تازہ تر ین

نعمان اعجاز کی مویشی منڈی سیر، اداکار حیران و پریشان

 عید الاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں جانوروں کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں جس سے عام آدمی کے لیے سنت ابراہیمی ادا کرنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے۔

تاہم عام آدمی کی طرح پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ہر دلعزیز اداکار نعمان اعجاز بھی مہنگی کے بے قابو جن سے پریشان نظر آئے۔

مویشی منڈی میں بڑھتی ہوئے مہنگائی کی صورتحال پر معروف اداکار نعمان اعجاز نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری پوسٹ کرتے ہوئے طنزیہ تبصرہ کیا جس نے عوام کے جذبات کی بخوبی ترجمانی کردی۔

نعمان اعجاز نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر ایک مرغی کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘اس وقت اگر مویشی منڈی میں مرغی بھی کھڑی کردو تو بیوپاری اس کے بھی ایک لاکھ مانگ لیں گے‘۔

یہ تبصرہ مویشی منڈیوں میں بیوپاریوں کی جانب سے طلب کی جانے والی منہ مانگی قیمتوں پر براہ راست تنقید تھا جوکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف عوام کی بے بسی اور مایوسی کو بھی نمایاں کرتا ہے۔

نعمان کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی جانے والی اسٹوری دیکھتے ہی دیکھتے مداحوں میں مقبول ہوگئی جس کے کمنٹ سیکشن میں صارفین کی جانب سے اداکار  کی رائے سے اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے مہنگائی کی بپتا سنائی جارہی ہے۔

اسٹوری کے کمنٹ سیکشن میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ایک صارف کا کہنا تھا کہ ‘بالکل درست بات ہے ہر سال جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہوتی ہیں جن پر کوئی نظر ثانی کرنے والا نہیں ہے‘۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ ‘لگتا ہے نعمان بھائی بھی منڈی کا چکر لگاکر چکرا گئے ہیں‘ جبکہ ایک اور انسٹاگرام صارف نے اداکار کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ بالکل درسے فرمارہے ہیں اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے‘۔

عید الاضحیٰ

واضح رہے کہ عید الاضحیٰ دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہے جہاں وہ اپنی استطاعت کے مطابق سنت ابراہیمی کی ادائیگی کی کوشش کرتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے لوگ سالہا سال پیسے جمع کرتے ہیں، تاہم گزشتہ چند برسوں سے پاکستان بالخصوص کراچی کی مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ  عام آدمی کے لیے قربانی کا جانور خریدنا اب نہ صرف مشکل ہی نہیں بلکہ بسا اوقات ناممکن بھی ہوتا جا رہا ہے اور یوں  نعمان اعجاز کا یہ تبصرہ اس سنگین مسئلے کی عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ نعمان اعجاز کا شمار پاکستان کے سینئر اور انتہائی باصلاحیت اداکاروں میں ہوتا ہے وہ اپنی جاندار اداکاری اور گہرے کرداروں کو نبھانے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے ہیں۔

 ان کے مشہور ڈراموں میں ‘کیسی تیری خودغرضی’، ‘بسمل’، ‘سنگ ماہ’ اور ‘عبداللہ پور کا دیوداس‘ شامل ہیں جنہوں نے انہیں وسیع پیمانے پر عوامی  پذیرائی بخشی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain