جنگ دونوں ممالک کے لیے باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے، ایٹمی جنگ ناقابل تصور اور نامعقول خیال ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت اپنے بیانیے کی وجہ سے آگ سے کھیل رہا ہے، بھارت ہر چند سال بعد ایک جھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے، دنیا بھی اب جان چکی ہے بھارت کا پہلے دن سے مؤقف بے بنیاد تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی  آر نے کہا کہ حالیہ دنوں کے حالات میں پاکستان نے بہت بالغ نظری سے ردعمل دیا، پاکستان نے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا۔

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم امن سے محبت کرتے ہیں، ہم امن کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اگر بھارت کو جنگ چاہیے، تو پھر جنگ سہی، ہم جنگ کے لیے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جس طریقے سے بات کر رہا ہے وہ اپنی داخلی سیاست کو بہتر کرنے کا طریقہ ہو سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہر چند سال بعد ایک چھوٹا بیانیہ گھڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست اور سفارتکاری پاک فوج کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اصل تنازع اب بھی کھڑا ہے، اصل مسئلے میں کسی وقت بھی چنگاڑی ڈالی جا سکتی ہے،  بھارت گھمنڈ کا شکار ہے، حالات کو دیکھیں، 10 مئی کے بعد کتنے دن گزر چکے ہیں مگر بھارت میں جو بیانیہ چلایا جا رہا ہے وہ اب بھی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت جس طرح بات کر رہا ہے وہ اپنی داخلی سیاست کو بہتر کرنے کی کوشش لگتی ہے، کیا آپ کو بھارت میں کسی ذمہ دار سیاسی قیادت کی جھلک دکھائی دیتی ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی حکومت میں کوئی بھی پہلگام واقعے سے متعلق سخت سوالات نہیں کر رہا، بھارتی حکومت میں کوئی یہ نہیں پوچھ رہا کہ اتنا بڑا سکیورٹی لیپس آخر کیسے ہوا؟ بھارت میں کسی کو ان واقعات کے پیچھے موجود وجوہات کو سمجھنے میں دلچسپی نہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت ان آوازوں کو سننے کو تیار نہیں جو ظلم و زیادتی کی بات کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کی درمیانی رات پاکستان نے بھارت کو نپا تلا، مربوط اور متناسب جواب دیا، یہ ایک محدود سطح پر ہماری روایتی فوجی طاقت کا استعمال تھا اور ہماری تکنیکی صلاحیت کا ایک چھوٹا لیکن نہایت مؤثر مظاہرہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد آپ نے دیکھا کہ بھارت نے پیچھے ہٹنا شروع کیا، اچانک بھارت بات چیت اور کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا اظہار کرنے لگا۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain