پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی آنے والی فلم ‘لو گرو‘ نے نیویارک کے مشہورِ زمانہ ٹائمز اسکوائر کے بل بورڈز پر اپنی جگہ بنا کر بین الاقوامی توجہ حاصل کر لی۔
اے آر وائی فلمز، سلمان اقبال فلمز اور سکس سگما پلس کے بینر تلے بننے والی یہ رومانوی کامیڈی فلم اس عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی ہے۔
ماہرہ اور ہمایوں کی فلم میں خاص بات یہ ہے کہ اس میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی ثقافت کا مزاحیہ امتزاج بھی شامل ہے جو اسے فلمی شائقین کیلئے ایک منفرد پروجیکٹ بنارہا ہے۔
اداکارہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید جو ایک دہائی کے بعد کسی فلم میں مرکزی کرداروں میں اکٹھے نظر آئیں گے اس وقت فلم کی عالمی تشہیر کے سلسلے میں امریکا میں موجود ہیں۔
دونوں اداکاروں کو ہیوسٹن، ڈیلس اور نیویارک میں بھی فلم کی تشہیر کرتے دیکھا گیا ہے جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہی ہیں۔
ٹائمز اسکوائر پر جلوہ افروزی
حال ہی میں ہمایوں سعید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے ایک ویڈیو مداحوں کیلئے شیئر کی جس میں انہیں نیویارک کے مصروف ترین مقام ٹائمز اسکوائر پر دیکھا گیا۔
اس ویڈیو میں ‘لو گرو‘ کا ٹریلر ٹائمز اسکوائر کے وسیع بل بورڈز پر چلتا ہوا نمایاں طور پر دکھائی دے رہا تھا اور اس موقع پر فلم کے مرکزی ستارے ماہرہ اور ہمایوں خود بھی وہاں موجود تھے۔
ہمایوں سعید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کو کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ‘ہم سے ملنے کے لیے آنے والے مداحوں اور نیویارک کا شکریہ۔
ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں سوشل میڈیا صارفین اور اداکار کے مداح انہیں فلم کی زبردست پروموشنز پر مبارکباد اور فلم کی کامیاب کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ یہ بل بورڈز پر فلم کی تشہیر پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دی جا رہی ہے کیونکہ ٹائمز اسکوائر دنیا بھر کے سیاحوں کا مرکز ہے اور یہاں روزانہ ہزاروں افراد کی آمد ہوتی ہے۔
ٹائمز اسکوائر کی بلند و بالا اسکرینز دنیا بھر سے آنے والے لوگوں کے لیے ایک نمایاں مقام رکھتی ہیں جہاں مشہور شخصیات اور مصنوعات کی تشہیر کی جاتی ہے بالکل اسی طرح جیسے دبئی کے برج خلیفہ پر ہوتا ہے۔
فلم لو گرو کے بارے میں
فلم ‘لو گُرو‘ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی تقریباً تین سال بعد بڑے پردے پر واپسی کا ذریعہ بنے گی۔
فلم کا ٹریلر اگرچہ کہانی کو مکمل طور پر واضح نہیں کرتا تاہم اسے دیکھنے کے بعد یہ اشارہ ملتا ہے کہ ہمایوں سعید فلم میں ایک دل پھینک عاشق کے کردار میں نظر آئیں گے جو بعد میں ماہرہ خان کے والد (جاوید شیخ) کی طرف سے ایک ذمہ داری ملنے کے بعد سچی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی شوٹنگ لندن میں کی گئی ہے جہاں ماہرہ خان کو ایک خوبصورت، بولڈ اور فنونِ لطیفہ سے دلچسپی رکھنے والی لڑکی کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
اس کے برعکس ہمایوں سعید کو لندن میں مختلف لڑکیوں کو محبت کے جال میں پھنسانے والے پلے بوائے کے کردار میں دکھایا گیا ہے۔
‘لو گُرو‘ کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے اس کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم بیگ نے سرانجام دیے ہیں اور اسے ہمایوں سعید سمیت دیگر پروڈیوسرز نے پروڈیوس کیا ہے۔
یہ فلم اے آر وائے فلمز کے بینر تلے ریلیز کی گئی ہے جس میں رومانس کے ساتھ ساتھ پشتون اور پنجابی تڑکے والا مزاح بھی شامل ہوگا۔